جمعہ : 29 جون 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بین الاقوامی اداہ برائے مہاجرت کے نئے سربراہ انتونیو ویتورینو[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ریفیوجی ایجنسی کے ارکان نے پرتگالی سیاستدان انتونیو ویتورینو کو نیا سربراہ منتخب کر لیا ہے۔ ویتورینو یورپی یونین کے داخلی امور اور انصاف کے کمشنر رہ چکے ہیں۔ اُن کا تعلق پرتگال کی سیاسی جماعت سوشلسٹ پارٹی سے ہے۔ پرتگالی سیاستدان کو اسی ادارے کی نائب سربراہ لاؤرا تھامسن کے مقابلے کا سامنا تھا۔ قبل ازیں رائے شماری کے تین ادوار میں مطلوبہ ووٹ نہ ملنے پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ امیدوار کین آئیزکس کو مسترد کر دیا گیا تھا۔ آئیزکس کو مسلمانوں کے بارے میں تعصب کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے الزامات کا سامنا رہا ہے۔

[pullquote]بے گھر یمنی شہریوں کی جنوبی کوریا آمد پر مقامی لوگوں کی مخالفت[/pullquote]

جنوبی کوریائی وزارت انصاف نے کہا ہے کہ مہاجرت اور سیاسی پناہ حاصل کرنے کے موجودہ ملکی قوانین مزید سخت کر دیے جائیں گے۔ سیئول حکومت کا یہ اعلان 552 یمنی مہاجرین کی آمد کے بعد کیا گیا ہے۔ رواں برس جنوری سے مئی کے دوران 430 یمنی باشندوں نے جنوبی کوریا میں سیاسی پناہ کے حصول کے لیے درخواستیں دے رکھی ہیں۔ یمنی پناہ گزینوں کی اچانک آمد کے بعد جنوبی کوریائی شہریوں میں مہاجر مخالف جذبات میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب ساڑھے پانچ لاکھ کے قریب جنوبی کوریائی شہریوں نے صدر کے نام ایک آن لائن پٹیشن پر دستخط کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ جائز ویزے کے بغیر کسی بھی شخص کو ملک میں داخل نہ ہونے دیا جائے۔

[pullquote]مہاجر ہندوؤں کو شہریت دینے پر آسام میں احتجاجی مظاہرہ[/pullquote]

بھارت میں ہزاروں افراد اُس حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاجی مظاہرے میں شریک ہوئے، جس کے تحت بنگلہ دیش اور پاکستان سے مہاجرت کرنے والے ہندوؤں کو شہریت دی جانا ہے۔ بھارت کی شمال مشرقی ریاست آسام کے دارالحکومت گوہاٹی میں ہونے والے مظاہرے کے شرکاء کا کہنا ہے کہ اس فیصلے سے کئی ریاستوں اور خاص طور پر آسام کا نسلی و مذہبی تشخص تبدیل ہو کر رہ جائے۔ اس مظاہرے کا انتظام آسام کی مختلف طلبا یونینوں کے اتحاد نے کیا تھا۔ طلبا یونین کے لیڈر سموجَل بھٹا چاریہ کے مطابق اس فیصلے کے نافذ ہونے سے آسام کے مقامی باشندوں کی شناخت معدوم ہو سکتی ہے۔

[pullquote]طالبان نے افغان ایلیٹ فورسز کے کمانڈر کو ہلاک کر دیا[/pullquote]

افغان سکیورٹی ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ ملکی ایلیٹ فورسز کے کمانڈر عزیز اللہ کاروان کو اُن کے دو رشتہ داروں سمیت ہلاک کر دیا گیا ہے۔ طالبان حملہ آوروں نے کاروان کو کابل کے علاقے مکرویان میں واقع ایک تفریحی پارک میں گولیوں کا نشانہ بنایا۔ افغان وزارت داخلہ کے مطابق ہلاک ہونے والے کمانڈر پر کی گئی فائرنگ سے تین عام شہری بھی زخمی ہوئے۔ طالبان کے ترجمان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے عزیز اللہ کاروان کو امریکا کا جاسوس قرار دیا۔ کابل کے اس تفریحی پارک میں سکیورٹی کے انتظامات نہ ہونے کے برابر ہیں۔

[pullquote]جنوبی شام میں سات لاکھ سے زائد شامیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ میں حقوق انسانی کے شعبے کے سربراہ زید رعد الحسین نے کہا ہے کہ جنوبی شام میں باغیوں کے زیر قبضہ علاقوں سے فرار ہونے والے شامی شہریوں کو حکومتی چیک پوسٹوں سے پیسے لے کر گزرنے دیا جا رہا ہے۔ روس کی مدد سے شامی صدر بشار الاسد کی فوج نے گزشتہ ایک ہفتے میں درعا صوبے میں شدید فضائی اور زمینی حملے کیے ہیں۔ دوسری جانب اقوام متحدہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر گزشتہ برس اردن، امریکا اور روس کے درمیان ہوئے جنگ بندی کے ایک معاہدے پر عمل نہ ہوا تو ساڑھے سات لاکھ افرادکی زندگیاں داؤ پر ہوں گی۔

[pullquote]یمن میں متحارب فریقین مذاکرات پر آمادہ، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یمن میں متحارب فریقین نے دو سال کے تعطل کے بعد مذاکرات دوبارہ شروع کرنے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ عالمی ادارے کے خصوصی مندوب برائے یمن مارٹن گریفتھس کے مطابق یمن کے ایران نواز حوثی باغیوں اور ملک کی بین الاقوامی تسلیم شدہ حکومت آئندہ چند ہفتوں میں مذاکرات کی میز پر ہوں گے۔ اُنہوں نے امید ظاہر کی ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل ایک ہفتے کے اندر اس حوالے سے دونوں برسرِپیکار پارٹیوں کے سامنے کوئی حل رکھے گی۔ یہ پیش رفت بندرگاہی شہر الحدیدہ پر قبضے کی لڑائی کے دوران سامنے آئی ہے۔

[pullquote]یورپی یونین میں مہاجرت پر معاہدہ طے پا گیا[/pullquote]

یورپی یونین کے سربراہی اجلاس میں رات بھر کے طویل مذاکرات کے بعد مہاجرین کے حوالے سے ایک معاہدہ طے پا گیا ہے۔ یورپی کونسل کے سربراہ ڈونلڈ ٹسک کے ایک ٹویٹ پیغام کے مطابق یورپی بلاک کے تمام اٹھائیس ارکان مہاجرت سمیت دیگر معاملات کے حل پر متفق ہو گئے ہیں۔ یورپی سفارت کاروں نے مبینہ طور پر کہا ہے کہ معاہدے میں تارکین وطن کے لیے حراستی کیمپوں سے متعلق مبہم الفاظ میں بات کی گئی۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل کا کہنا ہے انہیں امید ہے کہ یورپی بلاک بے قاعدہ ہجرت کا حل تلاش کرنے کے لیے آئندہ بھی مفاہمت سے کام کرتا رہے گا۔

[pullquote]یورپی بلاک کی صدارت آسٹریا کے پاس، ترکی کو تحفظات[/pullquote]

ترکی نے کہا ہے کہ اُسے امید نہیں کہ آسٹریا کی صدارت کے دوران یورپی یونین کے ساتھ مل کر مثبت اقدامات اٹھائے جا سکیں گے۔ ترک وزیر خارجہ مولود چاؤش اولو نے آج جمعے کے روز نشریاتی ادارے این ٹی وی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ترکی کی یورپ میں شمولیت کے حوالے سے مذاکرات کے نئے باب میں کسی مثبت پیش رفت کی امید تو نہیں تاہم وہ یورپ میں ترک شہریوں کے ویزا فری داخلے پر بات ضرور کریں گے۔ خیال رہے کہ آسٹریا یکم جولائی سے چھ ماہ کے لیے یورپی یونین کی سربراہی سنبھال رہا ہے۔

[pullquote]عراق میں بارہ افراد کو دہشت گردی کے جرم میں سزائے موت[/pullquote]

عراق میں بارہ افراد کو دہشت گردی کے جرم میں سزائے موت دے دی گئی ہے۔ عراقی حکومت کے مطابق یہ اقدام وزیراعظم حیدر العبادی کے اُس حکم کے بعد عمل میں لایا گیا ہے جس میں اُنہوں نے ملکی سیکورٹی فورسز کے آٹھ اہلکاروں کے اغوا اور پھر قتل کے ردعمل میں موت کی سزا پر عمل درآمد تیز کرنے کو کہا تھا۔ آج جمعے کے روز عراقی حکومت کے ایک ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ وزیراعظم کے احکامات کے بمُوجب دہشت گردی کے جرم میں بارہ افراد کو موت کی یہ سزا جمعرات کے روز دی گئی۔

[pullquote]شامی مہاجرین کو اسرائیل میں داخلے سے روکا جائے، اسرائیلی رہنما[/pullquote]

اسرائیلی کابینہ کے ایک سینیئر رکن کا کہنا ہے کہ اسرائیل کو شام میں جنگ سے فرار ہونے والے مہاجرین کی آمد کو روکنے کے لیے ٹھوس اقدامات کیے جانے چاہییں۔ یہ بات اسرائیلی وزیر توانائی یووَل سٹائنٹز نے تل ابیب ریڈیو سے بات کرتے ہوئے کہی۔ ایک جنگی مبصر گروپ کے مطابق جنوب مغربی شام سے ایک لاکھ بیس ہزار کے قریب شامی شہری حکومتی آپریشن کے سبب نقل مکانی کر چکے ہیں۔ یہ شامی علاقہ اردن اور اسرائیل کے زیر کنٹرول ’گولان ہائیٹس‘ کی سرحدوں سے قریب واقع ہے۔

[pullquote]امریکا کی جاپان کو سیکورٹی اتحاد برقرار رکھنے کی یقین دہانی[/pullquote]

امریکا نے جاپان کے ساتھ سیکورٹی اتحاد برقرار رکھنے اور اسے مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ امریکی وزیر دفاع جیمز مَیٹس نے جاپانی حکام کے ساتھ ملاقات میں اس بات کی یقین دہانی کرائی کہ شمالی کوریا کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے امریکی معاہدے سے ٹوکیو حکومت کے سلامتی کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچے گا۔ جاپان اور سیول حکومت کو خدشات ہیں کہ شمالی کوریا سے مذاکرات میں امریکا کی توجہ کم فاصلے تک اپنے ہدف کو نشانہ بنانے والے میزائلوں کی نسبت طویل رینج کے بین البراعظمی میزائلوں کی جانب مرکوز رہے گی۔

[pullquote]یورپی یونین کی جانب سے روس پر عائد اقتصادی پابندیوں میں چھ ماہ کی توسیع[/pullquote]

برسلز میں ہونے والی ایک کانفرنس میں یورپی یونین ممالک کے سربراہان روس پر عائد اقتصادی پابندیوں میں توسیع پر متفق ہو گئے ہیں۔ رکن ممالک کی کونسل کے مطابق یوکرائن تنازعے کے باعث روس کے خلاف عائد اقتصادی پابندیوں میں مزید چھ ماہ کی توسیع کی جا رہی ہے۔ روس کی جانب سے2014 میں کریمیا پر قبضے کے بعد سے اس ملک کے اقتصادی، دفاعی اور توانائی کے شعبوں پر عائد ان پابندیوں میں ہر چھ ماہ پر توسیع کی جاتی ہے۔ اس بحران کی وجہ سے روس اور یورپی یونین کے تعلقات بھی متاثر ہوئے ہیں۔

[pullquote]امریکی اخبار کے دفتر میں فائرنگ، پانچ افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست میری لینڈ میں پولیس کا کہنا ہے کہ ملکی اخبار’دی کیپیٹل گزٹ‘ کی عمارت میں فائرنگ کے واقعے میں پانچ افراد ہلاک جبکہ دیگر تین شدید زخمی ہیں۔ پولیس کے ایک ترجمان کے مطابق ایک مسلح شخص کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔ مزید یہ کہ پولیس کو اخبار کے دفتر سے ایک دھماکا خیز ڈیوائس بھی ملی ہے۔ دی کیپیٹل گزٹ امریکا کے پرانے اخبارات میں سے ایک ہے اور یہ بالٹی مور سن میڈیا گروپ کی ملکیت ہے۔

[pullquote]میانمار انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے بد ترین ملکوں میں شامل، امریکی واچ لسٹ[/pullquote]

امریکا نے میانمار کو انسانی اسمگلنگ کرنے والے بدترین ممالک کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے میانمار پر یہ الزام بھی عائد کیا ہے کہ وہ کم عمر بچوں کو بطور سپاہی استعمال کر رہا ہے۔ امریکی محکمہ خارجہ کی مرتب کردہ اس فہرست میں گبون، لاؤس، پاپوا نیو گنی اور بولیویا بھی شامل ہیں۔ تھائی لینڈ اور پاکستان کو گزشتہ برس کے مقابلے میں ایک درجہ اوپر جگہ دی گئی ہے جبکہ شمالی کوریا، روس اور چین اب بھی انسانی اسمگلنگ کے حوالے سے بد ترین ممالک کی درجہ بندی میں شامل ہیں۔

[pullquote]جرمنی جنگ میں ہوئے نقصان کا تاوان ادا کرے، پولش رہنما[/pullquote]

پولینڈ میں حکمران جماعت کے رہنما یاروسلاو کاچنسکی نے ایک بار پھر جرمنی سے یہ مطالبہ کیا ہے کہ دوسری جنگ عظیم کے دوران پولینڈ کو ہونے والے نقصانات کا ازالہ کرے۔ کاچنسکی کا کہنا ہے کہ جرمنی نے پولینڈ پر حملہ کرتے ہوئے لاکھوں افراد کو قتل اوراملاک کا نقصان کیا تھا جس کی تلافی کی جانی چاہیے۔ خیال رہے کہ پولینڈ کی قدامت پسند حکمران جماعت لاء اینڈ جسٹس پارٹی کے رہنما یاروسلاو کاچنسکی جرمنی سے تاوان کا دیرینہ مطالبہ پہلے بھی دہراتے ہوئے اِسے پولستانی عزت و وقار کے ساتھ منسلک کر چکے ہیں۔

[pullquote]ماؤنٹ اگونگ کا آتش فشاں متحرک، قریبی ہوائی اڈے بند کر دیے گئے[/pullquote]

انڈونیشین حکام نے آتش فشاں ماؤنٹ اگونگ کےمتحرک ہونے کے سبب تفریحی سیاحتی جزیرے بالی اور آس پاس کے دو دیگر ہوائی اڈوں کو بند کر دیا ہے۔ انڈونیشیا کی نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ ایجنسی کے ترجمان کے مطابق بالی کے ایئر پورٹ کو سولہ گھنٹے کے لیے بند کیا گیا ہے جبکہ مشرقی جاوا کے دو دیگر ہوائی اڈے بھی مقامی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے تک بند رہیں گے۔ ایجنسی کے ترجمان کا مزید کہنا ہے کہ ماؤنٹ اگونگ سے بدھ کے روز سے فضا میں ڈھائی ہزار میٹر کی بلندی تک راکھ کے بادل اٹھ رہے ہیں۔ ایئر پورٹ بند کرنے کا اقدام سلامتی کے تناظر میں اٹھایا گیا ہے۔

[pullquote]طالبان کا حملہ، افغان سپیشل فورس کے کمانڈر ہلاک[/pullquote]

افغان وزارت داخلہ کے مطابق ایک نا معلوم مسلح شخص نے افغان پولیس اسپیشل فورس کے ایک سینیئر کمانڈر کو ہلاک کر دیا ہے۔ یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب کمانڈر عزیزاللہ کاروان اپنے گھر والوں کے ہمراہ سیر و تفریح کی غرض سے باہر تھے۔ وزارت داخلہ کے ترجمان نجیب دانش کا کہنا ہے کہ کمانڈر عزیزاللہ خان نے طالبان کے خلاف درجنوں کارروائیوں کی قیادت کی تھی۔ کاروان شورش زدہ افغان صوبے پکتیا میں تعینات تھے۔ طالبان نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔

[pullquote]آئی او ایم کے سربراہ کے لیے امریکی صدر کا نامزد کردہ امیدوار مسترد[/pullquote]

اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرت کے رکن ممالک نے ڈائریکٹر جنرل کے منصب کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نامزد کردہ امیدوار کو مسترد کر دیا ہے۔ ٹرمپ نے اس منصب کے لیے کین آئیزاکس کا نام تجویز کیا تھا۔ آئزاکس کو مسلمانوں سے تعصب کے حوالے سے سنجیدہ نوعیت کے الزامات کا سامنا رہا ہے۔ رائے شماری کے ابتدائی تین مرحلوں کے بعد اُن کو مطلوبہ ووٹ نے حاصل ہونے پر مسترد کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق اب اس ادارے کی سربراہی کی دوڑ میں پرتگالی سیاستدان اور سابقہ یورپی یونین کمشنر انتونیو ویتورینو اور آئی او ایم کی حالیہ نائب سربراہ لاؤرا تھومپسن بچے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے