آج الیکشن ہے، کہیں آپ بے وقوف تو نہیں بن رہے؟؟

آج پورے پاکستان میں انتخابات ہو رہے ہیں جن میں ساڑھے دس کروڑ عوام اپناحق رائے دہی استعمال کریں گے ۔ یہ انتخابات ایک عجیب و غریب فضا میں ہو رہے ہیں ۔ ابھی تک قوم خود کش دھماکوں کے خوف سے باہر نہیں نکلی جن میں عوامی نیشنل پارٹی کے امیدوار صوبائی اسمبلی بیرسٹر ہارون بلور ، بلوچستان عوامی پارٹی کے نوابزادہ سراج رئیسانی ، پاکستان تحریک انصاف کے اکرام اللہ گنڈا پور سمیت تقریبا اڑھائی سو افراد شہید ہو گئے تھے ۔ ملک میں قومی اسمبلی کے دو جبکہ صوبائی اسمبلیوں کے سات حلقوں میں انتخابات ملتوی ہو چکے ہیں ۔ مبصرین کے مطابق عدلیہ کے فیصلے اور مختلف جماعتوں کو پرو اسٹیبلشمینٹ اور اینٹی اسٹیبلشمینٹ کے ترازو میں رکھ کر تولنے کے تاثر نے ماحول کو الزامی اور انتہائی آلودہ بنا دیا ہے ۔ اس تاثر کی وجہ سے کئی ایسے نعرے بھی سنے گئے جو کسی صورت پاکستان کے مفاد میں نہیں تھے اور غیر ملکی میڈیا نے ان نعروں کو مخصوص زاویے دیکر اپنا ایجنڈا چلانے کی کوشش کی ۔

انتخابات میں اس موقع پر افواہوں کا بھی بازار گرم ہے اور ووٹروں کا ذہن بدلنے کی مذموم کوششیں بھی کی جارہی ہیں ۔ مثلاً سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ دیکھی جسے ہزاروں لوگوں نے شئیر کیا ہے ۔ اس پوسٹ میں نواز شریف اور مریم نواز کی طرف سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ شیر پر ٹھپہ لگانے کے بعد بیلٹ پیپر پر “ووٹ کو عزت دو” بھی لکھیں . ایک پوسٹ میں لکھا تھا بلے کے نشان پر مہر لگانے کے بعد شیر کے نشان پر کراس لگا کر وزیر اعظم عمران خان لکھیں تاکہ بھارتی لابی کو بھی میسج چلا جائے کہ پاکستانی نواز شریف کو پسند نہیں کرتے .

ظاہر ہے جس عالیشان دماغ نے یہ دہی بنانے اور فروخت کرنے کی کوشش کی ہے اسے سستی کستوری کے ڈرم میں مسلسل غسل دینا چاہیے تاکہ اس کے دماغ کا تعفن دور ہو سکے ، یہ دونوں عمل بیلٹ پیپر کو مسترد کرانے کی کوشش ہے.

ایک اور خدا فروش عقیدت مند نے گلقند بکھیرا کہ انتخابی عمل میں استعمال ہونے والی مہر کی انمٹ سیاہی میں حرام جانوروں کا خون شامل ہے . اس لیے ووٹ دینے کے بجائے گھر میں بیٹھیں اور اپنا ایمان ضائع ہونے سے بچائیں . یہ بھی مخالف ووٹرز کو دھوکا دیکر اسے ووٹنگ کے عمل سے دور کرنے کی سازش ہے ۔

آج اے آر وائے نیوز پر ایک خبر چل رہی تھی جس میں کہا گیا کہ نواز شریف جیل سے نکالے جانے کی شرط پر ایک نیا این آر او کر کے بیرون ملک جانے کے لیے تیار ہیں ، اس خواہش کو یار لوگوں نے خبروں کی دیگچی میں خوب تڑکا لگایا تاہم 2023 میں ووٹ دینے کی اہلیت کو پہنچنے والا بچہ بھی سمجھ گیا کہ حاجی صاحب انتخابات سے صرف ایک روز پہلے ن لیگ کے ووٹرز کا مورال ڈاؤن کرنے کی کی کوششوں میں مصروف ہیں .

معاملہ صرف یہاں تک ہی محدود نہیں ،آج الیکشن ڈے ہے فوٹو شاپ تصویریں ، جعلی یا پرانی ویڈیوز اور جعلی آڈیوز آپ کا ایمان خراب اور رحجان بدل سکتی ہیں .

میں نے ابھی ایک آڈیو سنی جس میں ٹیکسلا یونیورسٹٰی کا ایک “لیکچرر” پولنگ اسٹیشن پر فوج کی جانب سے موبائل چھیننے اور پولنگ باکس اپنی تحویل میں رکھنے کا کہہ رہا تھا . اس آڈیو میں کسی کا نام نہیں اور محض پروپیگنڈا کرکے الیکشن سے ایک دن پہلے سنسنی پھیلانے کی کوشش کی گئی ہے . اصولا اگر کوئی مسئلہ ہے تو آپ اس کی رپورٹ کرائیں اور میڈیا کو آگاہ کریں .

اسی طرح واٹس ایپ ، ٹویٹر اور فیس بک پر صرف آج گڑ بڑ پھیلانے کے لیے بہت سا مواد پھیلنا شروع ہو گیا ہے، یہ ایسا ہی ہے جیسے کچھ دن پہلے پاک فوج کے ایک میجر کی کال مشہور ہوئی تھی جس میں میجر لوگوں سےان کے بینک اکاؤنٹ کی تفصیل معلوم کر رہا تھا ،بعد میں پاک فوج کے ترجمان ادارے انٹر سروسز پبلک ریلیشنز کو اس کال سے قطع تعلقی کا اعلان کرنا پڑا۔

ایسا نہیں کہ غلط کام نہیں ہو رہے ، ہو بھی رہے ہیں اور غلط کام ہو بھی سکتے ہیں ۔ ان کو ایڈریس کرنے کے فورم بھی موجود ہیں تاہم یہ آپ کا فرض ہے کہ کسی چیز کو شئیر کرنے سے پہلے یہ سوچ لیں کہ کہیں آپ کو بے وقوف تو نہیں بنایا جا رہا اور آپ اسے آگے پھیلا کر مزید حماقت کا ثبوت تو نہیں فراہم کر رہے .

آج الیکشن ہے ، جعلی ویڈیوز ، فیک کالز اور فوٹو شاپڈ تصویروں سے ہوشیار رہیں ۔ اچھی طرح تحقیق کر لیں ، آپ کی زرا سی غفلت کہیں کسی کی جان جانے اور کہیں کسی کے خلاف منفی پروپیگنڈے کا سبب بھی بن سکتی ہے ۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے