پیر:21 مئی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکا کا ايران کے حوالے سے سخت تر پاليسی کا اعلان[/pullquote]

امريکی وزير خارجہ مائیک پومپيو نے دھمکی دی ہے کہ اگر ايران کی اعلٰی قيادت نے اپنی داخلی اور خارجہ پاليسياں تبديل نہ کيں، تو اس ملک کے خلاف تاريخ کی سخت ترين پابندياں عائد کی جا سکتی ہيں۔ ايران کے حوالے سے تازہ امريکی پاليسی کا اعلان کرتے ہوئے پومپيو نے بارہ مطالبات پیش کر دیے۔ انہوں نے کہا کہ پابنديوں ميں نرمی صرف اسی صورت ممکن ہو گی جب ايران اپنی پاليسيوں ميں خاطر خواہ تبديلياں متعارف کرائے گا۔ امريکی وزير خارجہ نے يہ بھی کہا کہ اگر ايران اپنی متنازعہ جوہری سرگرمياں بحال کرتا ہے، تو واشنگٹن حکومت اس پر رد عمل کے ليے بالکل تيار ہے۔ ايران کی متنازعہ جوہری سرگرميوں کو محدود کرنے کے ليے چھ عالمی طاقتوں اور ايران کے مابين ڈيل سے امريکا نے اسی ماہ اپنی دستبرداری کا اعلان کر ديا تھا۔

[pullquote]کانگو میں ایبولا وائرس کے خلاف ویکسینیشن شروع ہو گئی[/pullquote]

کانگو ميں ايبولا وائرس کے انسداد کے ليے ويکسينيشن کا عمل آج پير سے شروع ہو گيا ہے۔ یہ بات عالمی ادارہ صحت (WHO) کے سربراہ نے اس ادارے کے سالانہ اجلاس کے موقع پر جنيوا ميں بتائی۔ نجی اور سرکاری کمپنيوں کے GAVI نامی اشترک عمل کے توسط سے 5,400 ويکسينز ڈیموکریٹک ریپبلک کانگو پہنچ چکی ہيں جبکہ مزيد چار ہزار عنقريب وہاں پہنچ جائیں گی۔ کانگو کی وزارت صحت کے مطابق اس وسطی افريقی ملک ميں اب تک چھبيس افراد اس جان ليوا وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو چکے ہيں۔

[pullquote]سری لنکا میں شديد بارشوں، آسمانی بجلی گرنے کے واقعات ميں سات افراد ہلاک[/pullquote]

سری لنکا ميں شديد بارشوں اور آسمانی بجلی گرنے کے واقعات کے نتیجے ميں کم از کم سات افراد ہلاک ہو چکے ہيں۔ ملکی پوليس کے ایک ترجمان نے پير کے روز کولمبو میں بتايا کہ چھ افراد کی موت آسمانی بجلی گرنے سے ہوئی جبکہ ايک شخص مٹی کے تودے گرنے کے نتیجے میں ہلاک ہوا۔ قدرتی آفات سے نمٹنے والے سری لنکا کے ادارے کے اعداد و شمار کے مطابق ملک بھر ميں مختلف مقامات پر شديد بارشوں کے سبب اب تک ایک ہزار سے زائد افراد بے گھر ہو چکے ہيں۔ سری لنکا ميں شدید بارشوں کا سلسلہ اتوار سے جاری ہے اور اگلے چوبيس گھنٹوں کے دوران بھی شدید بارشیں جاری رہنے کی پيش گوئی کی گئی ہے۔

[pullquote]ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کے الزام میں 104 افراد کو عمر قید[/pullquote]

ترکی کی ایک عدالت نے 104 ایسے افراد کو عمر قید کی سزا سنائی ہے جن پر 2016ء میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت میں ملوث ہونے کا الزام ہے۔ یہ اطلاع ترک اخبار حریت نے دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق 21 دیگر افراد کو صدر کی تضحیک کے الزام میں بیس بیس برس سزائے قید جبکہ 31 افراد کو ’دہشت گرد تنظیم کا رکن ہونے پر‘ ساڑھے دس، ساڑھے دس برس قید کی سزا سنائی گئی ہے۔ 15جولائی 2016ء کو ترکی میں فوجی بغاوت کی کوشش کی گئی تھی جو عوام نے ناکام بنا دی تھی تاہم اس دوران 240 افراد ہلاک ہوئے تھے جن میں سے اکثریت عام شہریوں کی تھی۔

[pullquote]شامی فوج نے دمشق کے جنوبی حصے کو داعش سے پاک کر دیا، سرکاری ٹی وی[/pullquote]

شامی فوج نے دارالحکومت دمشق کے جنوبی حصے سے داعش کے جنگجوؤں کو نکال باہر کیا ہے۔ شام کے سرکاری ٹیلی وژن کے مطابق اس طرح دمشق کے ارد گرد کے تمام علاقوں سے دہشت گرد تنظیم داعش کا مکمل خاتمہ کر دیا گیا ہے۔ شامی حکومت کی حامی فورسز گزشتہ کئی ہفتوں سے الہجار الاسود اور یرموک کے فلسطینی مہاجر کیمپ کے علاقے ميں داعش کے جنگجوؤں کے خلاف برسرپیکار تھیں۔ رپورٹ کے مطابق الہجار الاسود کے علاقے سے داعش کے جنگجوؤں کو باہر نکال دیا گیا ہے۔

[pullquote]آذربائیجان کے دارالحکومت میں بم دھماکا، دو ہلاک[/pullquote]

آذربائیجان کے دارالحکومت باکو میں ہونے والے ایک بم دھماکے کے نیتجے میں دو افراد ہلاک جبکہ دو دیگر زخمی ہو گئے۔ ملکی وزارت صحت کے ایک اہلکار کے مطابق یہ دھماکا دارالحکومت میں واقع ایک کیفے میں ہوا۔ سرکاری طور پر ابھی تک اس دھماکے کی وجہ نہیں بتائی گئی تاہم آذربائیجان کی ایمرجنسی منسٹری کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے روئٹرز کو بتایا کہ دھماکا گیس لیک ہونے کی وجہ سے ہوا۔

[pullquote]امریکا کے ساتھ تجارتی تناؤ نہیں چاہتے، چین[/pullquote]

چین امریکا کے ساتھ تجارتی تناؤ نہیں چاہتا۔ چینی وزارت خارجہ کی طرف سے یہ بات آج پیر کے روز کہی گئی ہے۔ اس سے قبل دنیا کی ان دو سب سے بڑی معیشتوں نے ایک دوسرے کے خلاف ٹیکس عائد کرنے کے معاملے کو سلجھانے کے لیے ایک وسیع تجارتی معاہدے کی تیاری پر اتفاق رائے کیا۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایلمونیم اور اسٹیل کی درآمد پر اضافی ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد جوابی طور پر چین نے بھی امریکی مصنوعات پر ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]فوجی مراکز سے دور رہیں، طالبان کا کابل کے عوام کو انتباہ [/pullquote]

طالبان نے کابل کے عوام کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ’’فوجی مراکز‘‘ سے دور رہیں کیونکہ وہ افغان دارالحکومت میں مزید حملوں کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ یہ عسکریت پسند گروپ پہلے بھی عام شہریوں کو اس طرح کے انتباہ جاری کر چکا ہے جن میں گزشتہ ہفتے مغربی شہر فراہ پر قبضے کی ناکام کوشش سے قبل جاری کیا جانے والا انتباہ بھی شامل ہے۔ تاہم یہ پہلا موقع ہے کہ کابل کے شہریوں کو ایسا انتباہ کیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کابل کو پہلے ہی شہریوں کے لیے ملک کا خطرناک ترین شہر قرار دے چکی ہے۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات کی طرف سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مراعات[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے مراعات کا اعلان کیا ہے۔ ان میں کاروبار کی 100 فیصد ملکیت کے علاوہ سرمایہ کاروں اور ان کے اہل خانہ کے لیے 10 برس کا رہائشی ویزہ جاری کرنا شامل ہیں۔ متحدہ عرب امارات کی کابینہ کی طرف سے یہ فیصلہ اتوار کی شب کیا گیا۔ دبئی کے شیخ محمد بن راشد المکتوم کے مطابق اس کا مقصد ملک کی سست ہوتی ہوئی معیشت میں بہتری لانا ہے۔ بیان کے مطابق اس فیصلے پر عملدرآمد رواں برس کے آخر تک شروع ہو سکے گا۔

[pullquote]نکولاس مادورو نے وینزویلا کا صدارتی انتخاب جیت لیا[/pullquote]

وینزویلا کے صدر نکولاس مادورو نے اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں کامیابی حاصل کر لی ہے۔ ملکی الیکشن کونسل کے مطابق مادورو نے 67.7 فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے قریب ترین حریف ہنری فالکن رہے جنہوں محض 21.2 فیصد ووٹ ملے۔ یہ نتائج 92.2 فیصد ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد کے ہیں۔ الیکشن کونسل کے مطابق ووٹ ڈالنے کی شرح 46.1 فیصد رہی۔ اپوزیشن اتحاد ’دی ڈیموکریٹک یونیٹی راؤنڈ ٹیبل‘ نے انتخابی نظام کے خلاف بطور احتجاج ووٹرز سے کہا تھا کہ وہ ان انتخابات میں ووٹ نہ ڈالیں۔

[pullquote]2015ء کے جوہری معاہدے کو قائم رہنا چاہیے، جرمن وزیر خارجہ[/pullquote]

ایرانی وزیر خارجہ محمد جواد ظریف نے کہا ہے یورپی یونین کی طرف سے جوہری معاہدے کو برقرار رکھنے کی کوششیں ناکافی ہیں۔ ظریف کا کہنا تھا کہ متعدد یورپی کمپنیوں کی طرف سے ایران میں اپنا کاروبار روکنے پر وہ خاص طور پر تحفظات رکھتے ہیں۔ دوسری طرف بیونس آئرس میں جی ٹونٹی کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں جرمن وزیر خارجہ ہائیکو ماس نے اس معاہدے پر دستخط کرنے والے دیگر فریقین سے کہا ہے کہ 2015ء کے جوہری معاہدے کو برقرار رہنا چاہیے۔ ماس کا کہنا تھا کہ یہ صرف ایران کے حوالے سے اہم نہیں بلکہ یہ جرمنی اور یورپ کی سلامتی سے متعلق معاملات کے لیے بھی اہم ہے۔

[pullquote]سعودی ایئر ڈیفنس نے یمن سے آنے والا میزائل تباہ کر دیا[/pullquote]

سعودی فضائی دفاعی نظام نے یمن سے آنے والے ایک میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ سعودی سربراہی میں قائم اتحاد کے مطابق اس میزائل کو یمنی سرحد کے قریب واقع سعودی شہر جزان کے اوپر تباہ کیا گیا۔ قبل ازیں حوثی باغیوں نے کہا تھا کہ انہوں نے جزان کے ایئرپورٹ پر بدر اول نامی میزائل داغا ہے، تاہم اس بارے میں مزید کوئی تفصیل نہیں دی تھی۔ یمن کے زیادہ تر حصے پر کنٹرول رکھنے والے ایرانی حمایت یافتہ حوثی باغیوں نے گزشتہ چند ماہ کے دوران متعدد مرتبہ سعودی عرب پر میزائل داغے ہیں۔

[pullquote]محکمہ انصاف ایف بی آئی کے خلاف تحقیقات کرے، ڈونلڈ ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ملکی محکمہ انصاف سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ وفاقی تفتیشی ادارے ایف بی آئی کے خلاف 2016ء کے صدارتی انتخابات میں مداخلت کے بارے میں تحقیقات کرے۔ ٹرمپ کی طرف سے یہ مطالبہ گزشتہ روز اپنی ٹوئیٹس میں کیا گیا۔ دوسری طرف ٹرمپ کے وکیل نے کہا ہے کہ ان صدارتی انتخابات میں روسی مداخلت کے بارے میں تحقیقات کرنے والی اسپیشل کونسل رواں برس ستمبر میں اس حوالے سے اپنی رپورٹ پیش کر سکتی ہے۔ تاہم یہ اس صورت میں ممکن ہو گا اگر صدر ٹرمپ جولائی میں اس کونسل کے سامنے پیش ہونے کے لیے تیار ہوتے ہیں۔

[pullquote]ماؤنٹ ایورسٹ سر کرنے کی کوشش میں دو غیر ملکی کوہ پیما ہلاک[/pullquote]

دنیا کی بلند ترین چوٹی سر کرنے کی کوشش میں دو غیر ملکی کوہ پیما ہلاک ہو گئے ہیں۔ یہ بات نیپال کے کوہ پیمائی سے متعلق ادارے کے ایک اہلکار نے خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کو بتائی ہے۔ ماؤنٹ ایورسٹ کے بیس کیمپ پر تعینات گیاندرا شریشتھا کے مطابق مقدونیا کا ایک کوہ پیما گزشتہ روز جبکہ ایک جاپانی کوہ پیما آج پیر کے روز یہ چوٹی سر کرنے کی کوشش میں مارا گیا۔ رواں سیزن کے دوران دنیا بھر سے 340 کوہ پیما اور ان کے ساتھ سفر کرنے والے شیر پا ماؤنٹ ایورسٹ کو سر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

[pullquote]چین کی طرف سے چاند کے تاریک حصے پر مشن اتارنے کے لیے سیٹلائٹ چھوڑ دیا گیا[/pullquote]

چین نے چاند کے تاریک حصے پر اپنا تحقیقاتی مشن اتارنے کی تیاریوں کے سلسلے میں ایک ریلے سیٹلائٹ خلاء میں روانہ کر دیا ہے۔ یہ سیٹلائٹ چینج فائیو نامی مشن اور زمینی کنٹرول اسٹیشن کے درمیان رابطہ کاری کا کام کرے گا۔ چین کی نیشنل اسپیس ایڈمنسٹریشن کے مطابق یہ سیٹلائٹ آج پیر کی صبح روانہ کیا گیا۔ چین ایسا پہلا ملک بننے کی کوشش میں مصروف ہے کہ جو چاند کے تاریک حصے پر اپنا روبوٹک تحقیقاتی مشن اتارے گا۔ پروگرام کے مطابق یہ مشن چاند کی سطح سے نمونے لے کر واپس زمین پر بھی آئے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے