فریال تالپور نے ایف آئی اے میں پیشی کیلئے مہلت مانگ لی، زرداری پیش نہ ہوئے

کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ اور سابق رکن قومی اسمبلی فریال تالپور نے منی لانڈرنگ کیس کے سلسلے میں وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کی جے آئی ٹی کے سامنے پیشی کے لیے مزید 15 دن کی مہلت مانگ لی جبکہ آصف زرداری آج پیش نہ ہوئے۔

واضح رہے کہ ایف آئی اے بے نامی اکاؤنٹ سے منی لانڈرنگ کیس میں 32 افراد کے خلاف تحقیقات کر رہی ہے، جن میں آصف علی زرداری اور فریال تالپور بھی شامل ہیں، اسی سلسلے میں گزشتہ دنوں نجی بینک کے سابق صدر حسین لوائی کو گرفتار کیا گیا تھا۔

آصف زرداری اور فریال تالپور کو آج کمرشل بینکنگ سرکل میں طلب کیا گیا تھا اور متوقع طور پر جے آئی ٹی نے دونوں سے پوچھ گچھ کرنی تھی۔

فریال تالپور کی جانب سے ان کے وکیل فاروق ایچ نائیک کمپنی نے درخواست جمع کرائی، جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ عبوری چالان میں ان کی موکلہ کو غیرقانونی طور پر مفرور ظاہر کیا گیا۔

درخواست کے مطابق فریال تالپور بینکنگ کورٹ میں مصروف ہیں، لہذا ایف آئی اے جےآئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کے لیے کوئی اور تاریخ دی جائے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز ایڈیشنل ڈی جی ساؤتھ ایف آئی اے و جے آئی ٹی سربراہ نجف مرزا کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں آصف زرداری اور فریال تالپور کو طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

ذرائع کے مطابق اجلاس میں سپریم کورٹ میں اس کیس کے حوالے سے آئندہ سماعت کے لیے کچھ اہم فیصلے بھی کیے گئے تھے۔

یاد رہے کہ 12 جولائی کو سپریم کورٹ میں مبینہ جعلی بینک اکاؤنٹس سے متعلق از خود نوٹس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس ثاقب نثار نے ایف آئی اے کو ہدایت کی تھی کہ آصف علی زرداری اور فریال تالپور کو الیکشن تک نہ بلایا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے