ملک بھرمیں جاری انتخابی مہم کا آج آخری روز

اسلام آباد: الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق ملک بھر میں انتخابی مہم کا آج آخری روز ہے اور تمام سرکردہ سیاسی جماعتوں نے عوامی مقبولیت کے پاور شو کی تیاریاں کرلی ہیں۔

ملک میں نئے عوامی نمائندوں کا انتخاب 25 جولائی کوہوگا لیکن قانون کے مطابق سیاسی جماعتیں اورآزاد امیدواروں کے پاس انتخابی جلسوں کا آج آخری روز ہے، سیاسی اکھڑنے میں اترنے والوں کو آج رات 12 بجے اپنی انتخابی مہم کو ہر صورت ختم کرنا ہوگا۔

الیکشن کمیشن نے انتخابی مہم کے حوالے سے سیاسی جماعتوں، امیدواروں اورمیڈیا کے لیے ہدایات نامہ بھی جاری کردیا ہے، جس کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اور امیدوارپولنگ کے روزسے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں، 23 اور 24 جولائی کی درمیانی شب انتخابی مہم ختم کر دی جائے، اس کے بعد کسی قسم کے جلسے جلوس، ریلیوں یا کارنرمیٹنگز پر پابندی ہوگی۔ پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا پربھی سیاسی جماعتوں کے اشتہارات آج رات کے بعد چلانے پرپابندی ہوگی۔

[pullquote]سیاسی جماعتوں کی انتخابی سرگرمیاں[/pullquote]

انتخابی مہم کے آخری دن ملک کی تمام سیاسی جماعتیں آج اپنی طاقت کے بھرپوراظہارکے لیے تیارہیں۔ مسلم لیگ (ن) کے صدرشہباز شریف آج ڈیرہ غازی خان اورراولپنڈی میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کریں گے جب کہ حمزہ شہباز لاہور میں موچی گیٹ سے داتا دربار تک ریلی کی قیادت کریں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے انتخابی مہم کا آخری دن لاہور کے کھلاڑیوں کے نام کیا ہے۔ وہ این اے 125، 128، 131 اور این اے 134 میں کارکنوں اور عوام سے خطاب کریں گے۔

چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری بھی جیکب آباد اور شکار پور میں جلسوں سے خطاب کریں گے، وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں متحدہ مجلس عمل کی جانب سے پاور شو ہورہا ہے، جس سے مولانا فضل الرحمان اورسراج الحق سمیت دیگر قائدین خطاب کریں گے۔ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی جانب سے آج کراچی کے لیاقت آباد فلائی اورپرمیں آخری انتخابی جلسہ کیا جارہا ہے۔

واضح رہے کہ الیکشن ایکٹ 2017 کے مطابق الیکشن ایکٹ 2017 کی شق 182 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اورامیدوارپولنگ کے روزسے 48 گھنٹے پہلے انتخابی مہم ختم کرنے کے پابند ہیں، اس کی خلاف ورزی کرنے پر ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دو سال قید یا دونوں سزائیں ہو سکتی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے