شادی کے7 ماہ بعد شوہر نے بیوی کو قتل کرکے خودکشی کرلی

پشاورکے مضافاتی علاقہ تھانہ انقلاب کی حدود احمد خیل میں معمولی تکرار پر شوہر نے اپنی اہلیہ کو قتل کرنے کے بعد فائرنگ کرکے اپنی زندگی کا بھی خاتمہ کردیا۔

احمد خیل کے رہائشی نیاز گل نے تھانہ انقلاب پولیس کوبتایا کہ تقریباً 7ماہ قبل اس کے بیٹے 22 سالہ رحمن گل کی شادی 18 سالہ نادیہ گل سے ہوئی تھی اوردونوں احمد خیل میں ہی ایک الگ گھر میں رہائش پذیر تھے۔

انہوں نے بتایا کہ اتوار کے روز دونوں کے مابین کسی بات پرمعمولی تکرار ہوئی جس پر رحمن گل نے طیش میں آکر اپنی اہلیہ کو فائرنگ کرکے قتل کردیا اوربعد میں اپنی زندگی کاخاتمہ کرنے کیلئے خود پر بھی فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں وہ شدید زخمی ہوگیا،

مجروح کو طبی امداد کیلئے لیڈی ریڈنگ اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں بعد ازاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ایس پی صدر سرکل شوکت خان کے مطابق رحمن گل کے ایک ہمسایہ نے انہیں بتایا کہ وقوعہ سے چند لمحے قبل رحمن گل کی اپنی اہلیہ کے ساتھ تکرار کی آوازیں آرہی تھی اور پھر اچانک فائرنگ کے بعد خاموشی چھاگئی، جب انہوں نے اندر دیکھا تو دونوں خون میں لت پت پڑے تھے۔ رحمن نے شدید زخمی حالت میں اپنے والد کو بتایا تھا کہ اس نے اپنی اہلیہ کے ساتھ تکرار کے بعد یہ اقدام اٹھایا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے