کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کیخلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری روز

اسلام آباد: عام انتخابات 2018 کے لیے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں دائر کرنے کا آج آخری روز ہے۔

انتخابی شیڈول کے مطابق ملک بھر میں قائم 21 ٹریبونلز میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف 19 جون سے اپیلیں دائر کرنے کا سلسلہ شروع ہوا جس کا آج آخری روز ہے۔

ہائی کوٹ کے ججز پر مشتمل ایپلٹ ٹریبونلز 27 جون تک امیدواروں کی درخواستوں پر فیصلہ کرنے کے پابند ہیں۔

اپیلیں دائر کرنے کے آخری روز سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی، عائشہ گلالئی اور مہتاب عباسی نے این اے 53 اسلام آباد سے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کے آر او کے فیصلے کو چیلنج کردیا۔

آر او اسلام آباد نے شق ‘این’ کے تحت مہتاب عباسی اور عائشہ گلالئی کے کاغذات نامزدگی مسترد کردیے تھے، دونوں امیدواروں نے اپنے حلقوں میں مفاد عامہ کے لیے کیے جانے والے کاموں کی تفصیلات کا خانہ کاغذات نامزدگی میں خالی چھوڑ دیا تھا۔

مسلم لیگ (ن) کے رہنما سردار مہتاب عباسی نے اپنی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ کاغذات نامزدگی حلف نامہ طریقہ کار کے مطابق مکمل نہ کرنے پر مسترد کیے تاہم میں نے اپنے حلقے میں عوامی فلاح کے لئے بڑے پیمانے پر کام کیے ہیں۔

درخواست میں کہا گیا کہ این اے 50 اور این اے 53 میں ایک جیسے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور این اے 50 سے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں اس لیے این اے 53 سے بھی الیکشن لڑنے کی اجازت دی جائے۔

ایپلٹ ٹریبونل دونوں درخواستوں پر سماعت 25 جون کو کرے گا۔

یاد رہے کہ اسلام آباد کے لئے ایک، خیبر پختوانخوا میں 6، پنجاب میں 8، سندھ میں 4 اور بلوچستان میں 2 ایپلٹ ٹریبونلز قائم کیے گئے ہیں۔

25 جولائی کو ہونے والے عام انتخابات کے لیے مختلف مراحل طے ہورہے ہیں، پہلے مرحلے میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی جمع ہوئے جس کے بعد اس کی اسکروٹنی اور اب ایپلٹ ٹریبونلز میں درخواستوں کی سماعتیں جاری ہیں۔

اگلے مرحلے میں 27 جون تک ایپلٹ ٹریبونلز کو امیدواروں کے کاغذات نامزدگی سے متعلق فیصلے سنانے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے