جمعہ : 11 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان میں حملے، اکتالیس سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان صوبے فراہ میں متعدد پرتشدد واقعات میں اکتالیس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ باغیوں نے اس صوبے کے چار مختلف مقامات پر حملے کیے، جن میں صوبائی دارالحکومت بھی شامل ہے۔ دوسری طرف صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق ان حملوں میں پندرہ سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ دس زخمی ہوئے ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ اب تمام مقامات پر جنگجوؤں کے حملوں کو ناکام بنایا جا چکا ہے۔ ان جھڑپوں کے نتیجے میں بیس طالبان جنگجو بھی لقمہ اجل بنے۔ کسی گروہ نے ان حملوں کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے۔

[pullquote]غزہ پٹی میں تازہ تشدد، ایک فلسطینی زخمی[/pullquote]

اسرائیلی فائرنگ کی وجہ سے ایک فلسطینی زخمی ہو گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ گزشتہ چھ ہفتوں سے جاری مظاہروں کے سلسلے میں آج بروز جمعہ بھی فلسطینی مظاہرین اسرائیل اور غزہ پٹی کی سرحد پر احتجاج کریں گے۔ ان مظاہروں کے نتیجے میں اب تک کم ازکم 43 فلسطینی ہلاک جبکہ درجنوں زخمی ہو چکے ہیں۔ سن انیس سو اڑتالیس میں اسرائیل کے قیام کے نتیجے میں بے گھر ہونے والے ہزاروں فلسطینیوں کے لیے ان احتجاجی مظاہروں کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔ مظاہروں کا یہ سلسلہ پندرہ مئی تک جاری رہے گا۔

[pullquote]میرکل اور پوٹن عالمی جوہری ڈیل کو بچانے پر متفق[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن اور جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے اتفاق کیا ہے کہ امریکا کی دستبرداری کے باوجود وہ ایران کی عالمی جوہری ڈیل کو بچانے کی کوشش کریں گے۔ کریملن نے جمعے کے دن بتایا کہ ان دونوں رہنماؤں نے ٹیلی فون پر گفتگو میں سن دو ہزار پندرہ میں طے پانے والی اس ڈیل کے مستقبل پر تبادلہ خیال کیا۔ پوٹن اور میرکل نے زور دیا ہے کہ عالمی اور علاقائی امن کی خاطر اس ڈیل پر کاربند رہنا ناگزیر ہے۔

[pullquote]نصف سے زائد برطانوی عوام مہاجرین کے حامی[/pullquote]

ایک تازہ تحقیقی جائزے کے مطابق برطانوی عوام میں مہاجرین کے ساتھ ہمدردانہ جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ نصف سے زائد برطانوی عوام کی رائے میں برطانوی حکومت کو مہاجرین کی مدد کے لیے مزید اقدامات کرنا چاہییں۔ اس جائزے کے مطابق اڑتیس فیصد برطانوی شہریوں کی رائے میں لندن حکومت مہاجرین کی مدد کے لیے مناسب اقدامات نہیں کر رہی جبکہ باون فیصد کے مطابق برطانوی حکومت کو اس ضمن میں مزید اقدامات کرنا چاہییں۔ یورپی یونین کے شماریاتی ادارے یورو اسٹیٹ کے مطابق سن 2017 میں اٹھائیس ممالک پر مشتمل اس بلاک نے نصف ملین سے زائد مہاجرین کو پناہ دی تھی، جن میں سے ساٹھ فیصد کو جرمنی میں پناہ ملی۔

[pullquote]ہانگ کانگ میں دوسری عالمی جنگ کا بم ناکارہ بنا دیا گیا[/pullquote]

ہانگ کانگ میں دوسری عالمی جنگ کے زمانے کے ایک بم کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا ہے کہ وان چائی ڈسٹرکٹ میں ایک تعمیراتی منصوبے کے دوران برآمد ہونے والے اس بم کو جمعے کے دن ضائع کر دیا گیا۔ حکام نے بتایا ہے کہ ایک ہزار پونڈ وزنی یہ امریکی بم، جب پھینکا گیا تھا تو پھٹ نہیں سکا تھا۔ مقامی میڈٰیا کے مطابق اس کارروائی کے دوران قریبی علاقوں سے شہریوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

[pullquote]اسرائیلی اہداف کو نشانہ نہیں بنایا، ایران[/pullquote]

ایران نے گولان کے پہاڑی علاقے میں میزائل حملے کے الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔ اسرائیل نے اس مبینہ حملے کے جواب میں جعمرات کو شام میں ایرانی فوجی تنصیبات پر حملہ کر دیا تھا۔ اس پیشرفت کے نتیجے میں خطے میں ایک نئی کشیدگی پیدا ہو چکی ہے۔ اس صورتحال میں ایران اور اسرائیل کے مابین براہ راست عسکری تصادم کا خطرہ بھی پیدا ہو چکا ہے۔ تہران حکومت نے شام میں اپنی فوجی تنصیبات پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی برادری کو اس ’جارحیت‘ کی مذمت کرنا چاہیے۔ تاہم اسرائیل کا کہنا ہے کہ اس نے یہ کارروئی جوابی طور پر کی ہے۔

[pullquote]ٹرمپ اور کم کی سمٹ، چین اور جنوبی کوریا کا خیر مقدم[/pullquote]

چین اور جنوبی کوریا نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور شمالی کوریائی رہنما کم جونگ ان کی مجوزہ سمٹ کو خوش آئند قرار دیا ہے۔ امریکی اور شمالی کوریائی رہنما بارہ جون کو سنگاپور میں ایک سمٹ میں شریک ہوں گے۔ کمیونسٹ کوریا کے اتحادی چین نے اس سمٹ کو ایک اہم قدم قرار دیا ہے۔ ادھر جنوبی کوریا نے بھی اس سمٹ کی تاریخ اور جگہ کے طے ہونے پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ جنوبی کوریائی صدر کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سیول امید کرتا ہے کہ یہ ملاقات جزیرہ نما کوریا میں استحکام اور اس خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔

[pullquote]آسٹریلیا کے سیاحتی مقام سے گولیوں سے چھلنی سات لاشیں برآمد[/pullquote]

آسٹریلیا میں ایک سیاحتی مقام سے سات افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں ہیں۔ مغربی آسٹریلیا کے ٹاؤن دریائے مارگریٹ کے کنارے Osmington (اوسمنگٹن) سے ملنے والی لاشوں کے جسموں پر گولیوں کے نشانات ہیں۔ پولیس نے بتایا ہے کہ ملک کی تاریخ میں بائیس سال بعد پہلی مرتبہ کسی ایک واقعے میں اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کو گولیاں مار کر ہلاک کیا گیا ہے۔ ہلاک شدگان میں تین بالغ اور چار بچے شامل ہیں۔ اس شوٹنگ کے محرکات معلوم نہیں ہو سکے تاہم چھان بین کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]ترکی میں مزید تین سو مشتبہ افراد کی گرفتاری کا حکم[/pullquote]

ترک استغاثہ نے تین سو مشتبہ افراد کی گرفتاری کا حکم دے دیا ہے۔ جمعے کے دن بتایا گیا ہے کہ سن دو ہزار سولہ کی ناکام فوجی بغاوت کی چھان بین کے سلسلے میں ان گرفتاریوں کا حکم دیا گیا ہے۔ انقرہ کا الزام ہے کہ اس ناکام بغاوت کے پیچھے امریکا میں مقیم ترک مذہبی رہنما فتح اللہ گولن کی تحریک کارفرما تھی۔ نیوز ایجنسی انادولو کے مطابق جن افراد کو گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا ہے، ان میں سے دو سو گیارہ فوجی اہلکار ہیں۔

[pullquote]کینیا میں سیلابی ریلے،کم از کم 47 افراد ہلاک[/pullquote]

کینیا میں سیلابی ریلوں کی زد میں آ کر درجنوں افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا ہے کہ مسلسل بارش کے نتیجے میں ناکورو کاؤنٹی میں واقع ایک ڈیم کی دیوار میں چھید ہو گیا، جس کے باعث قریبی نشیبی علاقہ زیر آب آ گیا۔ بتایا گیا ہے کہ ہفتوں سے جاری شدید بارش کے باعث پاٹل ڈیم بدھ کی رات ٹوٹا، جس کے باعث تباہی پھیلی۔ مقامی حکام نے جمعے کے دن بتایا کہ امدادی کاموں کا سلسلہ جاری ہے۔ خدشہ ہے کہ اس حادثے کے باعث کم ازکم 47 افراد لقمہ اجل بنے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ہے۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا وائرس سے ایک شخص ہلاک[/pullquote]

عوامی جمہوریہ کانگو میں ایبولا وائرس کے باعث پہلی ہلاکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ طبی حکام نے بتایا ہے کہ شک ہے کہ دیگر نو افراد بھی اس موذی وائرس میں مبتلا ہو چکے ہیں۔ وزرات صحت نے اس افریقی ملک کے شمال مغربی علاقوں میں ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا ہے۔ ادھر نائیجیریا کے امیگریشن حکام نے بتایا ہے کہ کانگو سے آنے والی پروازوں کی اسکریننگ شروع کر دی گئی ہے اور لوگوں کے ٹیسٹ کیے جا رہے ہیں۔ کانگو کے ہمسایہ ممالک نے بھی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا اعلان کیا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کا حملہ، کم ازکم سات افراد ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں طالبان باغیوں کے ایک حملے میں کم ازکم سات افراد ہلاک جبکہ چار زخمی ہو گئے ہیں۔ حکام نے جمعے کے دن بتایا ہے کہ فراہ صوبے میں جمعرات کی رات جنگجوؤں نے اچانک ایک سکیورٹی چیک پوائنٹ پر حملہ کر دیا، جس کے نتیجے میں مسلح جھڑپ شروع ہو گئی۔ ادھر مقامی کونسل کے ایک اہلکار نے بتایا ہے کہ حملہ شدید تھا، جس کی وجہ سے بائیس افراد ہلاک ہوئے جبکہ طالبان نے تین سکیورٹی اہلکاروں کو حراست میں بھی لے لیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے