ہفتہ : 30 جون 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان فوج طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف آپریشنز شروع کر دے، اشرف غنی[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے اپنی ملکی فوج کو ہدایت کی ہے کہ وہ طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف فوجی کارروائیوں کا دوبارہ آغاز کر دے۔ رمضان کے مہینے کے اختتام پر افغان صدر نے چند دنوں کی فائربندی کا اعلان کیا تھا۔ اس کے جواب میں طالبان نے بھی عیدالفطر کے تین ایام پر جنگ بندی کی تھی۔ جنگ بندی کے خاتمے کے بعد طالبان کے حملوں میں واضح طور پر شدت دیکھی گئی ہے۔ صدر اشرف غنی نے اس حوالے سے کہا کہ اب طالبان نے فیصلہ کرنا ہے کہ انہیں امن کی کب ضرورت ہے۔ کابل میں منعقدہ پریس کانفرنس میں افغان صدر نے جامع امن مذاکرات کو بھی ملکی سلامتی کے لیے اہم قرار دیا۔

[pullquote]ٹرمپ کی درخواست پر سعودی عرب کا تیل کی پیداوار بڑھانے کا فیصلہ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب نے ان کی درخواست پر تیل کی پیداوار میں اضافہ کرنے پر اتفاق کر لیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں بتایا ہے کہ ایران اور وینزویلا کی صورت حال کے سبب عالمی منڈی میں تیل کی کمی ہو گئی تھی جس کے باعث انہوں نے سعودی فرامانروا شاہ سلمان سے تیل کی پیداوار بڑھانے کی درخواست کی ہے۔ ٹرمپ کے مطابق شاہ سلمان نے اس بات پر بھی اتفاق کیا ہے کہ تیل کی موجودہ قیمتیں بہت زیادہ ہیں۔ گزشتہ ہفتے اوپیک ممالک کے اجلاس میں بھی تیل کی پیدوار بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

[pullquote]’چودہ ممالک مہاجرین کی واپسی پر متفق‘ میرکل کا خط[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل چودہ یورپی ممالک کے ساتھ ایک ڈیل کو حتمی شکل دینے میں کامیاب ہو گئی ہیں، جس کے تحت یہ ممالک جرمنی میں موجود مہاجرین کو فوری طور پر واپس اپنے ممالک بلوانے پر رضا مند ہو گئے ہیں۔ خبر رساں ادارے ڈی پی اے نے تیس جون بروز ہفتہ اپنی ایک رپورٹ میں لکھا ہے کہ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے وسیع تر مخلوط حکومت میں شامل سیاسی پارٹیوں کو لکھے گئے خط میں یہ بھی کہا ہے کہ وہ جرمنی آنے والے تارکین وطن کے لیے ملکی سرحدوں پر ہی خصوصی مراکز میں رکھے جانے کی حامی بھی ہیں۔ چانسلر میرکل کو ان کی مہاجرین سے متعلق پالیسیوں کے باعث اتحادی جماعت سی ایس یو کی شدید تنقید کا سامنا رہا ہے۔

[pullquote]شامی باغیوں اور روس کے مابین مذاکرات ناکام[/pullquote]

شامی باغیوں کا کہنا ہے کہ روس کے ساتھ جاری امن مذاکرات ناکام ہو گئے ہیں۔ فری سیریئن آرمی کے ترجمان کے مطابق ماسکو حکومت باغیوں سے ہتھیار ڈالنے کا مطالبہ کر رہی تھی، تاہم باغیوں کے انکار کے بعد مذاکرات ختم کر دیے گئے ہیں۔ یہ باغی اردنی سرحد سے جڑے شامی صوبے درعا کے بعض حصوں پر قابض ہیں۔ ان علاقوں پر کنٹرول کے لیے شامی فوج نے انیس جون سے زمینی اور فضائی حملے شروع کر رکھے ہیں۔ شامی فوج کو روسی عسکری تعاون بھی حاصل ہے۔

[pullquote]کینیڈا نے بھی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات کا نفاذ کر دیا[/pullquote]

کینیڈا نے درآمد کی جانے والی امریکی مصنوعات پر اضافی محصولات کے نفاذ کا اعلان کر دیا ہے۔ اتوار پہلی جولائی سے کینیڈین حکومت نے امریکی امپورٹس پر دس سے پچیس فیصد تک کے اضافی ٹیکس کا نافذ ہو جائے گا۔ اوٹاوا حکومت نے یہ فیصلہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے امریکا درآمد کی جانے والے مصنوعات پر محصولات عائد کرنے کے جواب میں کیا ہے۔ ان محصولات کے نفاذ کے اعلان سے قبل کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو اور امریکی صدر نے ٹیلی فون پر گفتگو بھی کی۔ ٹروڈو نے ٹرمپ پر واضح کیا کہ اضافی ٹیکسوں کے نفاذ کے علاوہ کوئی چارہ بچا نہیں ہے۔

[pullquote]امریکا ایرانی عوام کو حکومت کے مخالف کرنا چاہتا ہے، خامنہ ای[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر علی خامہ ای نے کہا ہے کہ امریکا، ایران پر اقتصادی پابندیاں عائد کر کے ایرانی عوام کو حکومت کے مخالف کرنا چاہتا ہے۔ خامنہ ای کا یہ بیان اُن کی ویب سائٹ پر جاری کیا گیا ہے۔ اس میں وہ مزید کہتے ہیں کہ واشنگٹن حکومت اقتصادی دباؤ بڑھا کر ایرانی قوم کو حکومتی نظام سے باہر نکالنے کی کوشش میں ہے۔ ایرانی سپریم لیڈر کا یہ بھی کہنا ہے کہ ماضی میں بھی امریکا کے چھ صدور ایسی کوششیں کر چکے ہیں، جو ناکامی سے ہمکنار ہوئی تھیں۔

[pullquote]انسانی اسمگلنگ کا انسداد، ملائیشیا میں قانون سخت کرنے پر غور[/pullquote]

ملائیشیا کی حکومت نے انسانی و مہاجرین کی اسمگلنگ کو روکنے کے لیے موجودہ قوانین میں ترمیم پر غور شروع کر دیا ہے۔ وزیراعظم مہاتیر محمد کی حکومت کی جانب سے یہ اعلان اُس امریکی رپورٹ کے بعد سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا تھا کہ ملائیشیا کی حکومت انسانی اسمگلنگ کے انسداد میں بظاہر ناکام دکھائی دیتی ہے۔ ملکی وزارت داخلہ کے مطابق متاثرین کے تحفظ اور اُن کو نقل و حمل کی آزادی کے علاوہ انسانی اسمگلروں کے لیے سخت سزائیں متعارف کرانے پر غور کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]حزب اللہ نے یمن میں اپنے جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی تردید کر دی[/pullquote]

لبنان کی شیعہ عسکری تنظیم حزب اللہ نے ایسی خبروں کی تردید کی ہے کہ یمن میں اُس کے جنگجو مارے گئے ہیں۔ قبل ازیں سعودی عرب کی قیادت میں قائم عسکری اتحاد نے رواں ہفتے ہی دعویٰ کیا تھا کہ الحدیدہ کی لڑائی کے دوران کم از کم آٹھ ایسے جنگجوؤں کی ہلاکت ہوئی ہے، جن کا تعلق حزب اللہ سے ہے۔ دوسری جانب جمعہ انتیس جون کو بیروت میں لبنانی تنظیم حزب اللہ کے رہنما حسن نصر اللہ نے اس حوالے سے کیے گئے سوال کا جواب دینے سے گریز کیا۔ یہ امر اہم ہے کہ ماضی میں لبنانی شیعہ لیڈر یمن میں اپنے جنگجو بھیجنے کی تردید ضرور کرتے رہے ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ کی امیگریشن پالیسی، تیس جون کو امریکا بھر میں احتجاجی مظاہرے[/pullquote]

امریکا میں آج ہفتہ تیس جون کو غیرقانونی مہاجرین سے بچوں کو جدا کرنے کے امریکی صدر ٹرمپ کے اقدام اور مہاجرت کی پالیسی کے خلاف احتجاجی مظاہرے کیے جا رہے ہیں۔ یہ مظاہرے امریکا کے تقریباً سبھی بڑے شہروں میں کیے جائیں گے۔ ان مظاہروں کا انتظام سول آزادی اور انسانی حقوق کی تنظیموں نے کیا ہے۔ منتظمین کے مطابق تیس جون کو تقریباً چھ سو احتجاجی مظاہروں میں ہزاروں افراد کی شرکت متوقع ہے۔ امریکا میں امیگریشن کی وکالت کرنے والے گروپوں نے ان مظاہروں کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کی پالیسی پر عوامی بیداری انتہائی اہم ہے۔

[pullquote]چین میں ٹریفک حادثہ، ڈیڑھ درجن ہلاکتیں[/pullquote]

چین کے وسطی حصے کی ایک شاہراہ پر ٹرک اور مسافر بس کے درمیان حادثے کے نتیجے میں ہونے والی ہلاکتیں اٹھارہ تک پہنچ گئی ہیں۔ چینی میڈیا کے مطابق ملک اس حادثے میں ایک درجن سے زائد افراد زخمی ہیں اور کئی کی حالت نازک ہے۔ ہونان صوبے میں یہ حادثہ جمعہ انتیس جون کی شام میں پیش آیا۔ حادثہ بارش میں ٹرک یا بس کے پھسل جانے سے رونما ہوا۔ عالمی ادارہٴ صحت کے مطابق چین میں ٹریفک کے ضوابط اور سڑکوں میں بہتری کے باوجود سالانہ بنیاد پر ٹریفک حادثات میں ہونے والی ہلاکتیں ڈھائی لاکھ سے زائد ہوتی ہیں۔

[pullquote]افریقی یونین کی سمٹ میں فرانسیسی صدر بھی شریک ہوں گے[/pullquote]

پچپن رکنی افریقی یونین کا دو روزہ سربراہ اجلاس اتوار یکم جولائی سے شروع ہو رہا ہے۔ اس اجلاس کی میزبانی موریطانیہ کر رہا ہے۔ سمٹ میں فرانس کے صدر ایمانوئل ماکروں بھی شرکت کریں گے۔ ماکروں کی کوشش ہے کہ افریقی براعظم کے انتشار کے شکار ساحل علاقے کی سکیورٹی کو بہتر بنانے پر خاص توجہ دی جائے۔ اتوار سے شروع ہونے والی سمٹ کے ایجنڈے پر آزاد تجارت کے ساتھ مختلف علاقوں میں مسلح تنازعات، مخدوش سکیورٹی حالات، کرپشن، سرمایہ کاری پر خاص طور پر توجہ مرکوز کرنا شامل ہے۔ اندازوں کے مطابق موریطانیہ کے دارالحکومت نواک شوٹ میں منعقدہ سربراہ اجلاس میں چالیس سے زائد سربراہان کی شرکت متوقع ہے۔

[pullquote]جرمنی کے سب سے بڑے اسٹیل پلانٹ کا ٹاٹا اسٹیل میں ضم ہونے کا فیصلہ[/pullquote]

جرمنی کے سب سے بڑے انڈسٹریل گروپ تھیسن کرُپ نے یورپ میں اپنے اسٹیل کے کاروبار کو ٹاٹا اسٹیل میں ضم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یہ فیصلہ جمعہ تیس جون کے روز تھیسن کرُپ کی بورڈ میٹنگ میں کیا گیا۔ بھارتی اور جرمن انڈسٹری کے ان دو بڑے ناموں کے مابین انضمام کے بارے میں مذاکرات گزشتہ دو برس سے جاری تھے۔ انضمام کے بعد بننے والی نئی کمپنی یورپ میں اسٹیل کی پیدوار کے حوالے سے دوسری بڑی کمپنی بن جائے گی۔ اس کمپنی کے پلانٹ جرمنی، برطانیہ اور ہالینڈ میں ہوں گے جب کہ صدر دفتر ہالینڈ میں قائم ہو گا۔

[pullquote]شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے، امریکی خفیہ ادارے[/pullquote]

امریکی خفیہ اداروں کے خیال میں شمالی کوریا جوہری ہتھیاروں کی تیاری جاری رکھے ہوئے ہے۔ این بی سی نیوز کے مطابق امریکی اداروں کی رائے میں شمالی کوریا نے متعدد خفیہ مقامات پر جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے ليے استعمال ہونے والے ايندھن کی پیداوار میں اضافہ کر دیا ہے۔ واشنگٹن کو خدشہ ہے کہ شمالی کوریا مذاکرات کے ذریعے صرف خود پر عائد پابندیاں نرم کرانے کا خواہاں ہے اور جوہری ہتھیاروں کی تیاری ترک کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے۔

[pullquote]میکسیکو میں صدارتی و پارلیمانی انتخابات پہلی جولائی کو ہوں گے[/pullquote]

شمالی امریکی ملک میکسیکو میں کل اتوار کے روز ہونے والے صدارتی انتخابات میں بائیں بازو کے امیدوار اندریس مانوئل لوپیز اوبراڈور کو رائے عامہ جائزوں کے مطابق بقیہ امیدواروں پر واضح سبقت حاصل ہے۔ ان جائزوں میں بتایا گیا کہ اوبراڈور اپنے قریب ترین حریف پر بیس پوائنٹس کی برتری رکھتے ہیں۔ اگر وہ الیکشن جیت گئے تو سن 1930 کے بعد صدارتی الیکشن جیتنے والے وہ پہلے بائیں بازو کے صدر ہوں گے۔ میکسیکو سٹی کے سابق میئر تیسری مرتبہ صدارتی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔ انہیں قدامت پسند فلپے کالڈیرون اور حکمران پارٹی سے تعلق رکھنے والے کارلوس سالیناس کے مقابلے کا سامنا ہے۔

[pullquote]جرمنی اور دوسرے یورپی ممالک نیٹو کے اخراجات میں مزید حصہ ڈالیں، ٹرمپ[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک مرتبہ پھر کہا ہے کہ مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے اخراجات میں اضافے کے لیے ضروری ہے کہ جرمنی اپنے دفاعی اخراجات کو بڑھائے۔ انہوں نے اس تناظر میں یہ بھی کہا کہ اسپین اور فرانس نے بھی امریکا کے ساتھ اخراجات کے حوالے سے نا انصافی کی ہے۔ رپورٹرز کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے اگلے ماہ روسی صدر کے ساتھ ہونے والی ملاقات میں الیکشن معاملے کو ایک مرتبہ پھر اٹھانے کا ذکر بھی کیا۔ انہوں نے امریکی الیکشن میں روسی مداخلت کے حوالے سے ایف بی آئی کی جاری تفتیش کی مذمت بھی کی۔

[pullquote]جنوب مغربی شام میں فائربندی، روس اور باغیوں کی بات چیت شروع[/pullquote]

اردنی ذرائع کے مطابق جنوب مغربی شام کے باغیوں نے علاقے سے انخلا کے لیے روس کے ساتھ بات چیت شروع کر دی ہے۔ ابھی تک باغیوں نے بات چیت میں کسی پیش رفت کے نہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔ یہ باغی اردنی سرحد سے جڑے شامی صوبے درعا کے بعض حصوں پر قابض ہیں۔ ان علاقوں پر کنٹرول کے لیے شامی فوج نے انیس جون سے زمینی اور فضائی حملے شروع کر رکھے ہیں۔ شامی فوج کو روسی عسکری تعاون بھی حاصل ہے۔ دوسری جانب شام کے میڈیا نے بتایا ہے کہ درعا صوبے کے شہر داعل پر شام کا قومی پرچم لہرا دیا گیا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے