نواز شریف کیخلاف 2 نیب ریفرنسز کی سماعت 20 اگست تک ملتوی، واجد ضیاء بھی طلب

اسلام آباد: سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ ریفرنسز کی سماعت احتساب عدالت میں ہوئی، جہاں تفتیشی افسر محبوب عالم کا مکمل بیان ریکارڈ نہ ہوسکا، جس کے بعد سماعت پیر (20 اگست) تک کے لیے ملتوی کردی گئی۔

احتساب عدالت نمبر دو کے جج محمد ارشد ملک نے نواز شریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔

سماعت کے دوران اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم نواز شریف کو عدالت میں پیش کیا گیا۔

آج سماعت کے دوران تفتیشی افسر محبوب عالم نے اپنا بیان ریکارڈ کروایا، تاہم یہ بیان مکمل نہ ہوسکا، جس کے بعد عدالت نے سماعت 20 اگست تک کے لیے ملتوی کردی، جہاں تفتشی افسر اپنا بیان مکمل کرائیں گے۔

دوسری جانب عدالت نے پاناما جے آئی ٹی کے سربراہ واجد ضیاء کو بھی 20 اگست کو طلب کرلیا۔

نواز شریف کو عدالت لانے کیلئے نئی حکمت عملی

نواز شریف کو اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت پہنچانے کے لیے آج نئی حکمت عملی اختیار کی گئی اور انہیں اڈیالہ جیل سے سیکیورٹی کے بڑے قافلے میں عدالت لایا گیا۔

قافلے میں بکتر بند گاڑی سمیت ایک لینڈکروزر بھی تھی، لیکن احتساب عدالت کے باہر موجود مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی بڑی تعداد کے پیش نظر خالی بکتربند گاڑی کو فرنٹ گیٹ سے عدالت لے جایا گیا جبکہ نواز شریف کو دوسری گاڑی میں عدالت کے اندر پہنچایا گیا۔

اس موقع پر احتساب عدالت کے باہر لیگی کارکنوں نے احتجاج کیا، ایک کارکن بکتر بند گاڑی پر چڑھ گیا اور نواز شریف کے حق میں نعرے لگائے۔

واضح رہے کہ مذکورہ کیس کی 13 اگست کو ہونے والی سماعت کے دوران نواز شریف کو سخت سیکیورٹی میں بکتر بند گاڑی میں احتساب عدالت میں پیش کیا گیا تھا۔

نواز شریف کی صحافیوں سے غیررسمی گفتگو

سابق وزیراعظم نواز شریف نے سماعت کے بعد صحافیوں سے مختصر غیر رسمی گفتگو بھی کی، اس موقع پر ایک صحافی نے سوال کیا کہ ‘کیا آپ قید تنہائی میں ہیں؟’ جس پر نواز شریف نے جواب دیا کہ ‘جی آپ کہہ سکتے ہیں’۔

ایک اور صحافی نے ان سے سوال کیا کہ ‘کیا آپ مسجد جا کر نماز ادا کرتے ہیں؟’ جس پر نواز شریف نے کہا کہ ‘نماز سیل میں ہی ادا کرتا ہوں، باہر جانے کی اجازت نہیں’۔

مریم نواز سے ملاقات سے متعلق سوال پر نواز شریف نے جواب دیا کہ ‘جس روز دیگر ملاقاتیوں سے ملاقات ہوتی ہے تو مریم سے بھی ملاقات ہوجاتی ہے’۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے