پیر : 07 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]چین بنگلہ دیشں میں بجلی گھر تعمیر کرے گا[/pullquote]

چین اور بنگلہ دیش کے مابین تیرہ سو بیس میگاواٹ صلاحیت کے ایک بجلی گھر کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار میں تعمیر کیا جانے والا یہ بجلی گھر کوئلے کی مدد سے کام کرے گا اور ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس پر دو ارب ڈالر کے برابر لاگت آئے گی۔ بنگلہ دیشں سن دو ہزار اکیس تک ملک کے تمام حصوں میں بجلی فراہم کرنا چاہتا ہے۔ فی الحال بنگلہ دیش کے بیس فیصد عوام بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

[pullquote]جرمن حکومت میں شامل جماعتوں کے پارلیمانی دھڑوں کی قیادت کا اجلاس[/pullquote]

جرمنی کی موجودہ مخلوط حکومت میں شامل جماعتوں کے پارلیمانی دھڑوں کی قیادت کا ایک اجلاس آج پیر کو ’سُوگ شپِٹسے‘ میں ہو رہا ہے۔ ملک کے جنوب میں واقع Zugspitze جرمنی کا بلند ترین پہاڑی شہر ہے۔ اس اجلاس میں ملک میں نئی رہائشی سہولیات سے متعلق منصوبوں اور مہاجرین کے بارے میں میرکل حکومت کی پالیسیوں پر بھی مشورے کیے جائیں گے۔ اس مشاورت میں چانسلر میرکل کی کرسچن ڈیموکریٹک یونین اور اس کی ہم خیال جماعت کرسچن سوشل یونین کے مشترکہ پارلیمانی حزب کے سربراہ فولکر کاؤڈر، سوشل ڈیموکریٹک پارٹی کی آندریاز ناہلیس اور سی ایس یو کے سیاستدان آلیکسانڈر ڈوبرِنٹ حصہ لے رہے ہیں۔

[pullquote]آسٹریلیا میں کوآلا بیئر کی آبادی کے تحفظ کے لیے بڑا حکومتی منصوبہ[/pullquote]

آسٹریلیا کی حکومت وفاقی ریاست نیو ساؤتھ ویلز میں کوآلا جانوروں، جو کوآلا بیئر بھی کہلاتے ہیں، کی آبادی کے تحفظ کے لیے اٹھائیس ملین یورو سے زائد کے برابر مالی وسائل خرچ کرے گی۔ آسٹریلیا کی اس ریاست میں کوآلا کی مجموعی آبادی بہت کم ہو چکی ہے۔ ان رقوم سے نیو ساؤتھ ویلز میں کئی ایسے علاقے قائم کیے جائیں گے، جو کئی ہزار ہیکٹر رقبے پر پھیلے ہوئے ہوں گے اور جو کوآلا کے لیے افزائش نسل کی خاطر محفوظ خطے ہوں گے۔

[pullquote]چین بنگلہ دیشں میں بجلی گھر تعمیر کرے گا[/pullquote]

چین اور بنگلہ دیش کے مابین تیرہ سو بیس میگاواٹ صلاحیت کے ایک بجلی گھر کی تعمیر کا معاہدہ طے پا گیا ہے۔ بنگلہ دیش کے ضلع کاکس بازار میں تعمیر کیا جانے والا یہ بجلی گھر کوئلے کی مدد سے کام کرے گا اور ابتدائی تخمینوں کے مطابق اس پر دو ارب ڈالر کے برابر لاگت آئے گی۔ بنگلہ دیشں سن دو ہزار اکیس تک ملک کے تمام حصوں میں بجلی فراہم کرنا چاہتا ہے۔ فی الحال بنگلہ دیش کے بیس فیصد عوام بجلی کی سہولت سے محروم ہیں۔

[pullquote]یمن میں صدارتی محل پر فضائی حملے میں چھ افراد ہلاک، تیس زخمی[/pullquote]

سعودی عسکری اتحاد نے یمنی دارالحکومت صنعاء میں صدارتی محل کی عمارت پر بمباری کی ہے، جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک اور تیس کے قریب زخمی ہو گئے۔ یہ عمارت ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں کے زیر قبضہ ہے۔ ابھی تک باغیوں نے اس حوالے کوئی بیان جاری نہیں کیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں عام شہری بھی شامل ہیں۔ تاحال یہ بھی واضح نہیں کہ آیا اس حملے میں حوثی باغیوں کا کوئی لیڈر بھی مارا گیا ہے۔

[pullquote]بحیرہ جنوبی چین میں امن و آزادی ضروری ہیں، چینی وزیر اعظم[/pullquote]

چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ کے مطابق بحیرہ جنوبی چین میں امن اور استحکام ضروری ہیں۔ انڈونیشیا کے دورے پر گئے ہوئے چینی سربراہ حکومت کا کہنا تھا کہ وہ اس مقصد کے لیے آسیان ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنا چاہتے ہیں۔ اس دورے سے پہلے چینی وزیر اعظم نے کہا تھا کہ وہ انڈونیشیا کے ساتھ مل کر بین الاقوامی تعلقات کو ایک ایسی شکل دینا چاہتے ہیں، جس کی بنیاد انصاف، احترام اور سب کے لیے کامیابی پر رکھی جائے گی۔

[pullquote]ایران کے حوالے سے صدر اسد کو اسرائیلی وزیر کی دھمکی[/pullquote]

اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ کے وزیر نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ایران نے شامی سرزمین استعمال کرتے ہوئے اسرائیل پر حملے کیے تو اسرائیل شامی صدر بشار الاسد کو ہلاک اور ان کی حکومت کو گرا سکتا ہے۔ اسرائیلی وزیر برائے توانائی کا ملکی وائی نیٹ نیوز سے بات چیت میں کہنا تھا کہ ’ابھی تک اسرائیل شام کی خانہ جنگی میں ملوث نہیں‘ ہوا لیکن اسرائیل کو ایرانی سرگرمیوں کے حوالے سے تشویش ہے۔

[pullquote]ولادیمیر پوٹن نے چوتھی مرتبہ بطور روسی صدر حلف اٹھا لیا[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے آج پیر کے روز اپنے عہدے کی چوتھی مدت کے لیے حلف اٹھا لیا۔ اس موقع پر پوٹن کا کہنا تھا کہ ان کی زندگی کا مقصد صرف اور صرف روس ہے۔ دو ماہ قبل مارچ کے متنازعہ انتخابات میں انہوں نے ریکارڈ 76.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی تقریب حلف برداری میں قریب پانچ ہزار مہمان مدعو تھے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن گزشتہ اٹھارہ برسوں سے اقتدار میں ہیں۔

[pullquote]بھارت میں جنسی زیادتی کے بعد ایک اور لڑکی جلا دی گئی[/pullquote]

بھارت میں ایک اور لڑکی کو، جس کی عمر سترہ سال ہے، جنسی زیادتی کے بعد آگ لگا دی گئی۔ اس نابالغ لڑکی کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے ایک انیس سالہ مشتبہ نوجوان کو حراست میں لے لیا ہے۔ حالیہ دنوں میں بھارت میں پیش آنے والا یہ اپنی نوعیت کا دوسرا واقعہ ہے۔ یہ واقعہ بھی ریاست جھاڑ کھنڈ میں پیش آیا تھا، جہاں چند روز قبل ایک سولہ سالہ لڑکی کو جنسی زیادتی کے بعد آگ لگا دی گئی تھی۔

[pullquote]عالمی جوہری معاہدہ، امریکا دستبردار ہونے سے خبردار رہے، ایران[/pullquote]

ایران کے اعتدال پسند صدر حسن روحانی نے امریکا کو عالمی جوہری معاہدے سے دستبردار ہونے سے خبردار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ایسا کرنے کی صورت میں امریکا اس قدر پچھتائے گا، جس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی۔ قبل ازیں فرانسیسی صدر ایمانوئل ماکروں نے بھی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے کہا تھا کہ وہ ایران کے ساتھ ہونے والے عالمی جوہری معاہدے سے باہر نہ نکلیں۔ ان کے مطابق اس پیش رفت کا نتیجہ جنگ کی صورت میں بھی نکل سکتا ہے۔ ٹرمپ آئندہ چند روز میں ہی ایران سے متعلق فیصلہ کرنے والے ہیں۔

[pullquote]روسی صدر پوٹن چوتھی مدت کے لیے حلف اٹھائیں گے[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن آج اپنی چوتھی مدت کے لیے حلف اٹھائیں گے۔ مارچ کے متنازعہ انتخابات میں انہوں نے ریکارڈ 76.7 فیصد ووٹوں کے ساتھ کامیابی حاصل کی تھی۔ ان کی تقریب حلف برداری میں تقریبا پانچ ہزار افراد کو مدعو کیا گیا ہے۔ روسی صدر ولادیمیر پوٹن گزشتہ اٹھارہ برسوں سے اقتدار میں ہیں۔ پروٹوکول کے مطابق نئے حلف سے قبل پوٹن کی موجودہ حکومت مستعفی ہو جائے گی۔ امید کی جا رہی ہے کہ دیمتری میدیودیف کو دوبارہ وزارت عظمیٰ کے لیے نامزد کیا جائے گا۔

[pullquote]روہنگیا بحران ’نسل کُشی‘ ہے، او آئی سی[/pullquote]

اسلامی تعاون کی تنظیم (او آئی سی) نے میانمار میں روہنگیا مسلمانوں کے ساتھ ہونے والے سلوک کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ مسلم ممالک کی اس تنظیم کے بنگلہ دیش میں ہونے والے دو روزہ اجلاس میں روہنگیا بحران کو نسل کشی بھی قرار دیا گیا ہے۔ اجلاس کے بعد جاری کردہ بیان میں بین الاقوامی برادری سے یہ بحران حل کرنے میں مدد فراہم کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔ جاری ہونے والے اعلامیے کے مطابق اقوام متحدہ کے ساتھ مل کر یہ مسئلہ ہر بین الاقوامی فورم پر اٹھایا جائے گا۔

[pullquote]روسی اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو رہا کر دیا گیا[/pullquote]

روس کے اپوزیشن رہنما الیکسی ناوالنی کو رہا کر دیا گیا ہے۔ انہیں اور دیگر تقریبا سولہ سو افراد کو گزشتہ روز پوٹن مخالف ہونے والے ملک گیر احتجاجی مظاہروں کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ گزشتہ روز روسی پولیس کی جانب سے مظاہرین کے خلاف طاقت کے استعمال کو یورپی یونین نے بھی شدید تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ یورپی یونین کے برسلز سے جاری کردہ بیان کے مطابق ہزاروں مظاہرین کی گرفتاری اور تشدد سے روس میں آزادی اظہار کے بنیادی حق کو خطرات لاحق ہیں۔

[pullquote]لبنان انتخابات: حزب اللہ سیاسی اتحاد نے نصف سے زائد سیٹیں حاصل کر لیں، غیر حتمی نتائج[/pullquote]

غیر سرکاری اور غیر حتمی ابتدائی نتائج کے مطابق لبنان میں ایرانی حمایت یافتہ حزب اللہ اور ان کی سیاسی اتحادی جماعتوں نے ایک سو اٹھائیس رکنی پارلیمان میں نصف سے زائد نشستیں حاصل کر لی ہیں۔ حتمی نتائج اگر ایسے ہی رہتے ہیں تو اس ملک میں حزب اللہ کی طاقت میں مزید اضافہ ہو جائے گا۔ غیر سرکاری نتائج کے مطابق سعودی اور مغربی حمایت یافتہ سعد الحریری بھی سب سے بڑا پارلیمانی بلاک بنانے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ اس عرب ملک میں گزشتہ روز ووٹنگ ہوئی تھی۔ لبنان میں آخری مرتبہ انتخابات کا انعقاد سن دو ہزار نو میں ہوا تھا۔

[pullquote]افغانستان: طالبان کا پولیس پر حملہ، پانچ افسران ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں پولیس اہلکاروں پر ہونے والے ایک حملے کے نتیجے میں کم از کم پانچ افسران ہلاک ہو گئے ہیں۔ جنوبی صوبے قندہار میں کیے گئے طالبان کے اس حملے میں کم از کم نو پولیس اہلکار زخمی بھی ہوئے ہیں۔ صوبائی ترجمان ضیا درانی نے اس جھڑپ میں پندرہ افغان طالبان کو بھی ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ طالبان کے ترجمان قاری یوسف احمد نے پولیس اہلکاروں پر حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]تیونس، علاقائی انتخابات میں اسلامی جماعت کی جیت[/pullquote]

تیونس میں ہونے والے علاقائی انتخابات میں قدامت پسند اسلامی جماعت النہضہ نے کامیابی حاصل کر لی ہے۔ سن دو ہزار گیارہ میں عرب بہار کے بعد تیونس میں ہونے والے یہ پہلے بلدیاتی انتخابات تھے۔ فلسفی اور مبلغ راشد الغنوشی کی جماعت النہضہ کو ستائیس اعشاریہ پانچ فیصد ووٹ حاصل ہوئے ہیں جبکہ حکمران جماعت کو ملنے والے ووٹوں کی تعداد بائیس عشاریہ پانچ فیصد ہے۔ باقاعدہ سرکاری سطح پر ان نتائج کا اعلان آئندہ چند روز میں کیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے