اتوار:08 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ کے ایشیائی دورے کی اگلی منزل ویت نام[/pullquote]

امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا اور جاپان کا دورہ مکمل کرنے کے بعد آج اتوار کی شام ویتنام پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے دو روزہ دورے کے دوران ویتنام کے وزیرخارجہ کے علاوہ دیگر اہم حکومتی شخصیات سے ملاقاتیں کریں گے۔ اس دورے میں جزیرہ نما کوریا کی صورت حال کو زیر بحث لایا جائے گا۔ امکاناً پومپیو کی ویتنام کے وزیراعظم کے علاوہ حکمران کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ نوئن پھُو ترانگ سے بھی ملاقات ہو سکتی ہے۔ اتوار ہی کو امریکی وزیر خارجہ نے اپنے جاپانی و جنوبی کوریائی ہم منصبوں کے ساتھ شمالی کوریا کے ساتھ تعلقات کو بہتر کرنے پر اتفاق کیا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ کے عسکریت پسندوں کی پسپائی[/pullquote]

امریکی اور افغان افواج کے ایک مشترکہ فوجی مشن میں ’اسلامک اسٹیٹ‘ سے تعلق رکھنے والے عسکریت پسندوں کی پسپائی کے بعد علاقے کو کلیئر قرار دے دیا گیا ہے۔ یہ فوجی کارروائی مشرقی افغان صوبے ننگر ہار کے ایک ضلع دیہہ بالا میں کی گئی۔ پاکستانی سرحد کے قریب واقع اس علاقے میں اپریل میں شروع کیا جانے والا عسکری آپریشن جون کے اوائل میں تکمیل پا گیا تھا۔ دیہہ بالا میں زیر زمین چھپائے گئے تمام ہتھیاروں اور بارودی مواد کی صفائی کے بعد ہی اس آپریشن کی کامیابی کا اعلان کیا گیا ہے۔ دوسری جانب جنوبی افغانستان میں ایک داخلی یا انسائیڈر حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک ہو گیا ہے۔ اس حملے میں دیگر دو امریکی فوجی زخمی بتائے گئے ہیں۔

[pullquote]ایتھوپیا اور اریٹیریا کے رہنماؤں کی ملاقات[/pullquote]

ایتھوپیائی وزیراعظم ابئی احمد اور اریٹریائی صدر اسیاس افویر کی ملاقات ہوئی ہے۔ یہ ملاقات اریٹیریا کے دارالحکومت اسمارا کے انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر ہوئی۔ احمد کا اسمارا پہنچنے پر شاندار استقبال کیا گیا۔ اس پیشرفت کے بعد توقع کی جا رہی ہے کہ دونوں ملکوں کے درمیان تقریباً دو دہائیوں سے جاری سرحدی تنازعے کے خاتمہ ہو سکے گا۔ ایتھوپیا کے اصلاحات پسند وزیراعظم ابئی احمد نے چند ہفتے قبل اس تنازعے کو ختم کرنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کے سرحدی کمیشن کے فیصلے کو تسلیم کرنے کا اعلان کیا تھا۔

[pullquote]نیپالی جنگی جرائم کے قوانین بین الاقوامی معیارات کے منافی ہیں، مبصر گروپس[/pullquote]

انسانی حقوق کے نمایاں مبصرین اور تنظیموں نے کہا ہے کہ نیپال میں ایسی کوششیں جاری ہیں جن سے خونی و مسلح خانہ جنگی کے دوران جنگی جرائم کا ارتکاب کرنے والے ملزمان کو آسانیاں مل سکیں۔ یہ بھی کہا گیا کہ ایسی قانونی کوششیں بین الاقوامی معیارات کے منافی ہیں اور ان کی وجہ سے سنگین ملزمان بھی قانون کے شکنجے میں نہیں آ سکیں گے۔ سن 2015 میں نیپالی سپریم کورٹ نے بھی انہی خدشات کے مطابق فیصلہ دیا تھا۔ انسانی حقوق کے گروپوں کے مطابق ایسی کوششیں جاری ہیں کہ دستوری ترامیم کے ذریعے پہلے سے موجود قوانین کو مزید نرم کر دیا جائے۔ یہ خدشات ہیومن رائٹس واچ اور انٹرنیشنل کمیشن آف جیورسٹس کے مبصرین کی جانب سے سامنے آئے ہیں۔

[pullquote]جنوبی سوڈان کے امن مذاکرات[/pullquote]

خانہ جنگی کے شکار ملک جنوبی سوڈان کے متحارب لیڈروں کے درمیان ہونے والی ملاقات میں پہلے اہم معاملات کو مذاکرات میں اصولی طور پر حل کرنے پر اتفاق کیا گیا ہے۔ جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر نے اپنے مخالف لیڈر ریک مچار کے ساتھ یوگنڈا کے دارالحکومت کمپالا میں گزشتہ روز ملاقات کی جو دس گھنٹے تک جاری رہی۔ جنوبی سوڈان میں خانہ جنگی کو روکنے کے لیے ثالثی کے فرائض یوگنڈا اور سوڈان صدر سرانجام دے رہے ہیں۔ اس پر بھی اتفاق ہو گیا ہے کہ ریک مچار کو دوبارہ سے اول نائب صدر مقرر کیا جائے گا۔ اس مناسبت سے تمام تفصیلات کو حتمی فائربندی ڈیل میں شامل کیا جائے گا۔

[pullquote]ایبولا مرض کے انسداد کے لیے مغربی افریقی اقوام متحد[/pullquote]

مغربی افریقی اقوام نے مہلک مرض ایبولا کے وائرس کے مکمل انسداد کے لیے ایک خصوصی مشترکہ فنڈ قائم کیا ہے۔ اس کا نام ویسٹ افریقن وائرس ایپیڈیمولوجی پراجیکٹ رکھا گیا ہے۔ اس کے لیے آئیوری کوسٹ کے مالیاتی مرکز عابی جان کے نواح میں واقع شہر بنگر وِل میں ایک ریسرچ ہیڈکوارٹرز قائم کیا جائے گا۔ مغربی افریقی اقوام نے اس مرکز میں ریسرچ کے لیے لاکھوں ڈالر دینے پر بھی اتفاق کیا ہے۔ عابی جان میں منعقدہ اجلاس میں بینین، برکینا فاسو، گھانا، آئیوری کوسٹ، نائجیریا اور ٹوگو کے علاوہ جمہوریہ کانگو کے حکومتی اہلکاروں اور ریسرچرز نے شرکت کی۔ ایبولا کا وائرس وسطی افریقی ممالک سے مغربی افریقی ممالک کی جانب بڑھنے کا خطرہ پیدا ہو گیا ہے۔

[pullquote]ٹرمپ ایک ہفتے کے دورے پر یورپ میں[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ایک ہفتے پر محیط دورے پر منگل کو یورپ کے لیے روانہ ہو رہے ہیں۔ ٹرمپ کے اس دورے کو امریکا اور اس کے نیٹو اتحادیوں کے درمیان کشیدہ تعلقات میں بہتری کے لیے ایک امتحان قرار دیا جا رہا ہے۔ اس دورے میں ٹرمپ روسی صدر ولادیمیر پوٹن سے بھی ملاقات کریں گے۔ پوٹن کے ساتھ یہ ملاقات ٹرمپ کے اس دورے کی آخری منزل ہیلسنکی میں ہو گی۔ ٹرمپ اس دورے میں سب سے پہلے بیلجیم جائیں گے، جب کہ اس کے بعد انہیں انگلینڈ اور اسکاٹ لینڈ پہنچنا ہے۔

[pullquote]تھائی لینڈ میں ایک غار میں پھنسے چھ نوجوان ریسکیو[/pullquote]

تھائی لینڈ میں ایک غار میں گزشتہ کئی روز سے پھنسے 13 لڑکوں میں سے چھ کو ریسکیو کر لیا گیا ہے۔ تھائی وزارت دفاع نے ان خبروں کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جلد ہی یہ نوجوان غار سے باہر نکل آئیں گے۔ غار میں پھنسے ان نوجوانوں کی بازیابی کے لیے آپریشن کا آغاز آج ہوا تھا، تاہم اس آپریشن کے وقت صحافیوں کو اس غار سے دور ہٹا دیا گیا تھا اور اسی تناظر میں اس مقام سے اطلاعات کی فراہمی مشکلات کا شکار ہے۔ یہ اطلاعات بھی ہیں کہ اس علاقے سے ایک ریسکیو ہیلی کاپٹر کو دور جاتے دیکھا گیا ہے۔

[pullquote]یہودی مخالف حملہ، جرمنی میں دس افراد گرفتار[/pullquote]

جرمن پولیس نے مبینہ طور پر سامیت دشمنی کے تناظر میں کیے گئے حملے کے الزام میں دس مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق برلن کے ایک پارک میں ہونے والے اِس حملے میں حملہ آور اور متاثرین دونوں شامی ہیں، تاہم پولیس نے ان حملہ آوروں یا متاثرہ افراد کی شہریت سے متعلق تفصیلات جاری نہیں کی ہیں۔ اتوار کی صبح اس حملے کے بعد تین خواتین سمیت 15 تا 25 برس عمروں کے ایک گروپ کو حراست میں لیا گیا۔

[pullquote]متحدہ عرب امارات نے لازمی فوجی سروس کی مدت میں اضافہ کر دیا[/pullquote]

متحدہ عرب امارات نے ہائی اسکول گریجویٹ کرنے والے لڑکوں کے لیے لازمی فوجی خدمات کی مدت 12 ماہ سے بڑھا کر 16 ماہ کر دی ہے۔ ہفتے کی شب یہ اعلان اماراتی مسلح افواج کی جانب سے جاری کیا گیا۔ فوجی بیان کے مطابق لازمی فوجی سروس ملک کی سیاسی، عسکری، قومی، سماجی اور اقتصادی صورت حال کے لحاظ سے ایک نہایت کارآمد عمل ثابت ہوئی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے سن 2014 میں 18 تا 30 برس کی عمر کے مردوں کے لیے لازمی فوجی سروس کا آغاز کیا تھا۔

[pullquote]دو ایرانی سفارت کاروں کی بے دخلی، تہران میں ڈچ سفیر طلب[/pullquote]

تہران حکومت نے ایران کے دو سفارت کاروں کی بے دخلی کے ڈچ فیصلے کے خلاف احتجاج کے لیے ہالینڈ کے سفیر کو طلب کر لیا ہے۔ ایرانی خبر رساں ادارے اِرنا نے وزارت خارجہ کے ترجمان کے حوالے سے کہا ہے کہ سفارت کاروں کی ملک بدری ’غیردوستانہ اور غیرتعمیری‘ عمل تھا۔ اس سے قبل یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ ہالینڈ میں دو ایرانی سفارت کاروں کو گزشتہ دو ماہ میں ملک سے بے دخل کیا جا چکا ہے۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان کے مطابق ایران، ڈچ حکومت کے اس اقدام کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔

[pullquote]اقتصادی جنگ میں یورپ کے پاس ’ایک کارڈ‘ موجود ہے، بین الاقوامی مالیاتی فنڈ[/pullquote]

عالمی مالیاتی فنڈ کا کہنا ہے کہ چین اور امریکا کے درمیان ’اقتصادی جنگ‘ میں یورپی یونین کے پاس کھیلنے کے لیے ’تاش کا پتا‘ موجود ہے۔ عالمی مالیاتی فنڈ کی سربراہ کرسٹین لاگارڈ نے ہفتے کے روز کہا کہ اگر یورپی یونین اس معاملے پر یکجا موقف اختیار کر لے، تو اس کی قوت میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقتصادی جنگ میں یورپ امریکا اور چین کے درمیان ایک ’اسٹریٹیجک‘ خطہ ہے۔ ان کے بقول مالیاتی کھیل میں یورپ اقتصادی طاقت کے توازن کا باعث بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے بات چیت جاری رہے گی، پومپیو[/pullquote]

امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ پیونگ یانگ حکومت کے جوہری پروگرام کے خاتمے کے لیے بات چیت جاری رہیں گی۔ ٹوکیو میں اپنے جاپانی اور جنوبی کوریائی ہم منصبوں کے ساتھ ملاقات کے بعد پومپیو نے کہا کہ شمالی کوریا کے ساتھ متعدد امور پر پیش رفت ہو چکی ہے، جب کہ بعض معاملات پر ابھی کام ہونا باقی ہے۔ ان نے اس یقین کا اظہار کیا کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن گزشتہ ماہ سنگاپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے ساتھ جوہری ہتھیاروں کے خاتمے کے وعدے پر قائم ہیں۔

[pullquote]ترکی میں نئے حکم نامے کے تحت اٹھارہ ہزار سے زائد ملازمین برطرف[/pullquote]

ترک حکام نے ایک انتظامی حکم نامے کے تحت ساڑھے اٹھارہ ہزار سرکاری ملازمین کو برطرف کر دیا ہے۔ ان ملازمین میں پولیس، فوج اور تدریس کے شعبے سے وابستہ افراد شامل ہیں۔ اتوار کے روز سامنے آنے والےاس سرکاری حکم نامے کے مطابق جولائی 2016 میں ہونے والی ناکام فوجی بغاوت سے تعلق کے شبے میں سرکاری ملازمین کی برطرفی کا یہ ’آخری‘ حکم نامہ ہے۔ بیان میں بتایا گیا ہے کہ برطرف کیے جانے والے افراد میں سے قریب نو ہزار کا تعلق پولیس سے اور چھ ہزار سے زائد کا تعلق فوج سے ہے۔ ترک حکام نے اس سے قبل عندیہ دیا تھا کہ ملک میں نافذ ’ہنگامی حالت‘ پیر تک ختم ہو سکتی ہے۔

[pullquote]جاپان میں شدید بارشیں، ہلاکتوں کی تعداد 65 ہو گئی[/pullquote]

جاپان میں ہونے والی شدید بارشوں کے نتیجے میں ہلاک شدگان کی تعداد 65 ہو گئی ہے۔ اتوار کے روز جاپانی نشریاتی ادارے این ایچ کے نے بتایا کہ ان بارشوں کے باعث 65 افراد لاپتا ہیں، جن کی تلاش کا کام جاری ہے۔ جاپان کے مغربی شہر ہیروشیما اور اس کے نواحی علاقے ان بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں۔ رپورٹوں کے مطابق ہیروشیما اور قریبی علاقوں سے قریب ساڑھے تین ملین افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔

[pullquote]بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں تین کشمیری مظاہرین ہلاک[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینز اسٹولٹن برگ نے جرمنی سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کرے۔ برسلز میں نیٹو کے سربراہی اجلاس سے قبل اسٹولٹن برگ نے جرمنی کی جانب سے دفاعی اخراجات میں اضافے کے وعدے کی تعریف کی، تاہم کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ جرمنی اس بابت مزید اقدامات اٹھائے گا۔ اسٹولٹن برگ نے نیٹو کے رکن ممالک سے ایک مرتبہ پھر استدعا کی کہ وہ سن 2024 تک اپنی مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد دفاعی اخراجات کی مد میں خرچ کرنے کے ہدف کو پورا کریں۔

[pullquote]جرمنی دفاعی اخراجات میں اضافہ کرے، نیٹو سربراہ[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے سیکرٹری جنرل ژینز اسٹولٹن برگ نے جرمنی سے مطالبہ کیا ہےکہ وہ اپنے دفاعی اخراجات میں اضافہ کرے۔ برسلز میں نیٹو کے سربراہی اجلاس سے قبل اسٹولٹن برگ نے جرمنی کی جانب سے دفاعی اخراجات میں اضافے کے وعدے کی تعریف کی، تاہم کہا کہ وہ توقع کرتے ہیں کہ جرمنی اس بابت مزید اقدامات اٹھائے گا۔ اسٹولٹن برگ نے نیٹو کے رکن ممالک سے ایک مرتبہ پھر استدعا کی کہ وہ سن 2024 تک اپنی مجموعی قومی پیداوار کا دو فیصد دفاعی اخراجات کی مد میں خرچ کرنے کے ہدف کو پورا کریں۔

[pullquote]کلب فٹ بال پسند ہے، قومی فٹ بال نہیں، سٹنگ[/pullquote]

انگلش سپر اسٹار موسیقار سٹِنگ نے کہا ہے کہ وہ ورلڈ کپ میں اپنی قومی ٹیم کی کارکردگی کی بابت سوچ کر ہلکان نہیں ہوتے۔ انہوں نے کہا کہ وہ قومی ٹیم کے فٹ بال ٹورنامنٹس کو ’نیشنلسٹک‘ سمجھتے ہیں۔ 66 سالہ موسیقار نے کہا کہ وہ کلب فٹ بال سے زیادہ لطف لیتے ہیں۔ واضح رہے کہ ہفتے کے روز انگلینڈ نے سویڈن کو صفر کے مقابلے میں دو گول سے شکست دے کر سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا تھا۔ پہلا سیمی فائنل فرانس اور بلیجیم کے مابین جبکہ دوسرا سیمی فائنل انگلینڈ اور کروشیا کے مابین کھیلا جائے گا۔

[pullquote]تھائی لینڈ، غار میں پھنسے نوجوانوں کی بازیابی کے لیے کارروائی شروع[/pullquote]

تھائی لینڈ میں ایک غار میں پھنسے فٹ بال ٹیم کے بارہ نوجوان کھلاڑیوں اور ان کے کوچ کو باہر نکالنے کے لیے بالاآخر کارروائی شروع کر دی گئی ہے۔ اس امدادی کارروائی کے نگران نارونگ سک اوسوتاناکورن نے صحافیوں کو بتایا کہ غار میں پھنسے نوجوان اس آپریشن کے لیے تیار ہیں۔ ان کے بقول مزید بارشوں کی پیشن گوئی کی وجہ سے امدادی ٹیم کے پاس محدود وقت ہے۔ اس موقع پر غار کے پاس ذرائع ابلاغ کے تمام کیمپوں کو ہٹا دیا گیا ہے۔ جب کہ غوطہ خوروں کی بڑی تعداد اس غار کے باہر موجود ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے