(ن) لیگ کی نوازشریف کی علالت پر تشویش، جیل انتظامیہ پر سہولیات نہ دینے کا الزام

لاہور: مسلم لیگ (ن) نے میاں نوازشریف کی علالت پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اڈیالہ جیل انتظامیہ پر سابق وزیراعظم کو سہولیات فراہم نہ کرنے کا الزام لگایا ہے۔

ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا پانے والے نوازشریف ان دنوں اڈیالہ جیل میں قید ہیں جہاں ان کی طبعیت ناساز ہے جس کے باعث سابق وزیراعظم کے طبی معائنے کے لیے میڈیکل بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ نوازشریف کی جیل میں طبیعت خراب ہونے پر پاکستانی قوم کو سخت تشویش ہے، جیل انتظامیہ نے نواز شریف کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا جس کے باعث ان کی حالت تشویشناک ہوئی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ شہبازشریف نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ کو خط بھی لکھا تھا جس میں نوازشریف کو بنیادی سہولیات فراہم کرنے کی اپیل کی گئی تھی۔

[pullquote]شہبازشریف کا بیان[/pullquote]

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے صدر شہبازشریف کی جانب سےجاری بیان میں کہا گیا ہےکہ (ن) لیگ کے قائد نوازشریف کی جیل میں علالت پرسخت تشویش ہے، مطالبے کے باوجود جیل انتظامیہ نےسابق وزیراعظم کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا، ان کی طبیعت خرابی پر مجھ سمیت خاندان کے کسی فرد کوکیوں آگاہ نہیں کیا گیا؟

انہوں نےکہاکہ میں نے نگران وزیراعظم اور وزیراعلیٰ سے نوازشریف کے ذاتی معالج کی رسائی کا مطالبہ کیا تھا لیکن نگران حکومت نے میرے مطالبے کو نظر انداز کردیا۔

صدر مسلم لیگ (ن) کا کہنا تھاکہ نواز شریف کو دل کی شدید تکلیف ہے، انہیں علاج کی بنیادی سہولیات فراہم کرنا جیل انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، ایک مرتبہ پھر سابق وزیراعظم کو ڈاکٹرز کی رپورٹ کے مطابق اسپتال منتقلی کی اپیل کرتا ہوں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے