اتوار : 22 جولائی 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]تجارتی کشیدگی میں کمی کے لیے مکالمت ضروری، جی ٹوئنٹی اجلاس[/pullquote]

ارجنٹائن میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے صدور کے اجلاس کے اختتامی اعلامیے کی دستاویز کے مطابق دنیا کی بیس بڑی معیشتوں کے ان نمائندوں نے کہا ہے کہ بین الاقوامی سطح پر بڑھتی ہوئی تجارتی اور جغرافیائی کشیدگی عالمی اقتصادی ترقی کے لیے خطرہ ہیں۔ اجلاس کے شرکاء نے اتوار کے روز کہا کہ اس عالمی اقتصادی خطرے کے تدارک کے لیے زیادہ جامع اور نتیجہ خیز مکالمت کی ضرورت ہے۔ خبر ایجنسی روئٹرز کے مطابق جی ٹوئنٹی کے وزراء نے یہ بات اجلاس کے اختتامی اعلامیے کے اس مسودے میں کہی ہے، جس میں حتمی منظوری سے قبل ترامیم ابھی ممکن تھیں۔

[pullquote]افغان حکومت عیدالضحیٰ پر فائربندی کر سکتی ہے، ترجمان افغان صدر[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی کے ترجمان ہارون چاکان سُوری نے امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل کی اُس رپورٹ کی تصدیق کی ہے کہ کابل حکومت اگلے مہینے عید قربان کے موقع پرفائربندی کا اعلان کر سکتی ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ عید کے قریب ہی فائربندی کے اعلان کا امکان ہے۔ رواں برس رمضان کے اختتام پر عیدالفطر کے وقت غنی حکومت نے طالبان عسکریت پسندوں کے خلاف عسکری کارروائیوں کو کچھ ایام کے لیے روک دیا تھا۔ اس کے جواب میں طالبان کی جانب سے تین روز جنگ بندی کی گئی تھی اور غیر مسلح طالبان مختلف شہروں میں بھی داخل ہوئے تھے۔ عید الضحیٰ بائیس اگست کو منائے جانے کا امکان ہے۔

[pullquote]جاپان میں شدید گرمی کی لہر، ایک درجن سے زائد ہلاکتیں[/pullquote]

جاپان میں شدید گرمی کی لہر کی لپیٹ میں آ کر کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ان میں سے بارہ افراد لو لگنے سے ہلاک ہوئے۔ ہلاک شدگان میں زیادہ تر عمر رسیدہ افراد تھے۔ جولائی کے پہلے دو ہفتوں کے دوران گرمی کی شدت سے متاثرہ افراد کی تعداد بارہ ہزار سے زائد بتائی گئی ہے اور کئی ایک کو ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ ہفتہ اکیس جولائی کو جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہیٹ اسٹروک کے متاثرین کے لیے تین ہزار سے زائد مرتبہ ایمبولینسیں روانہ کی گئی تھیں۔ اتوار بائیس جولائی کو کئی شہروں میں درجہٴ حرارت چالیس ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے۔

[pullquote]کیوبا: پارلیمنٹ نے نئے صدر کی کابینہ کی توثیق کر دی[/pullquote]

کیوبن پارلیمنٹ نے نئے صدر میگوئل ڈیاز کانیل کی کابینہ کی توثیق کر دی ہے۔ اس کابینہ میں زیادہ تر وزراء وہی ہیں جو سابق صدر راؤل کاسترو کی حکومت میں شامل تھے۔ سابقہ حکومت کے وزیر خارجہ برونو روڈریگو کو اسی منصب پر برقرار رکھا گیا ہے۔ پارلیمنٹ میں ملکی دستور میں مجوزہ ترامیم کا ایک پیکج بھی پیش کیا گیا ہے۔ یہ ترامیم سن 1976 کے دستور کے لیے تجویز کی گئی ہیں۔ ان تجاویز میں عدالتی نظام میں تبدیلی، اقتصادی معاملات کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کرنا اور ہم جنس پرستوں کی شادیوں کی راہ ہموار کرنے سے متعلق ہیں۔ پارلیمنٹ کی منظوری کے بعد ان دستوری ترامیم پر عوامی ریفرنڈم کا انعقاد کرایا جائے گا۔

[pullquote]کابل ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر خود کش دھماکہ، گیارہ افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل کے بین الاقوامی ایئر پورٹ کے داخلی راستے پر اتوار کے روز کیے گئے ایک خود کش بم حملے کے نتیجے میں حکام کے مطابق گیارہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ حکام نے بتایا کہ یہ دھماکہ اس وقت ہوا جب کئی سیاسی رہنماؤں سمیت درجنوں افراد افغان نائب صدر عبدالرشید دوستم کا ترکی سے وطن واپسی پر استقبال کرنے کے لیے ایئر پورٹ پر جمع تھے ۔ دوستم مئی سن 2017 سے ترکی میں جلاوطنی کی زندگی گزار رہے تھے۔ وہ افغان صدر اشرف غنی کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر اتوار کے روز واپس کابل پہنچے۔ افغان جنگی سردار اور ملکی نائب صدر جنرل عبدالرشید دوستم کو اپنے خلاف تشدد، اغوا اور ریپ کے الزامات کا سامنا ہے۔

[pullquote]مغربی ایران میں زلزلے کے جھٹکے، سو سے زائد افراد زخمی[/pullquote]

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے مغربی حصے میں اتوار کے روز ریکٹر اسکیل پر پانچ اعشاریہ نو شدت کا زلزلہ ریکارڈ کیا گیا۔ صوبے کرمان شاہ میں اس زلزلے کے نتیجے میں ایک سو اٹھائیس افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔ اس سے چند گھنٹے قبل ایرانی صوبے ہرمزگان میں بھی دو بار زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے تھے، جن سے مختلف دیہات میں کئی عمارتوں کو نقصان پہنچا۔ گزشتہ برس نومبر میں بھی ایرانی صوبے کرمان شاہ میں سات اعشاریہ تین شدت کا زلزلہ آیا تھا، جس کے نتیجے میں چھ سو بیس افراد ہلاک اور ہزاروں زخمی ہو گئے تھے۔

[pullquote]سویڈن میں جنگلاتی آگ پر قابو پا لیا گیا[/pullquote]

سویڈش حکام نے بتایا ہے کہ فائربریگیڈ عملے نے ان تھک محنت اور کوششوں سے ملک کے جنگلات میں مختلف مقامات پر لگی ہوئی آگ پر قابو پا لیا ہے۔ اس بیان کے مطابق آگ کے پھیلاؤ کا سلسلہ اب رُک گیا ہے۔ ایمرجنسی سروسز کا کہنا ہے کہ ابھی بھی جنگلات میں چالیس سے پچاس مقامات پر آگ لگی ہوئی ہے اور اُسے بجھانے کی کوششیں جاری ہیں، تاہم اب صورت حال سنگین نہیں رہی ہے۔ اٹلی، فرانس اور جرمنی کے آگ بجھانے والے بڑے طیارے بھی سویڈن کی جنگلاتی آگ کو بجھانے میں شریک ہیں۔

[pullquote]افغان نائب صدر دوستم کی جلاوطنی ختم اور واپسی[/pullquote]

افغانستان کے نائب صدر عبدالرشید دوستم اپنی جلاوطنی ختم کر کے اتوار بائیس جولائی واپس وطن لوٹ آئے ہیں۔ افغان حکام کے مطابق ایئرپورٹ پر اُن کا اعلیٰ اہلکار استقبال کیا۔ حالیہ ہفتوں میں شمالی افغانستان کے بعض شہروں میں دوستم کے حامیوں نے کئی مرتبہ اُن کی واپسی کے حق میں مظاہرے کیے تھے۔ شمالی افغانستان کے یہی علاقے سابق جنگی سردار کا گڑھ سمجھے جاتے ہیں۔ مبصرین کے مطابق صدر اشرف غنی کی ہدایت پر ہی نائب صدر دوستم نے واپسی کا فیصلہ کیا ہے اور واپس پہنچ کر اپنی سرکاری ذمہ داریاں بھی سنبھال لیں گے۔ وہ ایک سال قبل اپنے سیاسی مخالف کے ریپ اور ٹارچر کی تفتیش کے تناظر میں ملک چھوڑ کر ترکی چلے گئے تھے۔

[pullquote]لاس اینجلس سپر مارکیٹ حملہ، حملہ آور نے ہتھیار پھینک دیے[/pullquote]

امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر لاس اینجلس کی ایک سپر مارکیٹ میں ایک حملہ آور نے گھس کر کئی افراد کو یرغمال بنا لیا۔ حملہ آور اور پولیس کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ بھی ہوا۔ پولیس کے مطابق یہ کارروائی خاندانی تنازعے کا نتیجہ ہے۔ حملہ آور کی گولی سے سپر مارکیٹ کی ایک نوجوان خاتون ملازمہ ہلاک ہو گئی۔ بعد ازاں حملہ آور نے ہتھیار پھینکتے ہوئے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا، جس کے بعد سپر مارکیٹ میں موجود تمام یرغمالیوں کو رہائی مل سکی۔ پولیس کے مطابق سپر مارکیٹ کا نام ٹریڈر جوز ہے اور یہ لاس اینجلس کے نواحی علاقے سلور لیک میں واقع ہے۔

[pullquote]شمالی آئرلینڈ میں اسقاط حمل کے قوانین نرم کرنے کا مطالبہ[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بتایا ہے کہ اُس کے فوجی دستوں نے جنوبی شام میں آٹھ سو ’وائٹ ہیلمٹ‘ امدادی ورکروں اور اُن کے اہلِ خانہ کو اردن پہنچا دیا ہے۔ ریڈیو کے مطابق ان امدادی کارکنوں کے انخلا کی اپیل امریکا اور یورپی اقوام نے کی تھی۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ انخلا کی یہ کارروائی حکومت کی ہدایت پر کی گئی تھی۔ دوسری جانب اردن نے واضح کیا ہے کہ وہ ان وائٹ ہیلمٹ شامی رضاکاروں کو برطانیہ، کینیڈا اور جرمنی منتقل کر دے گا۔ شامی رضاکاروں کی یہ تنظیم خانہ جنگی کے دوران سن 2013 میں قائم کی گئی تھی۔

[pullquote]اسرائیل نے شام میں سے 800 افراد بچا کر اردن پہنچا دیا[/pullquote]

اسرائیلی فوج کے ریڈیو نے بتایا ہے کہ اُس کے فوجی دستوں نے جنوبی شام میں آٹھ سو ’وائٹ ہیلمٹ‘ امدادی ورکروں اور اُن کے اہلِ خانہ کو اردن پہنچا دیا ہے۔ ریڈیو کے مطابق ان امدادی کارکنوں کے انخلا کی اپیل امریکا اور یورپی اقوام نے کی تھی۔ اسرائیلی ڈیفنس فورسز کی جانب سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ انخلا کی یہ کارروائی حکومت کی ہدایت پر کی گئی تھی۔ دوسری جانب اردن نے واضح کیا ہے کہ وہ ان وائٹ ہیلمٹ شامی رضاکاروں کو برطانیہ، کینیڈا اور جرمنی منتقل کر دے گا۔ شامی رضاکاروں کی یہ تنظیم خانہ جنگی کے دوران سن 2013 میں قائم کی گئی تھی۔

[pullquote]ویتنامی سیلابوں نے ڈیڑھ درجن سے زائد ہلاک کر دیے[/pullquote]

جنوب مشرقی ایشیائی ملک ویتنام میں سمندری طوفان سون تنھ کے باعث موسلادھار بارشوں سے آنے والے سیلابوں کی لپیٹ میں آ کر ہونے والی ہلاکتیں انیس ہو گئی ہیں۔ ابھی تک تیرہ افراد لاپتہ بھی ہیں اور ان کی تلاش جاری ہے۔ زیادہ تر ہلاکتیں فلیش فلڈ کے باعث ہوئی ہیں۔ پندرہ ہزار مکانات تباہی کا شکار ہوئے اور ایک لاکھ ہیکٹر سے زائد رقبے پر کھڑی فصلیں ضائع ہو گئی ہیں۔ ندی نالے اور خشک دریاؤں کے سیلابی پانی کئی دیہات، قصبات اور شہروں میں داخل ہو گیا ہے۔ دارالحکومت ہنوئی کے ایک قریبی ضلع چونگ مائی کے رہائشیوں کو فوری طور پر محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی گئی ہے۔

[pullquote]جی ٹوئنٹی وزرائے خزانہ کا اجلاس، اختلافات برقرار[/pullquote]

ارجنٹائن کے دارالحکومت بیونس آئرس میں جی ٹوئنٹی کے وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکوں کے سربراہان کے دو روزہ اجلاس میں امریکا اور اُس کے اتحادی یورپی یونین کے درمیان تجارتی معاملات پر اختلافات برقرار ہیں۔ امریکی وزیر خزانہ اسٹیون منوچِن نے اس مناسب سے کوئی رعایت دینے سے انکار کر دیا۔ انہوں نے اجلاس میں تقریر کرتے ہوئے چین اور یورپی یونین سے کہا کہ وہ آزاد، شفاف اور دو طرفہ تجارت کا احترام کریں۔ منوچن نے یورپی اقوام پر واضح کیا کہ وہ اگر آزاد تجارت پر یقین رکھتے ہیں تو امریکا محصولات ختم کرنے اور رعایت دینے کے حوالے سے سمجھوتا کرنے پر تیار ہو جائے گا۔ اس اجلاس میں فرانسیسی وزیر خزانہ نے جواباً امریکی تجارتی پالیسی پر سخت تنقید کی۔

[pullquote]ایرانی قیادت کے خلاف امریکی مہم[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے ایران کے اہم رہنماؤں کے خلاف جارحانہ مہم شروع کر دی ہے۔ اس مناسبت سے اخبارات و جرائد کے علاوہ آن لائن بھی ایسے مضامین اور بیانات جاری کیے جائیں گے، جو ایران میں پائی جانے والی عوامی بےچینی کے حق میں ہوں گے۔ اس مہم کے ذریعے تہران حکومت پر دباؤ بڑھانا بھی ہے تا کہ وہ اپنے جوہری پروگرام سے بھی دستبردار ہو جائے۔ امریکی حکومت کے موجودہ اور سابق اہلکاروں نے بتایا ہے کہ ایران مخالف مہم کو موجودہ وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور قومی سلامتی کے مشیر جان بولٹن کی حمایت حاصل ہے۔ یہ مہم رواں برس آٹھ مئی سے زیادہ شدت اختیار کر گئی ہے جب امریکی صدر نے ایرانی جوہری ڈیل سے علیحدگی اختیار کی تھی۔

[pullquote]بھارتی فوج کی فائرنگ، کشمیر میں تین باغیوں کی ہلاکت[/pullquote]

بھارت کے زیر انتظام کشمیر میں فوج اور باغیوں کے درمیان ہونے والی جھڑپ میں تین باغیوں کو ہلاک کر دیا گیا ہے۔ ریاستی پولیس کے مطابق مخبری پر پولیس اور فوج کے دستوں نے جنوبی حصے کے گاؤں خودوانی میں دھاوا بول کر علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔ بعد میں باغیوں نے بھارتی سکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کر دی اور جوابی کارروائی میں وہ ہلاک ہو گئے۔ اس جھڑپ میں چند سکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ یہ جھڑپ ایسے وقت میں ہوئی ہے، جب ایک روز قبل مشتبہ عسکریت پسندوں نے ایک پولیس اہلکار کو اغوا کر کے ہلاک کر دیا تھا۔

[pullquote]افریقہ سے اقتصادی تعلقات مستحکم کیے جائیں گے، چینی صدر[/pullquote]

چین کے صدر شی جن پنگ نے مغربی افریقی ملک سینگال کے صدر سے ملاقات کے بعد کہا ہے کہ اُن کا ملک افریقی ممالک کے ساتھ اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم کرے گا۔ چینی صدر ہفتہ اکیس جولائی کو متحدہ عرب امارات کا دورہ مکمل کر کے سینگال پہنچے تھے۔ وہ آج سینیگال سے ایک اور افریقی ملک روانڈا کے لیے روانہ ہو جائیں گے۔ شی جن پنگ اپنے اس موجودہ دورے کے اختتام پر پانچ ملکوں کی تنظیم برکس کی سمٹ میں بھی شرکت کریں گے۔ یہ سہ روزہ سربراہ اجلاس جنوبی افریقہ کے شہر جوہانس برگ میں پچیس جولائی سے شروع ہو گا۔ چینی صدر اپنی مدت صدارت کے دوران براعظم افریقہ کے چوتھے دورے پر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے