زمبابوے کے خلاف چوتھا ون ڈے: فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان چوتھے ایک روزہ میچ میں اوپنر فخر زمان ڈبل سنچری بنانے والے پہلے پاکستانی کھلاڑی بن گئے۔

اس کے ساتھ ہی پاکستانی اوپنرز نے ایک روزہ میچ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ون ڈے کرکٹ کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت بھی قائم کردی۔

دونوں ممالک کے درمیان 5 ایک روزہ میچ کی سیریز کے چوتھے میچ میں پاکستانی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو بالکل درست ثابت ہوا۔

اوپنر فخر زمان اور امام الحق نے اننگ کا آغاز جارحانہ انداز میں کیا اور دونوں کھلاڑیوں نے نہ صرف سینچریز اسکور کی بلکہ پاکستان کی طرف سے سب سے طویل اوپننگ شراکت قائم کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔

فخر زمان نے نہ صرف ڈبل سینچری اسکور کی بلکہ وہ پہلے پاکستانی بھی بن گئے جنہوں نے ون ڈے کرکٹ میں 200 رنز بنائے، اس سے قبل 21 سال قبل سعید انور نے ون ڈے میں 194 رنز اسکور کیے تھے۔

سعبد انور کی جانب سے بنایا گیا یہ ریکارڈ 21 برس تک ان کے پاس رہا، جسے آج نوجوان کھلاڑی نے توڑ دیا۔

میچ میں دونوں نوجوان کھلاڑیوں نے نہ صرف پہلے پاکستان کی سب سے بڑی اوپننگ شراکت 228 رنز کا ریکارڈ توڑا بلکہ ون ڈے کرکٹ میں اوپننگ کا سب سے بڑا ریکارڈ 286 کو بھی توڑ کر 290 رنز اسکور کرلیے۔

خیال رہے کہ پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جانے والی سیریز پہلے ہی پاکستان اپنے نام کرچکا ہے جبکہ قومی کپتان چوتھا اور آخری میچ جیت کر وائٹ واش کرنے کے خواہش مند ہیں۔

اس سے قبل ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کرنے والے کپتان سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ آج کے میچ میں اوپنرز کو لمبی کر کھیلنے کا موقع دیا گیا جبکہ ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی۔

پاکستان ٹیم میں کپتان سرفراز احمد، فخر زمان، امام الحق، بابر اعظم، شعیب ملک، آصف علی، فہیم اشرف، شاداب خان، یاسر شاہ، جنید خان اور عثمان خان شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے