الیکشن کالعدم کرانے کیلئے سب جماعتوں کو اتفاق رائے پر لائیں گے، فضل الرحمان

ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے الیکشن نتائج مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کالعدم کرانے کے لیے سب جماعتوں کو اتفاق رائے پر لائیں گے۔

ایم ایم اے کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ الیکشن تو ہوا لیکن یہ عوامی مینڈیٹ نہیں ہے بلکہ عوامی مینڈیٹ پر بدترین ڈاکا ڈالا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ لگتا ہے پریزائڈنگ افسر، آر اوز اور ڈی آر اوز مکمل بے اختیار تھے، کل مغرب کے بعد نتائج روک دیے گئے جو ابھی تک ایک ایک کر کے فراہم کیے جا رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اے پی سی کی میزبانی آصف زرداری اور میں کر رہے ہیں جس میں تمام سیاسی جماعتوں کا مشترکہ لائحہ عمل طے کرنے کی کوشش کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے الیکشن کے نتائج سرے سے مسترد کرتی ہے اور کل اسلام آباد میں ہونے والی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد مشترکہ لائحہ عمل طے کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ کسی پر اپنا مینڈیٹ مسلط کر دینا اتنا آسان نہیں ہے، ایسی میٹھی میٹھی تقریریں بہت سنی ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کالعدم قرار دینے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اتفاق رائے پر لانے کی کوشش کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی انتخابی حلقے کھلوانے کی پیش کش کو پیش کش نہیں سمجھتا، ہم کوئی ایک حلقہ کھلوانے کی نہیں بلکہ الیکشن کالعدم قرار دینے کی بات کر رہے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے