اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا عمران خان کا وژن ہے، فواد چوہدری

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے وفد کی اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق سے ملاقات کے بعد فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مختلف معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا عمران خان کا وژن ہے۔

پی ٹی آئی وفد میں اسد قیصر، پرویز خٹک، عمر ایوب اور فواد چوہدری شامل تھے جنہوں نے اسپیکر ہاؤس میں ایاز صادق سے ملاقات کی۔

ملاقات میں قومی اسمبلی کے پہلے اجلاس اور دیگر معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ وفد نے ایاز صادق کو عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایاز صادق کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی چاہتی ہے کہ حکومت اور اپوزیشن معاملات مشاورت سے چلائیں جب کہ پی ٹی آئی وفد نے الیکشن سے متعلق تحفظات پر بھی بات کرنے کی پیشکش کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بطور اسپیکر پہلے اجلاس کی کارروائی قواعد کے مطابق چلاؤں گا۔

ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف (ن) لیگ سمیت دیگر پارلیمانی جماعتوں سے ورکنگ ریلیشنز کواہم سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت اور اپوزیشن ساتھ نہیں چلیں گے تو معاملہ آگے نہیں بڑھے گا اور مختلف معاملات پر اپوزیشن کو ساتھ لے کر چلنا عمران خان کا وژن ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ ایازصادق سے ملاقات کا مقصد (ن) لیگ کے پارلیمانی رہنما کو تقریب میں شرکت کی دعوت دینا ہے جب کہ پاکستان مسائل میں گھرا ہوا ہے اور اس وقت ملک کو یکجہتی کی ضرورت ہے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہیں گے کہ ایم ایم اے اور دیگر جماعتوں کو بھی ساتھ لیکر چلیں جب کہ شام کو پاکستان پیپلزپارٹی کےرہنماؤں سے بھی ملیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ معیشت سمیت دیگر اہم امور پر چیلنجز درپیش ہیں لہذا تمام مسائل کو ملکر حل کرنا چاہتے ہیں۔

13 اگست کو قومی اسمبلی کا افتتاحی اجلاس بلایا گیا ہے جس میں نو منتخب اراکین حلف اٹھائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے