پشاور خودکش حملے کا مقدمہ درج، شہر کی فضا سوگوار، 10 شہدا سپردخاک

پشاور: یکہ توت خودکش حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے جب کہ حملے میں شہید ہونے والے 20 میں سے 10 افراد کی اجتماعی نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد انہیں سپرد خاک کردیا گیا۔

گزشتہ رات پشاور کے علاقے یکہ توت میں خودکش حملہ آور نے عوامی نیشنل پارٹی کی کارنر میٹنگ کے دوران خود کو دھماکے سے اڑالیا جس کے نتیجے میں اے این پی امیدوار ہارون بلور سمیت 20 افراد شہید ہوگئے۔

یکہ توت حملے کے بعد شہر کی فضا سوگوار ہے اور شہر کی کاروباری سرگرمیاں جزوی طور پر معطل ہیں جب کہ عوامی نیشنل پارٹی کی جانب سے سوگ کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔

خود کش حملے کا مقدمہ تھانہ سی ٹی ڈی میں درج کیا گیا ہے، مقدمہ ایس ایچ او تھانہ آغا میر جانی شاہ واجد علی کی مدعی میں درج کیا گیا جس میں انسداد دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

خیبرپختونخوا بار کونسل نے بھی واقعے پر تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے آج عدالتی کارروائی کا بائیکاٹ کردیا ہے جس کے باعث وکلاء آج عدالتوں میں پیش نہیں ہوں گے۔

دوسری جانب شہدا کی نماز جنازہ کا سلسلہ جاری ہے اور 10 شہدا کی اجتماعی نماز جنازہ ادا کرکے انہیں رحمان بابا قبرستان میں سپرد خاک کردیا گیا۔

حملے میں شہید ہونے والے اے این پی کے رہنما ہارون بلور کی نماز جنازہ شام 5 بجے ادا کی جائےگی جس میں اے این پی قیادت کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنما بھی شریک ہوں گے۔

اے این پی سندھ کے صدر شاہی سید ہارون بلور کی نماز جنازہ میں شرکت کے لیے پشاور روانہ ہوگئے ہیں۔

علاوہ ازیں لیڈی ریڈنگ اسپتال انتظامیہ نے جاں بحق افراد کی فہرست جاری کردی ہے جس کے مطابق جاں بحق ہونےوالوں میں ہارون بلور کےعلاوہ آصف خان، محمد شعیب، محمد نعیم، یاسین، حاجی محمد گل، نجیب اللہ، عابد اللہ، حذیفہ، عارف حسین، اخترگل، عمران، رضوان ضمیر خان، اسرار، ثمین، صادق اور خان محمد شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے