تحائف عید الفطر

پوری دنیا میں رمضان المبارک کی آمد سے خوشی کی لہر دوڑ جاتی ہے۔ بچے افطار کی خوشی میں سرگرم ہوجاتے ہیں۔ روزہ داروں کو اللہ رب العزت صبر جمیل عطا کرتا ہے اور یقیناً ان کو اس کا بڑا اجر ملے گا۔ چند دکاندار وغیرہ منافع خوری میں مبتلا ہوجاتے ہیں۔ اللہ پاک ان کو معاف کرے اور نیک کاموں میں ان کی رہنمائی فرمائے۔ آمین۔

گندی سیاست، الزام تراشی عروج پر ہے۔ بھوپال کے ایک شاعر نے چھوٹا سا خوبصورت شعر کہا تھا:

فرشتوں سے تو ہم اکثر ملے ہیں
ہمیں انسان سے کوئی ملا دے

عیدالفطر کے تحفہ جات دو نہایت اعلیٰ کتب ہیں جو چند دن پیشتر موصول ہوئی تھیں ۔پہلی سچا اور کھرا لیڈر (قائد اعظمؒ) جس کے مصنف ضیاشاہد ہیں اور ددسری کتاب’’ پیغمبر اسلام محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم ۔زندگی اور شخصیت ‘‘ ہے جس کو جناب گروپ کیپٹن (ر) عبدالوحید خان صاحب نے تحریر کیا ہے۔ دونوں کتابیں نایاب تحفہ ہیں اور ان پر ہی تبصرہ کرونگا۔

(1) سچا اور کھرا لیڈر جناب ضیاشاہد صاحب کی اعلیٰ کتاب ہے۔ ضیاء شاہد صاحب سے کون اہل علم واقف نہیں ہےوہ نامور، باعزت صحافی ہیں۔ آپ پہلے روزنامہ پاکستان کے بانی ایڈیٹر رہے۔

روزنامہ جنگ لاہور کے جوائنٹ ریذیڈنٹ ایڈیٹر رہے، روزنامہ نوائے وقت لاہور کے ڈپٹی ایڈیٹر اور روزنامہ نوائے وقت کراچی کے ریذیڈنٹ ایڈیٹررہے ہیں۔ آپ اس سے پیشتر سات برس تک اردو ڈائجسٹ کے ڈپٹی ایڈیٹر رہے۔ ہفت روزہ صحافت کے ایڈیٹر، پرنٹر، پبلشرز رہے، بھٹو صاحب کے دور میں ’’مہمان خصوصی‘‘ (جس کے بغیر نہ کوئی سیاست داں بن سکتا ہے اور نہ ہی نامور صحافی)۔

آپ کو اپنی اعلیٰ خدمات کے صِلہ میں ستارۂ امتیاز اور وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ ملے۔ آپ نے پاکستان اور قائد اعظمؒ سے اپنی بے پناہ محبت کا اظہار بے شمار مضامین، فیچرز، مذاکرے اور مباحثوں کے انعقاد سے کیا۔ پی ٹی وی پر سال بھر روزانہ قائد اعظمؒ کی زندگی پر نہایت دلچسپ اور سبق آموز واقعات سناتے رہے۔ اکبر ایس احمد کی قائد اعظم پر بنائی گئی فلم سے کچھ قابل اعتراض مناظر فلم کی نمائش سے حذف کروا کر بڑا احسان کیا۔ آپ کی یہ اعلیٰ کتاب لاہور سے نہایت اعلیٰ پیرایہ میں شائع کی گئی ہے اور سرورق پر قائد اعظمؒ کی نہایت اعلیٰ مسکراہٹ سے بھری، تصویر شائع کی ہے۔

جناب ضیا ء شاہد نے اس کتاب کا انتساب پاکستانی قوم کے نام کیا ہے۔

یہ کتاب کیا، قائد اعظمؒ پر ایک خزینۂ معلومات ہے اور قائد اعظمؒ پر تحقیق اور ریسرچ کرنے والے طلباء کے لئے اعلیٰ ریڈی ریفرنس ہے۔

اس میں ضیا شاہد صاحب نے نہایت معتبر اور مصدقہ ذرائع سے قائد اعظم ؒ کی پیدائش، شجرہ والدین، تعلیم، طالب علمی کا زمانہ، شادی، کشمیر کے دورے، بیگم رتی بائی کے واقعات، بطور وکیل واقعات، ہندو مسلمان دوستی، ہندوئوں (گاندھی) کی عیاری سمجھنا، مسلم لیگ میں شرکت، قیادت سنبھالنا، عالمی دانشوروں کی نگاہ میں وقعت، عوام کی لامحدود محبت و اعتماد، انگریز جرنلسٹ کا کہنا کہ قائد اعظم کی ہردلعزیزی کا یہ حال ہے کہ اگر وہ کہیں کہ بجلی کے کھمبے کو ووٹ دو تو مسلمان ان کے حکم کی تعمیل کرینگے، انگریزوں، ہندوئوں (اور غدّار مسلمانوں) سے مسلسل جدّوجہد اور عوام کے حقوق کے لئے جدّوجہد، اپنی جدّوجہد آزادی ہند اور پاکستان کے حصول میں کامیابی، غریب، نئے ملک میں کفایت شعاری کے بے مثال واقعات، خواتین اور اقلیتوں کے حقوق کی ضمانت، سیاست دانوں اور بزنس مینوں کے کردار پر تحفظات، دہلی سے آخری روانگی (مسلمانوں کو سکتہ کے وہ بے سہارا، بے آسرا چھوڑ دیئے گئے)۔ عقل و فہم کی بلا مقابلہ مثال، عوام کا لامحدود محبت و پیار۔ بیماری کے حالات، نہایت افسوسناک واقعہ کہ کھٹارا ایمبولینس دی گئی اور ان کو دو گھنٹے کھارادر کے قریب تعفن کی فضا میں پڑے رہنا۔ آزادی کے بعد پہلا پیغام وغیرہ وغیرہ پر نہایت مفید اور اہم معلومات فراہم کی ہیں۔ ضیاء شاہد صاحب اور ڈاکٹر صفدر محمود پاکستان اور قائد اعظمؒ سے محبت کے مثالی پاکستانی ہیں۔

یہ کتاب اتنی اہم، قائد اعظمؒ کی زندگی کے ہر پہلو سے پُر ہے کہ ملک کی تمام یونیورسٹیوں، کالجوں اور سرکاری اور غیرسرکاری لائبریریوں میں، خاص طور پر جہاں پاکستان اِسٹڈیز وغیرہ پڑھائی جاتی ہےوہاں اس کتاب کی موجودگی لازم ہے۔ حقیقت یہ ہےکہ پاکستانی قوم بانیِ ٔ پاکستان کی ذات کے ہر پہلو، ہر کارنامے پر لکھنے سے کبھی نہیں تھکے گی۔

(2) جیسا کہ شروع میں تحریر کیا تھا دوسری کتاب ہمارے پیارے نبی، رحمت العالمین، محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وسلم کی حیات طیبہ پر ہے اس کو افواج پاکستان اور مملکت پاکستان کے ایک مجاہد جناب گروپ کیپٹن عبدالوحید خان صاحب نے تحریر کیا ہے۔ رسول اللہ ؐ کی پیدائش سے آج تک ان کی مبارک زندگی پر لاتعداد کتب لکھی جاچکی ہیں لیکن شیدایان اسلام کی تشنگی اب تک باقی ہے۔

روز ہی کوئی نہ کوئی شیدائی رسول آپؐ پر کتاب لکھ دیتا ہے اور یہ سلسلہ یقیناً قیامت تک جاری رہے گا۔ خان صاحب نے پہلے تورات، انجیل، ویدوں، پارسی کتب، کلام مجید میں پیشگوئی کا ذکر کیا ہے پھر آپ نے ولایت رسولؐ سے پہلے کے حالات، آپؐ کی ولادت، نوعمری کا وقت، زمانہ جاہلیت، حضرت خدیجہؓ سے نکاح، پیغمبری کی سعادت، ابتدائی مشکلات، تکالیف، اہل قریش کا ظلم، حضرت حمزہؓ، حضرت عمرؓ کا قبول اسلام، حضرت سودہؓ، حضرت عائشہ ؓسے نکاح، مدینہ کو ہجرت، مدنی زندگی کے واقعات، قبلہ کے رخ کی تبدیلی، جنگ بدر، جنگ احد، جنگ خندق، یہودیوں کی سازشیں، تمام غزوات، خطبہ حجۃ الوداع، سورہ المائدہ کانزول، آپ کی ناسازیٔ طبیعت، رحلت، حضرت ابوبکرؓ کا اعلان۔ حضرت ابوبکرؓ کی خلافت، موت کے بارے میں فرمان اِلٰہی۔ تفصیلی ذکر آپؐ کی ذاتی زندگی، تبلیغ، آپ کی مصروفیات، سیرت طیبہ، غرض یہ کہ آپؐ سے متعلق ہر چیز پر تفصیلی معلومات درج ہیں۔ یہ کتاب خود شائع کرائی ہے اور ماشاء اللہ یہ ساتواں ایڈیشن ہے۔ آپ کا فون نمبر 021-35894886 ہے۔ جہاں سے یہ کتاب دستیاب ہے ۔

اس کے علاوہ آپ نے اردو اور انگریزی میں قرآنی معلومات Quranic Information ، اور اسی کتاب (جس پر تبصرہ لکھا ہے) کا انگریزی ایڈیشن بعنوان
The Personality of Allah’s Last Messenger Muhammad (PBUH)
شائع کیا ہے۔

اللہ رب العزّت گروپ کیپٹن (ر) عبدالوحید خان صاحب کو اجر عظیم عطا فرمائے کہ انھوں نے یہ اہم، معلوماتی کتب تحریر اور شائع کی ہیں۔ آمین۔

(نوٹ) الیکشن کی آمدآمد ہے۔ ملک میں سخت گرما گرمی ہے۔ عبوری حکومتیں قائم ہو گئی ہیں۔

اعتراضات اب بھی جاری ہیں۔ دنیا میں یہ رواج ہے کہ حکومت وقت ہی الیکشن کراتی ہے اور نئی حکومت کو چارج دے دیتی ہے ۔ اس دوران سپریم کورٹ اور صوبائی ہائی کورٹس نگرانی کرسکتے ہیں کہ کوئی گڑ بڑ نہ ہو۔ سب سے بڑا معاملہ اُمیدواروں کا کئی علاقوں سے کھڑے ہونے کا ہے یہ بند ہونا چاہئے ورنہ وہاں دوبارا الیکشن کرانا پڑے تو اس کا خرچ جیتنے والے اُمیدوار سے لینا چاہئے۔ ضمنی انتخابات پورے نظام میں گڑبڑ پیدا کردیتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے