پیر: 02 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]یورپی یونین مہاجرین کے مسئلے سے نمٹنے کے لیے اسپین اور یونان کو اضافی فنڈنگ فراہم کرے گی[/pullquote]

یورپی کمیشن اسپین اور یونان کو ایمرجنسی مدد فراہم کرے گا تاکہ وہ مہاجرت سے متعلق چیلنجز سے نمٹ سکیں۔ کمیشن کی طرف سے آج پیر کے روز اعلان کیا گیا ہے کہ ان دونوں ممالک کو اس سلسلے میں مجموعی طور پر 45.6 ملین یورو کی اضافی امداد فراہم کی جائے گی۔ اسپین اور یونان کے علاوہ اٹلی وہ تین یورپی ممالک ہیں جو مہاجرین کے بحران سے سب سے زیادہ متاثر ہیں۔ یورپی ممالک میں اس بارے میں ابھی تک عدم اتفاق قائم ہے کہ مہاجرین کے مسئلے سے کس طرح نمٹا جائے۔

[pullquote]بیلجیم حکام نے فرانس میں ہونے والی ایرانی اپوزیشن ریلی پر حملے کا منصوبہ ناکام بنا دیا[/pullquote]

بیلجیم حکام نے ایک جوڑے کو گرفتار کر لیا ہے، جن پر شبہ ہے کہ وہ فرانس میں ایرانی اپوزیشن کی ایک ریلی پر دہشت گردانہ حملہ کرنا چاہتے تھے۔ یہ بات بیلجیم سکیورٹی حکام کی طرف سے آج پیر کے روز بتائی گئی ہے۔ گرفتار کیے جانے والے میاں بیوی عامر ایس اور نسیمہ این ایرانی نژاد بیلجیئن شہری ہیں۔ ان پر الزام ہے کہ یہ ہفتے کے روز پیرس کے نواحی علاقے میں ہونے والی ایرانی اپوزیشن گروپ پیپلز مجاہدین آف ایران کی طرف سے منعقد کردہ ایک ریلی میں بم نصب کرنا چاہتے تھے۔ اس جوڑے کی گاڑی سے نصف کلو دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا۔

[pullquote]یورپی کمیشن کی پولینڈ کے خلاف کارروائی[/pullquote]

یورپی کمیشن نے پولش حکومت کی جانب سے سپریم کورٹ کے ججوں کی قبل از وقت ریٹائرمنٹ کے مجوزہ اقدام کے خلاف قانونی چارہ جوئی شروع کر دی ہے۔ برسلز میں یورپی کمیشن کے ایک ترجمان کے مطابق پولینڈ کو اس سلسلے میں اپنا موقف واضح کرنے کے لیے ایک ماہ کی مہلت دی گئی ہے۔ یورپی کمیشن نے اسے معاہدے کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔ پولینڈ میں منظور کیے جانے والے ایک قانون کی رو سے ججوں کو ستر کے بجائے پینسٹھ سال کی عمر میں ریٹائر کر دیا جائے گا۔ اس قانون پر کل تین جولائی سے جولائی سے عمل درآمد شروع ہو گا۔

[pullquote]ٹرمپ کی اوپیک پر تنقید[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے تیل پیدا کرنے والے ممالک کی تنظیم اوپیک پر تنقید کی ہے۔ ٹرمپ نے اوپیک کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ تیل کی منڈی پر اثر انداز ہونے سے باز رہے۔ ساتھ ہی ٹرمپ نے امریکا کے اتحادی ملک سعودی عرب پر دباؤ ڈالتے ہوئے کہا ہے کہ وہ ایران کی تیل کی برآمدات میں کمی کو پورا کرنے کے لیے اپنی پیداوار بڑھائے۔ تاہم ریاض حکومت کہہ چکی ہے کہ ضرورت پڑنے پر تیل کی ترسیل میں اضافہ کیا جا سکتا ہے۔ امریکا کی جانب سے تہران حکومت پر پابندیوں کے اعلان کے بعد سے بین الاقوامی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں بتدريج اضافہ ہو رہا ہے۔

[pullquote]مالٹا: لائف لائن کے کپتان ضمانت پر رہا[/pullquote]

مالٹا کی ایک عدالت نےجرمن ریسکیو شپ لائف لائن کے کپتان کلاؤس پیٹر رائش کو ضمانت پر رہا کر دیا ہے۔ عدالت نے تاہم انہیں جزیرہ نہ چھوڑے کا حکم دیا ہے۔ ان پر الزام ہے کہ انہوں نے تمام قانونی تقاضے پورے کیے بغیر مالٹا کی بندرگاہ پر اپنا جہاز لنگر انداز کیا تھا۔ کپتان کلاؤس پیٹر رائش نے ان الزامات کو مسترد کیا ہے۔ لائف لائن نے گزشتہ ہفتے بحیرہ روم میں 230 مہاجرین کو بچایا تھا۔ تاہم کسی بھی ملک کی جانب سے اجازت نہ ملنے کی وجہ سے یہ جہاز کئی دنوں تک بین الاقوامی پانیوں میں پھنسا رہا تھا۔

[pullquote]سی ایس یو کے ساتھ مصالحت کی گنجائش موجود ہے، سی ڈی یو[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی جماعت سی ڈی یو کے خیال میں مہاجرین کے موضوع پر ’سی ایس یو‘ کے ساتھ مصالحت کی گنجائش موجود ہے۔ سی ڈی یو کے مطابق یہ جماعت مشترکہ اقدامات کے حوالے سے اتفاق رائے کی خواہش مند ہے۔ اس اجلاس میں چانسلر میرکل کی مکمل حمایت کا اعلان بھی کیا گیا۔ مہاجرین کے موضوع پر سی ڈی یو اور اس کی ہم خیال جماعت سی ایس یوکے مابین شدید تنازعہ پایا جاتا ہے۔ اس تناظر میں سی ایس یو سے تعلق رکھنے والے وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر مستعفی ہونے کی پیشکش بھی کر چکے ہیں۔

[pullquote]امریکا کو جوابی اقدامات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے، یورپی کمیشن[/pullquote]

یورپی یونین نے گاڑیوں پر اضافی محصولات عائد کرنے کی صورت میں امریکا کو بڑے پیمانے پر جوابی اقدامات کی دھمکی دی ہے۔ یورپی کمیشن کے مطابق اسٹیل اور ایلمونیم پر واشنگٹن کی جانب سے عائد اضافی ٹیکس کو معیار بنایا جائے تو امریکی مصنوعات بھی 294 ارب ڈالر کے جوابی محصولات کی زد میں آ سکتی ہیں۔ مزید یہ کہ اس طرح امریکی معیشت کو 14ارب ڈالر تک کا نقصان ہو سکتا ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے یورپ سے درآمد کی جانے والی کاروں اور گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات پر اضافی محصولات عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔

[pullquote]بھارت میں پانچ افراد کا سرعام قتل، تئیس مشتبہ ملزمان گرفتار[/pullquote]

بھارت میں پانچ افراد کو سرعام قتل کرنے کے جرم میں مبینہ طور پر ملوث تئیس افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس نے بتایا کہ ریاست مہاراشٹر کے ضلع دھولے میں اتوار کے روز مقامی افراد نے آٹھ افراد کو بچے اغوا کرنے کے شبے میں پکڑا تھا، جن میں سے تین فرار ہو کر اپنی جانیں بچانے میں کامیاب ہو گئے جبکہ پانچ کو مار مار کر موقع پر ہی ہلاک کر دیا تھا۔ پولیس کے ایک بیان کے مطابق اس واقعے کی ویڈیو دیکھنے کے بعد یہ گرفتاریاں آج پیر کو عمل میں آئیں۔ بھارت میں حالیہ ہفتوں میں مشتعل شہریوں کے کئی گروہ پچیس سے زائد افراد کو ہلاک کر چکے ہیں۔

[pullquote]بائیں بازو کے آندریس اوبرادور نے میکسیکو کے صدارتی انتخابات جیت لیے[/pullquote]

میکسیکو کے صدارتی انتخابات بائیں بازو کے آندریس مانوئل لوپیز اوبرادور نے جیت لیے ہیں۔ ایک سرکاری اعلان کے مطابق اوبرادور کوتقریباً 54 فیصد ووٹ ملے۔ نو منتخب صدر نے عوام سے آمرانہ طرز حکومت کے بغیر ملک میں بڑے پیمانے پر تبدیلیوں کا وعدہ کیا ہے۔ قدامت پسند ریکاردو آنایا تیئس فیصد جبکہ حکومتی جماعت ( پی آر آئی) کے خوزے انتونیو مئیادے بھی قریب ایک چوتھائی ووٹروں کی حمایت حاصل کر پائے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اوبرادور کو ان کی کامیابی پر مبارک باد دی ہے۔

[pullquote]اردن شام کے موضوع پر روس سے مذاکرات کرے گا[/pullquote]

اردن اسی ہفتے شام کے موضوع پر روس سے مذاکرات کرے گا۔ اردن کی وزیر خارجہ ایمن الصفدی نے آج پیر کو بتایا کہ وہ ماسکو میں اپنے روسی ہم منصب سیرگئی لاوروف سے ملاقات کریں گے۔ ان کے بقول اس دوران جنوب مغربی شام کی انسانی بحران کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے فائر بندی کے موضوع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اقوام متحدہ کے مطابق جنوب مغربی شام میں باغیوں کے خلاف جاری کارروائی کی وجہ سے ایک لاکھ ساٹھ ہزار افراد بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]اٹلی اور لیبیا کے کوسٹ گارڈز کا ہنگامی مرکز قائم کرنے کا مشترکہ منصوبہ[/pullquote]

اطالوی کوسٹ گارڈز لیبیا کے ساحلی محافظوں کے ساتھ مل کر ایک ہنگامی مرکز قائم کرنے کی تیاری کر رہے ہیں۔ ایک اخباری رپورٹ کے مطابق ’اورورا‘ نامی اس منصوبے کو بعد ازاں یورپی کمیشن مالی تعاون فراہم کرے گا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ ادائیگیاں افریقہ کے لیے یورپی یونین کے ٹرسٹ فنڈ سے کی جائیں گی۔ اس مرکز کے قیام کا مقصد بحیرہ روم سے بچائے جانے والے مہاجرین کو واپس شمالی افریقہ پہنچانا ہے۔ بائیں بازو کے رہنما آندریخ ہنکو نے اس منصوبے کو ’قوموں کے حقوق‘ کی خلاف ورزی قرار دیا ہے۔

[pullquote]جنوبی کوریائی صدر اس ماہ بھارت کا دورہ کریں گے[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن آٹھ سے گیارہ جولائی تک بھارت کا دورہ کریں گے۔ سیئول میں حکام کے مطابق صدر اِن کی بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات میں اقتصادی روابط کے موضوع پر بات چیت متوقع ہے۔ ایک بیان میں کہا گیا کہ بھارت صرف معاشی حوالے سے نہیں بلکہ جزیرہ نما کوریا میں امن کے قیام کی کوششوں کی وجہ سے بھی جنوبی کوریا کا ایک اہم ترین ساتھی بنتا جا رہا ہے۔ صدر اِن اپنے بھارتی ہم منصب رام ناتھ کووند سے بھی ملیں گے۔ دونوں ممالک کے مابین 1973ء میں سفارتی تعلقات قائم ہوئے تھے۔

[pullquote]مہاجرین کے مراکز قائم کرنے کے یورپی منصوبے میں مصر شامل نہیں[/pullquote]

مصر نے مہاجرین کے مراکز قائم کرنے کے یورپی منصوبے میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔ مصری پارلیمان کے اسپیکر علی عبدالعال کے مطابق ایسے یورپی مراکز کا قیام مصر کے ملکی قوانین اور آئین کی خلاف ورزی ہو گا۔ ان کے بقول مصر میں پہلے ہی مختلف ممالک کے دس ملین مہاجرین موجود ہیں۔ یورپی یونین نے مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ میں مہاجرین کے لیے مراکز قائم کرنے پر اتفاق کیا ہے، جن میں یورپ سےنکالے جانے والے اور یورپ آنے کے خواہش مند مہاجرین کو رکھا جائے گا۔ البانیہ، مراکش، تیونس اور الجزائر اس منصوبے کی مخالفت کر چکے ہیں۔

[pullquote]سویڈن میں جنسی تعلقات سے متعلق نیا ملکی قانون نافذ[/pullquote]

سویڈن میں جنسی تعلقات سے متعلق نیا قانون نافذ ہو گیا ہے۔ ’لاء آف انڈرسٹینڈنگ‘ نامی اس قانون کے تحت کسی بھی جنسی رابطے سے قبل فریقین کی اس عمل پر ’واضح اور قابل شناخت آمادگی‘ لازمی ہے، ورنہ اسے جنسی زیادتی سمجھا جائے گا۔ اس نئے قانون کا مقصد جنسی نوعیت کے جرائم کی روک تھام ہے۔ ناقدین اس نئے قانون کو اس لیے متنازعہ قرار دے رہے ہیں کہ آئندہ اس قانون کو سویڈش عدالتوں میں کیسے استعمال کیا جاتا ہے اور یہ کیسے طے کیا جائے گا کہ کسی بھی فریق کی طرف زبانی رضامندی ظاہر کی گئی تھی یا نہیں اور آیا وہ کافی تھی۔

[pullquote]فیفا ورلڈ کپ: روس اور کروشیا کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئ[/pullquote]

روس اور کروشیا فٹ بال کے عالمی کپ مقابلوں کے کوارٹر فائنلز میں پہنچ گئے ہیں۔ ان دونوں ممالک کے میچوں میں فیصلہ پنلٹی شوٹ آؤٹ کی بنیاد پر ہوا۔ پہلے پری کوراٹر فائنل میں میزبان ملک روس نے اسپین کو تین کے مقابلے میں چار گول سے شکست دی جبکہ ایک دوسرے میچ میں کروشیا نے ڈنمارک کو تین دو سے ہرا دیا۔ روس اور کروشیا اب سات جولائی کو سوچی میں ایک دوسرے کے مد مقابل ہوں گے۔ آج پیر کے روز برازیل کی ٹیم میکسیکو کے خلاف کھیلے گی جبکہ جاپان کا مقابلہ بیلجیم سے ہو گا۔

[pullquote]جرمن وزیر داخلہ زیہوفر دونوں عہدوں سے مستعفی ہونے پر تیار[/pullquote]

جرمن وزیر داخلہ ہورسٹ زیہوفر نے وزیر داخلہ اور کرسچن سوشل یونین (سی ایس یو) کی سربراہی دونوں عہدوں سے مستعفی ہونے کی پیشکش کی ہے۔ زیہوفر کے مطابق وہ آج پیر کو چانسلر میرکل کی جماعت (سی ڈی یو) کی قیادت سے بات چیت کریں گے۔ ان کے بقول انہیں مہاجرین کے مسئلے پر دونوں جماعتوں کے مابین اتفاق رائے کی امید ہے۔ زیہوفر چاہتے ہیں کہ کسی دوسرے یورپی ملک میں پہلے سے رجسٹرڈ مہاجرین کو جرمن سرحدوں سے ہی واپس بھیج دیا جائے۔ میرکل ان کے اس منصوبے کی مخالف ہیں۔ زیہوفر کی جماعت برلن میں وفاقی مخلوط حکومت میں شامل ہے اور ان کا استعفیٰ جرمنی میں حکومتی بحران پیدا کر سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے