لندن: ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر جھگڑے کے بعد گرفتار مریم اور حسین نواز کے بیٹے رہا

لندن: ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر جھگڑے کے بعد گرفتار ہونے والے پاکستان مسلم لیگ (ن) کی رہنما مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور ان کے بھائی حسین نواز کے صاحبزادے ذکریا حسین کو رہا کردیا گیا۔

میٹرو پولیٹن پولیس کے مطابق گزشتہ روز ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر حملے میں ملوث 2 افراد کو حراست میں لیا گیا اور بغیر چارج کیے چھوڑ دیا گیا، تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

لندن پولیس کے مطابق واقعے میں ایک معمولی زخمی شخص کو اسپتال لے جایا گیا، جسے طبی امداد دے کر فارغ کردیا گیا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز مریم نواز کے بیٹے جنید صفدر اور حسین نواز کے بیٹے ذکریا اور ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر مظاہرہ کرنے والے ایک شخص کے درمیان تلخ کلامی ہاتھا پائی میں بدل گئی تھی۔

اسی دوران پولیس موقع پر پہنچی اور ایک نوجوان کو مکا مارنے کے الزام میں جنید صفدر کو گرفتار کرلیا۔

لندن پولیس نے حسین نواز کے بیٹے ذکریا کی گرفتاری کی بھی تصدیق کی تھی۔

جنید صفدر کا موقف تھا کہ ایون فیلڈ ہاؤس کے باہر موجود مظاہرین نے ان پر تھوکا، حملہ کرنے کی کوشش کی اور چھتری اٹھا کر پھینکی۔

دوسری جانب جنید صفدر کی والدہ مریم نواز کا کہنا تھا کہ ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر موجود پی ٹی آئی کے کارکن جب بھی جنید کو دیکھتے تھے تو گالیاں دیتے تھے اور کوئی بھی ہو گالیاں دینے پر رد عمل تو دیتا ہے۔

واضح رہے کہ ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کے باہر گزشتہ چند روز سے سابق وزیراعظم نواز شریف کے حامی اور مخالفین کے درمیان نعرے بازی کا سلسلہ جاری ہے۔

9 جولائی کو بھی ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مشتعل افراد نے مظاہرہ کیا، اس موقع پر سابق وزیراعظم نواز شریف کے گھر میں داخلے کے وقت احتجاج کیا گیا جبکہ ان کے صاحبزادے حسین نواز کے فلیٹ کا دروازہ توڑنے کی بھی کوشش کی گئی۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اعجاز گل پر ٹرالی بھی پھینکی گئی۔

اس سے اگلے ہی روز ایون فیلڈ فلیٹس کے باہر مسلم لیگ (ن) اور پاکستان تحریک انصاف کے حامیوں کے درمیان ہاتھاپائی اور نعرے بازی کا واقعہ پیش آیا، جس کے بعد پولیس نے مسلم لیگ برطانیہ کے صدر ناصر بٹ اور تحریک انصاف کے دو کارکنوں کو حراست میں لے لیا تھا۔

یاد رہے کہ احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کو 10 سال، ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 7 سال جبکہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا کا حکم سنایا تھا۔

دوسری جانب ایون فیلڈ ریفرنس میں ہی نامزد نواز شریف کے صاحبزادوں حسن اور حسین نواز کو احتساب عدالت اشتہاری قرار دے کر ان کا کیس الگ کرچکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے