بدھ: 09 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شمالی کوریا میں مقید تین امریکی رہائی کے بعد امریکا روانہ[/pullquote]

شمالی کوریا میں قید تین امریکی شہری رہائی کے بعد اس کمیونسٹ ملک سے نکل گئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ ان امریکیوں کا استقبال کرنے کی خاطر واشنگٹن کے ایئر پورٹ جائیں گے۔ ٹرمپ نے اپنی ایک ٹوئٹ میں اس رہائی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ ٹرمپ نے شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان سے ملاقات سے قبل ان امریکیوں کی رہائی کو ایک اہم پیشرفت قرار دیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ امریکی شہری وزیر خارجہ مائیک پومپیو کے ہمراہ ایک طیارے سے آج رات امریکا پہنچیں گے۔

[pullquote]ایران کو دھمکایا نہیں جا سکتا، ایرانی وزیر خارجہ[/pullquote]

ایرانی وزیر دفاع امیر حاتمی نے کہا ہے کہ کوئی غیر ملکی طاقت تہران حکومت کو دھمکا نہیں سکتی ہے۔ حاتمی نے اپنے بیان میں عراق اور شام میں ایرانی فوج کی تازہ کامیابیوں کا ذکر کرتے ہوئے مزید کہا کہ موجودہ حالات میں ایران کو عسکری طور پر ڈرایا نہیں جا سکتا۔ انہوں نے یہ بیان امریکا کی طرف سے جوہری ڈیل سے دستبرداری کے بعد دیا ہے۔ قبل ازیں بدھ کے دن ہی ایرانی سپریم رہنما آیت اللہ علی خامنہ ای نے بھی اس امریکی اقدام کو غلطی قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایران کسی سے خوفزدہ نہیں ہے۔ ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ کسی جوابی ردعمل سے پہلے اس ڈیل کے دیگر فریق ممالک سے مشاورت کی جائے گی۔

[pullquote]ملائیشیا میں الیکشن، ابتدائی نتائج کے مطابق رزاق کا سیاسی اتحاد معمولی برتری میں[/pullquote]

ملائیشیا بدھ کے دن منعقد کیے جانے والے پارلیمانی انتخابات کے ابتدائی نتائج کے مطابق وزیر اعظم نجیب رزاق کے حکمران سیاسی اتحاد ’بی این‘ کو معمولی برتری حاصل ہے۔ اس مرتبہ رزاق کے مقابل اپوزیشن پارٹی کی قیادت سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کر رہے ہیں۔ عوامی جائزوں کے مطابق رزاق کا سیاسی اتحاد حکومت سازی کے لیے اکثریت حاصل کر لے گا۔الیکشن کمیشن کے مطابق آئندہ بدھ کی شام تک غیر سرکاری نتائج سامنے آ جائیں گے۔ مہاتیر ہی موجودہ وزیر اعظم نجیب رزاق کے ’سیاسی استاد‘ ہیں اور ایک وقت تھا، جب ملکی سیاست میں ان کا کردار ناگزیر قرار دیا جاتا تھا۔

[pullquote]شام میں اسرائیل کا مبینہ حملہ ، پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]

شام میں منگل کے دن کیے گئے ایک مبینہ اسرائیلی فضائی حملے کے نتیجے میں پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس نے بدھ کے دن بتایا ہے کہ ہلاک شدگان میں آٹھ ایرانی بھی شامل ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اس کارروائی میں دمشق کے جنوب میں واقع ایک ایرانی فوجی تنصیب کو ہدف بنایا گیا۔ اسرائیلی نے اس حملے کے بارے میں کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے تاہم ماضی میں بھی الزامات عائد کیے جاتے رہیں کہ اسرائیل شام میں حملے کرتا رہا ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں خاتون کو سنگسار کر دیا گیا[/pullquote]

صومالیہ میں شدت پسند گروہ الشباب کے جنگجوؤں نے ایک خاتون کو سنگسار کر دیا ہے۔ روئٹرز نے عینی شاہدین کے حوالے سے بتایا ہے کہ زیریں شبیلی خطے میں اس خاتون کی سنگساری کو دیکھنے کی خاطر درجنوں افراد موجود تھے۔ اس تیس سالہ خاتون کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ اس کے گیارہ شوہر تھے۔ الشباب نامی انتہا پسند گروہ صومالیہ میں اسلامی قوانین کے نفاذ کی خاطر مسلح بغاوت جاری رکھے ہوئے ہیں۔

[pullquote]بھارت میں بم دھماکا، دو سپاہی ہلاک[/pullquote]

بھارتی ریاست منی پور میں ایک بم دھماکے کے نتیجے میں بھارتی پیرا ملٹری کے دو اہلکار مارے گئے ہیں۔ حکام نے بدھ کے دن بتایا کہ یہ کارروائی منی پور کے دارالحکومت امفال میں واقع نیم فوجی دستوں کے صدر دفتر کے نزدیک کی گئی۔ کسی گروہ نے فوری طور پر اس حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔ میانمار سے متصل اس بھارتی ریاست میں متعدد باغی گروہ فعال ہیں۔

[pullquote]ایرانی جوہری معاہدے سے دستبرداری، امریکا ناکام رہے گا، ترکی[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایرانی عالمی جوہری معاہدے سے دستبرداری کے بعد امریکا ہی ناکام ہوگا۔ ٹی آر ٹی سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ یہ امریکا ہے، جو اس عالمی معاہدے کی خلاف ورزی کر رہا ہے۔ دوسری جانب عراق نے بھی اس امریکی فیصلے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف تین اہم ممالک متفق[/pullquote]

سن دو ہزار پندرہ کے بعد ہونے والے پہلے سہ فریقی مذاکرات میں چین، جاپان اور جنوبی کوریا نے شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خلاف اتفاق کر لیا ہے۔ یہ تینوں ممالک مل کر شمالی کوریا کو جوہری ہتھیار حاصل کرنے سے روکیں گے۔ جاپانی شہر ٹوکیو میں ہونے والے اس سہ فریقی اجلاس میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے، جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن اور چینی وزیر اعظم لی کیچیانگ شامل تھے۔ ایک جاپانی عہدیدار کے مطابق اس ملاقات میں ایک آزاد تجارتی معاہدہ کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا، جس کا مقصد علاقائی سطح پر اور جنوب مشرقی ایشیائی اقوام کے ساتھ بھی تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ کرنا ہے۔

[pullquote]جرمنی میں جرائم کی شرح تیس برسوں میں نچلی ترین سطح پر[/pullquote]

جرمنی میں جرائم کی شرح میں واضح کمی ہوئی ہے۔ جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر کے مطابق جرمنی اب ماضی کے مقابلے میں ’زیادہ محفوظ‘ ہے۔ سن دو ہزار سترہ میں قریب پانچ اعشاریہ آٹھ ملین جرائم کا ارتکاب کیا گیا، جو سن انیس سو بانوے کے بعد سے کم ترین تعداد ہے۔ اسی شرح کو آبادی کے لحاظ سے دیکھا جائے، تو یہ گزشتہ تیس برسوں کی کم ترین شرح ہے۔ دوسری جانب اس وقت چوالیس فیصد جرمن باشندے چار برس پہلے کے مقابلے میں خود کو کم محفوظ محسوس کرتے ہیں۔ اس کی وجوہات دہشت گردی کے حالیہ واقعات اور مہاجرین کی آمد بتائی گئی ہیں۔

[pullquote]انڈونیشیا: جیل میں پولیس اور عسکریت پسندوں کے مابین جھڑپ، چھ افراد ہلاک[/pullquote]

انڈونیشیا کی ایک جیل میں پولیس اور عسکریت پسندوں کے مابین ایک جھڑپ کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ دارالحکومت جکارتہ کے مضافات میں واقع اس جیل کی سکیورٹی انتہائی سخت ہے اور وہاں ہائی پروفائل مجرمان کو رکھا جاتا ہے۔ انسداد دہشت گردی کی ایجنسی کے ایک عہدیدار نے بھی چھ افراد کی ہلاکت کی تصدیق کر دی ہے۔ قبل ازیں یہ کہا گیا تھا کہ قیدیوں کے ساتھ مذاکرات جاری ہیں۔ فی الحال ہلاک ہونے والوں سے متعلق تفصیلات فراہم نہیں کی گئیں۔

[pullquote]فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ ایرانی نمائندوں سے ملاقات کریں گے[/pullquote]

فرانس، جرمنی اور برطانیہ کے وزرائے خارجہ آئندہ ہفتے ایرانی نمائندگان سے ملاقات کریں گے۔ اس ملاقات میں امریکا کے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے نکل جانے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر غور کیا جائے گا۔ دوسری جانب فرانسیسی صدر ایمانویل ماکروں آج ہی ایرانی صدر حسن روحانی سے ٹیلی فون پر بات چیت کریں گے۔ دریں اثناء روس نے کہا ہے کہ امریکی فیصلے کے برعکس وہ ایرانی جوہری معاہدے پر کاربند رہے گا۔ اس حوالے سے جرمنی اور روسی وزرائے خارجہ بھی ایک ملاقات کرنے والے ہیں۔

[pullquote]کابل کے پولیس اسٹیشنوں پر خودکش حملے[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے دو پولیس اسٹیشنوں کو خودکش بمباروں اور مسلح افراد نے منظم طریقے سے نشانہ بنایا ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کے مطابق حملہ آوروں اور پولیس اہلکاروں کے مابین ابھی تک لڑائی جاری ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ایک ساتھ چار خودکش حملے کیے گئے ہیں۔ حالیہ کچھ عرصے کے دوران سخت سکیورٹی کے حصار میں واقع کابل میں ہونے والے بم دھماکوں میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]ملائیشیا میں عام انتخابات، ووٹنگ کا سلسلہ جاری[/pullquote]

ملائیشیا میں آج بدھ کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جا رہا ہے اور ووٹنگ کا سلسلہ مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے سے جاری ہے۔ ان انتخابات میں ملائیشیا کے سابق وزیر اعظم مہاتیر محمد کا مقابلہ برسراقتدار سیاسی اتحاد کے رہنما نجیب رزاق سے ہے۔ وزیر اعظم نجیب رزاق کو اپنے خلاف کرپشن کے الزامات کا سامنا بھی ہے۔ ان انتخابات میں حصہ لینے والے اہل ووٹروں کی تعداد قریب پندرہ ملین ہے۔ ملکی الیکشن کمیشن کے اندازوں کے مطابق الیکشن میں ووٹروں کی شرکت کی شرح پچاسی فیصد تک ہو سکتی ہے۔

[pullquote]ایران کے ساتھ جوہری معاہدہ برقرار رکھنا چاہتے ہیں، یورپی یونین[/pullquote]

صدر ٹرمپ کے ایران کے ساتھ عالمی جوہری معاہدے سے امریکی انخلا کے اعلان کے بعد یورپی یونین نے کہا ہے کہ وہ اس معاہدے پر کاربند رہنا چاہتی ہے۔ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کل منگل کو یکطرفہ اعلان کر دیا تھا کہ امریکا اس ڈیل سے نکل رہا ہے۔ یورپی یونین کی خارجہ امور کی سربراہ فیدیریکا موگیرینی نے ایران سے اپیل کی ہے کہ وہ بھی امریکی انخلا کے باوجود اس معاہدے پر کاربند رہے۔ موگیرینی کا کہنا تھا کہ ایرانی جوہری پروگرام سے متعلق عالمی طاقتوں کا تہران کے ساتھ یہ معاہدہ بارہ برسوں کی سفارت کاری کا نچوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ معاہدہ سب کا ہے اور کسی ایک کو اسے ختم کرنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ موگیرینی نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ مل کر اس معاہدے کو برقرار رکھنے کا عندیہ بھی دیا۔ جرمنی، فرانس اور برطانیہ بھی اس معاہدے کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

[pullquote]تہران کی جوہری معاہدے میں شامل دیگر ممالک سے مذاکرات کی خواہش[/pullquote]

صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی طرف سے ایرانی جوہری معاہدے سے امریکی دستبرداری کے اعلان کے بعد ایران اس ڈیل میں شامل دیگر ممالک سے مذاکرات کرنا چاہتا ہے۔ ان ممالک میں جرمنی، فرانس، برطانیہ، روس اور چین شامل ہیں۔ ایرانی صدر حسن روحانی نے یورینیم کی افزودگی کو دوبارہ فروغ دینے کی دھمکی بھی دی ہے۔ صدر روحانی کے مطابق امریکی صدر ٹرمپ تہران کے خلاف متعدد مرتبہ ’دشمنی اور نفرت‘ کا اظہار کر چکے ہیں۔ روحانی یہ بھی کہہ چکے ہیں کہ ایران کے لیے یورپی یونین کا ردعمل ٹرمپ کے اعلان سے کہیں زیادہ اہم ہے۔

[pullquote]اب جرمنی کمپنیاں ایران سے اپنا سرمایہ نکال لیں، امریکی مطالبہ[/pullquote]

امریکا نے ایرانی جوہری معاہدے سے اپنے انخلا کے بعد ایران میں سرگرم جرمن کمپنیوں کو خبردار کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اب ایران سے اپنا سرمایہ نکال لیں۔ برلن میں تعینات امریکی سفیر رچرڈ گرینل کے مطابق جرمن اداروں کو فوری طور پر ایران میں اپنی سرگرمیاں معطل کر دینا چاہییں۔ ادھر امریکی صدر کے قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف امریکی پابندیاں دوبارہ نافذ ہو چکی ہیں اور ایران میں کام کرنے والے غیرملکی اداروں کے پاس صرف چند ماہ کا وقت ہے کہ وہ وہاں اپنے کاروبار بند کر دیں۔

[pullquote]اسرائیلی وزیر اعظم روس کے اہم دورے پر روانہ ہو گئے[/pullquote]

اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو صدر ولادیمیر پوٹن سے ملاقات کے لیے روس روانہ ہو گئے ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم شام کی صورتحال کی وجہ سے حالیہ چند مہینوں میں متعدد مرتبہ صدر پوٹن سے ملاقاتیں اور ٹیلی فون پر گفتگو کر چکے ہیں۔ اسرائیل شام میں ایران کے کردار کے حوالے سے بھی تحفظات رکھتا ہے۔ روس روانگی سے قبل نیتن یاہو کا کہنا تھا کہ ان کی پوٹن سے ہر ملاقات اہم ہوتی ہے لیکن یہ خاص طور پر اہم ہے۔ روس اور اسرائیل نے شام میں کسی حادثاتی جھڑپ سے بچنے کے لیے ایک ہاٹ لائن بھی قائم کر رکھی ہے۔

[pullquote]جرمن پولیس کی طرف سے چھاپے، انسانوں کے تین مشتبہ اسمگلر گرفتار[/pullquote]

تقریباﹰ آٹھ سو جرمن پولیس اہلکاروں نے انسانوں کے اسمگلروں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے تین جرمن صوبوں میں ایک ساتھ چھاپے مارے۔ منگل کی صبح مارے گئے ان چھاپوں کے دوران تین مشتبہ ملزمان کو گرفتار کر لیا گیا۔ ان میں سے دو جرمن جبکہ ایک روسی شہری ہے۔ ان پر مشرقی یورپی ملک مالدووا کے شہریوں کو رومانیہ کے جعلی پاسپورٹس پر اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک میں آسڑیا کی ایک سکیورٹی فرم کے وہ پانچ افراد بھی شامل ہیں، جو ایسے افراد کو بطور سکیورٹی گارڈز ملازمتیں فراہم کرتے تھے۔ پولیس گزشتہ اکتوبر سے اس بارے میں غیر اعلانیہ تفتیش جاری رکھے ہوئے تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے