الیکشن 2018 : آج کی اہم خبریں

[pullquote]جی ڈی اے کا پیپلز پارٹی کے گڑھ سے انتخابی جلسوں کا آغاز[/pullquote]

صوبہ سندھ میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مخالفت اور اسے عام انتخابات میں شکست دینے کے لیے بنائے گئے سیاسی اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) نے مخالف پارٹی کے گڑھ سے ہی طاقتور انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔
جی ڈی اے نے پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کے آبائی ضلع بے نظیر آباد (سابقہ نوابشاہ) سے سیاسی جلسوں کا آغاز کیا۔
جی ڈی اے پیپلز پارٹی کو ٹف ٹائم دینے کے لیے بے نظیر آباد سمیت سندھ کے متعدد اضلاع میں بڑے جلسے کرنے جا رہا ہے، جس میں اتحاد کے اعلیٰ رہنما خطاب کریں گے۔

[pullquote]انتخابی عمل میں دخل اندازی پر 3 ماہ قید 10 ہزار جرمانہ[/pullquote]

25 جولائی کو پولنگ کے دوران کون ساکام غیرقانونی تصورہوگا،الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نےوضاحت کردی ہے۔
ای سی پی کے مطابق اپنی شناخت چھپانے اور کسی دوسرے کی جگہ ووٹ ڈالنے کی کوشش کو سنگین جرم قرار دیا گیا ہے جبکہ پولنگ کی جگہ پر قبضےاور عملے سے بیلٹ پیپر یا بیلٹ باکس چھیننا بھی جرم تصور کیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن نے کہا کہ کسی شہری کو ووٹ ڈالنے سے روکنے والے کو بھی مجرم قرار دیا جائے گا۔
الیکشن کمیشن کے مطابق مذکورہ جرائم کے مرتکب افراد کو 3 ماہ قید، 10 ہزار روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دی جاسکیں گی۔
پریذائیڈنگ افسر مجرم کا سمری ٹرائل کرتے ہوئے سزاسنا کرجیل بھیج سکے گا،الیکشن کمیشن

[pullquote]ایاز صادق کی گاڑی پر پولیس کا دھاوا؟[/pullquote]

قومی اسمبلی کے سابق اسپیکر اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقے این اے 129 کے امیدوار ایاز صادق نے اپنی ایک ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ پولیس نے ان کی گاڑی پر دھاوا بول دیا۔
ایاز صادق نے اپنی ٹوئیٹ میں دعویٰ کیا کہ پولیس نے نہ صرف ان کی گاڑی پر دھاوا بول دیا، بلکہ قریبی مسجد کے مناروں سے ان پر آنسو گیس کی شیلنگ اور پتھراؤ بھی کیا گیا۔
ساتھ ہی ایاز صادق نے اپنی ٹوئیٹ میں ایک تصویر شیئر کی جس میں وہ اپنی گاڑی میں ساتھیوں سمیت سوار دکھائی دیے۔
ان کی گاڑی کے پیچھے بھی کئی گاڑیاں تھیں، جب کہ پولیس اہلکاربھی وہاں موجود تھے۔

[pullquote]انتخابات 2018: الیکشن کمیشن کا تربیت کے دوران عملے کی تضحیک پر نوٹس[/pullquote]

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات 2018 کے نتائج کے منتقلی نظام کے حوالے سے عملے کو تربیت فراہم کرنے والے استاد کی جانب سے تضحیک پر نوٹس لے لیا۔
الیکشن کمیشن کے ترجمان کے مطابق اگر استاد کی جانب سے عملے کی تربیت کے دوران تضحیک کے واقعے کی تصدیق ہوئی تو ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ الیکشن کمیشن نے سوشل میڈیا رپورٹس کا نوٹس لے لیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زیر تربیت کسی بھی شخص کے پاس اسمارٹ فون نہ ہونے پر ان کی تضحیک نہ کی جائے، اگر کسی پولنگ اسٹاف کے پاس اسمارٹ فون نہیں، تو اسے کسی صورت مجبور نہ کیا جائے۔
ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ خلاف ورزی کی صورت میں ٹرینرز کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔

[pullquote]مستونگ واقعہ: مسلم لیگ (ن) کا قومی سوگ پر سیاسی سرگرمیاں معطل کرنے کا اعلان[/pullquote]

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے سانحہ مستونگ کے سلسلے میں قومی سوگ پر اپنی سیاسی سرگرمیوں کو معطل کرنے کا اعلان کردیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر اپنے ایک پیغام میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ انتخابات سے 10 روز قبل سیاسی جلسوں پر حملے تشویشناک ہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی)، نگران حکومت اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ذمہ داری ہے کہ وہ امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو فول پروف سیکیورٹی فراہم کریں۔
سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان کا مستقبل صاف و شفاف اور پُرامن انتخابات سے منسلک ہے۔

[pullquote]تحریک انصاف کی انتخابی مہم میں بچے بھی میدان میں آگئے[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کی انتخابی مہم میں حصہ لینے کے لیے بچے بھی میدان میں آگئے ہیں۔
پی ٹی آئی کی جانبس ے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایک ٹوئٹ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بچے تحریک اںصاف کے جھنڈے ہاتھوں میں لیے کھڑے ہیں۔
ٹوئٹ میں لکھا گیا ہے کہ یہ بچے 2018 کے انتخابات میں ووٹ نہیں ڈال سکتے لیکن یہ اپنے والدین کو اس طرف راغب کرسکتے ہیں کہ وہ ان کے بہتر مستقبل کے لیے عمران خان کو ووٹ دیں۔
ٹوئٹ میں کہا گیا کہ آج پاکستان کا ہر بچہ سیاسی طور پر آگاہ ہے اور یہ آگہی عمران خان کی جانب سے دی گئی ہے۔

[pullquote]عام انتخابات: پاکستانی طالبہ کا قوم کے نام پیغام[/pullquote]

عام انتخابات کا وقت جیسے جیسے قریب آرہا ہے، ویسے ہی انتخابی گہما گہمی بھی بڑھتی جارہی ہے، جبکہ ایسے میں اسکولز اور کالجز کے طلبہ بھی 25 جولائی کے دن کے لیے خاصے پر جوش دکھائی دیتے ہیں۔
عائشہ طارق بھی 7ویں جماعت کی طالبہ ہیں، جنہوں نے انتخابات کے حوالے سے قوم کو ایک اہم پیغام دیا ہے۔
عائشہ ملکی سیاست میں دلچسپی رکتھی ہیں، جنہوں نے اپنے پیغام میں قوم سے کہا ہے کہ ووٹ ایک قومی امانت ہے، لہذا یہ ہمارا فرض ہے کہ ہم ایک ایماندار سیاستدان کا انتخاب کریں۔
انہوں نے ویڈیو پیغام میں کہا کہ عوام سوچ سمجھ کر ووٹ ڈالیں تاکہ اقتدار میں آنے والا شخص صادق و امین ہو، کیونکہ بعد میں یہی سیاستدان غریب عوام کے مسائل کو بھول جاتے ہیں۔
عائشہ کا کہنا تھا کہ ‘آپ کا ووٹ اہم ہے، جس سے صحت، تعلیم اور بہتر روز گار کیساتھ قوم کا مستقبل منسلک ہے ، لہذا ووٹ کی قیمت کو سمجھیں’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے