پی ٹی آئی رکن اسمبلی کی شہری پر تھپڑوں کی بارش، ویڈیو وائرل

کراچی سے تحریک انصاف کے نومنتخب ممبر صوبائی اسمبلی عمران علی شاہ نے شہری کی پٹائی کر دی جس کی ویڈیو وائرل ہو گئی۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ تحریک انصاف کے ایم پی اے عمران علی شاہ کراچی میں نیشنل اسٹیڈیم کے قریب اپنی گاڑی سے اترتے ہیں اور ایک شہری پر تھپڑوں کی بارش کر دیتے ہیں۔

https://www.youtube.com/watch?v=XBT0LbjDmwg

شہری پر تشدد کے بعد نو منتخب ایم پی اے اپنی گاڑی میں بیٹھ کر وہاں سے روانہ ہو جاتے ہیں۔

بعد ازاں عمران علی شاہ نے اپنے وضاحتی بیان میں کہا کہ گاڑی والا مجھے گالیاں دے رہا تھا، میں نے اسے مارا نہیں صرف دھکا دیا تھا۔

تحریک انصاف کے ایم پی اے کا مزید کہنا تھا کہ شہری ایک اور گاڑی والے کو مسلسل تنگ کر رہا تھا، میں نے گاڑی روک کر اسے ایسا کرنے سے منع کیا تھا۔

ممبر صوبائی اسمبلی نے کہا کہ اس معاملے پر غیرمشروط طور پر معافی مانگتا ہوں۔

عمران علی شاہ نارتھ ناظم آباد سے صوبائی اسمبلی کے حلقے پی ایس 129 سے تحریک انصاف کے ٹکٹ پر منتخب ہوئے ہیں۔

[pullquote]تحریک انصاف کا عمران علی شاہ کو شوکاز نوٹس[/pullquote]

پاکستان تحریک انصاف کے کراچی ڈویژن نے نو منتخب ایم پی اے کے شہری پر تشدد کا نوٹس لے لیا ہے۔

عمران علی شاہ کو بھیجے گئے شوکاز نوٹس میں کہا گیا ہے کہ ویڈیو میں دیکھا گیا آپ کا اقدام ناقابل قبول ہے، اس لیے آپ 24 گھنٹوں کے اندر اپنے فعل کی وضاحت کریں۔

نوٹس میں مزید کہا گیا ہے کہ اگر آپ نے نوٹس کا جواب نہیں دیا تو آپ کا معاملہ ڈسپلنری کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے گا۔

تحریک انصاف کے سوشل میڈیا پیج پر بھی کہا گیا ہے کہ نئے پاکستان میں کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں ہے۔

پی ٹی آئی کی جانب سے کہا گیا ہے کہ ایک منتخب ایم پی اے کی جانب سے قانون کو ہاتھ میں لینا کسی بھی طور پر قابل قبول نہیں ہے، ہم اس رویے کی شدید مذمت کرتے ہیں اور اس اقدام کے خلاف سخت ایکشن کی توقع رکھتے ہیں۔

[pullquote]واقعے پر عمران خان افسردہ ہیں، عمران اسماعیل[/pullquote]

جیو نیوز کے پروگرام ’آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ‘ میں گفتگو کرتے ہوئے نامزد گورنر سندھ عمران اسماعیل کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر عمران علی شاہ کی جانب سے شہری پر تشدد کے لیے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اس شخص سے معذرت کرتا ہوں۔

عمران خان صاحب اس واقعے پر بہت افسردہ ہیں اور ہم اسی تشدد کے خلاف لڑتے رہے ہیں اس لیے اس واقعے کا کسی بھی طور پر دفاع نہیں کیا جا سکتا۔

عمران خان نے کراچی ڈویژن کے صدر فردوس شمیم نقوی سے معاملے کی انکوائری رپورٹ طلب کر لی ہے۔

دوسری جانب پولیس حکام کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ عمران شاہ نے جس شخص کو مارا اسے تلاش کیا جا رہا ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ اگر متاثرہ شخص مقدمہ درج کرانا چاہے تو رابطہ کر سکتا ہے، تشدد کا مقدمہ سرکار کی مدعیت میں بھی مقدمہ درج ہو سکتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے