جمعہ : 17 اگست 2018 کی اہم ترین اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب سے ہلاکتیں سوا تین سو کے قریب[/pullquote]

جنوب مغربی بھارتی ریاست کیرالا کے حکام نے شدید سیلاب سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 324 بتائی ہے۔ ریاستی وزیراعلیٰ پینارائی وجےیان (Pinarayi Vijayan) کا کہنا ہے کہ اُن کی ریاستوں کو گزشتہ ایک سو سالوں کے سب سے سنگین سیلاب کا سامنا ہے۔ اس ریاست کے کئی علاقے گزشتہ دس ایام سے شدید سیلاب کی لپیٹ میں ہیں۔ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی بھی سیلابی صورت حال کا معائنہ کرنے کے لیے کیرالا پہنچنے والے ہیں۔ ریاستی وزیراعلیٰ نے بتایا کہ انہوں نے ملکی وزیر دفاع سے مزید فوجی ہیلی کاپٹرز فراہم کرنے کی درخواست کی ہے تا کہ کئی علاقوں میں چھتوں پر بیٹھے ہوئے بے گھر افراد کی منتقلی شروع کی جا سکے۔

[pullquote]غزنی میں افغان فوج کی کارکردگی پر اشرف غنی کا اظہارِ اطمینان[/pullquote]

افغانستان کے صدر اشرف غنی نے غزنی میں طالبان عسکریت پسندوں کو شہر میں سے نکال باہر کرنے اور دوبارہ حکومتی عملداری قائم کرنے پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اپنی فوج کے جذبے کی تعریف کی ہے۔ غزنی شہر کا طالبان نے پانچ روز تک محاصرہ کیے رکھا اور اس لڑائی میں کم از کم ڈیڑھ سو افغان فوجیوں کی ہلاکت ہوئی ہے۔ انہوں نے فوج کے اعلیٰ افسران سے بھی ملاقات کی اور اُن کی جراٴت و بہادری کو سراہا۔ افغان صدر نے غزنی شہر کا دورہ بھی کیا اور جانی نقصان اٹھانے والے خاندانوں سے اظہار افسوس کیا۔ انہوں نے شہر کی تعمیر نو کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

[pullquote]بھارتی وزیراعظم اٹل بہار واجپائی کی آخری رسومات کی ادائیگی[/pullquote]

تین مرتبہ بھارت کے وزیراعظم رہنے والے قوم پرست رہنما اٹل بہاری واجپائی کی آخری رسومات جمعہ سترہ اگست کو ادا کر دی گئیں۔ اُن کی چِتا کو دریائے جمنا کے کنارے پر قائم یادگاری مقام پر آگ لگائی گئی۔ واجپائی کے تابوت کو ایک فوجی گاڑی پر رکھ کر شمشان گھاٹ تک پہنچایا گیا۔ اُن کی لے پالک بیٹی نے چتا کو آگ لگائی۔ اُن کے تابوت کو لے کر جانے والے قافلے میں وزیراعظم نریندر مودد کے علاوہ ملکی سیاسی رہنماؤں کے ساتھ جنوبی ایشیائی ممالک کے کئی غیرملکی لیڈران بھی شریک تھے۔ ترانوے سالہ سابق وزیراعظم، صحافی اور شاعر طویل علالت کے بعد جمعرات کو ترنانوے برس کی عمر میں چل بسے تھے۔

[pullquote]چین کی طرف سے غالبا امریکی اہداف کا نشانہ بنانے کی مشق کی جا رہی ہے، پینٹا گون[/pullquote]

پینٹاگون کی ایک تازہ رپورٹ کے مطابق چینی فوج نے گزشتہ برسوں کے دوران فضائی تربیت کے اپنے پروگرام کو وسعت دیتے ہوئے اپنے بمبار مشن بڑھا دیے ہیں۔ اس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چینی فوج کی اس مشق کا مقصد غالبا امریکا اور اس کے اتحادیوں پر ممکنہ حملوں کی مشق ہے۔ مزید یہ کہ خلا میں فوجی موجودگی کے خلاف عوامی بیانات کے برعکس چین خلا میں اپنی عسکری صلاحیتوں کو بہتر بنانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ امریکی محکمہ دفاع کی طرف سے یہ رپورٹ ایک ایسے وقت میں جاری کی گئی ہے، جب ’اقتصادی جنگ‘ کی وجہ سے ان دونوں ممالک میں کشیدگی میں اضافہ بھی ہوا ہے۔

[pullquote]ترک عدالت نے امریکی پادری کی اپیل مسترد کر دی[/pullquote]

ترکی کی ایک عدالت نے امریکی پادری اینڈریو برَنسن کی رہائی کی خاطر کی گئی ایک اور اپیل کو مسترد کر دیا ہے۔ برَنسن کے وکیل نے جمعے کے دن بتایا کہ عدالتی فیصلے کے مطابق ان کا موکل بدستور نظر بند ہی رہیں گے۔ ادھر امریکا نے خبردار کیا ہے کہ اگر ترکی نے اس پادری کو رہا نہ کیا تو انقرہ حکومت کومزید پابندیوں کا سامنا کرنا پڑے گا۔ اس امریکی پادری کی ترکی میں حراست کی وجہ سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات میں کشیدگی بڑھتی جا رہی ہے۔ واشنگٹن کی طرف سے متعدد پابندیوں کی وجہ سے ترک کرنسی لیرا کی قدر میں گراوٹ نوٹ کی گئی ہے، جس سے ترکی کی معیشت کو نقصانات کا اندیشہ بڑھ گیا ہے۔

[pullquote]مہاجرین سے متعلق جرمنی اور یونان کے مابین ڈیل طے[/pullquote]

جرمنی اور یونان مہاجرین کے حوالے سے ایک اہم ڈیل پر متفق ہو گئے ہیں۔ جرمن وزارت داخلہ نے جمعے کے دن بتایا کہ اس ڈیل کے تحت جرمنی میں موجود ایسے مہاجرین اور تارکین وطن افراد کو واپس یونان روانہ کیا جا سکے گا، جو پہلی مرتبہ یونان میں ہی رجسٹرڈ کیے گئے تھے۔ جرمنی اور اسپین کے مابین اسی قسم کی ایک ڈیل گزشتہ ہفتے ہی فائنل کی گئی تھی۔ برلن حکومت کی کوشش ہے کہ اٹلی کے ساتھ بھی ایسی ڈیل کو حتمی شکل دے دی جائے۔ جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ اگر ضرورت پڑی تو روم حکومت ساتھ ان مذاکرات میں وہ بذات خود شریک ہونے کو تیار ہیں۔

[pullquote]اقوام متحدہ کی سرپرستی میں یمنی خانہ جنگی کے فریقین کے مابین مذاکرات[/pullquote]

یمن میں قیام امن کی کوششوں کے لیے اقوام متحدہ نے یمنی حکومت اور حوثی باغیوں کے نمائندوں کو مذاکرات کے لیے مدعو کر لیا ہے۔ عالمی ادارے کی ترجمان ایلسینڈرہ ویلوچی نے جمعے کے دن کہا کہ یمنی خانہ جنگی کے فریقین کو دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں اور یہ مذاکراتی سلسلہ متوقع طور پر آئندہ ماہ شروع کر دیا جائے گا۔ سن 2005 سے اب تک یمنی خانہ جنگی میں کم از کم دس ہزار افراد ہلاک جبکہ دیگر ہزاروں بے گھر ہو چکے ہیں۔

[pullquote]ایران کے لیے امریکا کے خصوصی مندوب برائن ہوک ہوں گے[/pullquote]

امریکی حکومت نے سینیئر پالیسی مشیر برائن ہوک کو ایران کے لیے نیا خصوصی مندوب تعینات کر دیا ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہوک ’ایران ایکشن گروپ‘ کی قیادت کریں گے۔ یہ گروپ ایران پر دباؤ بڑھائے گا کہ وہ اپنا جوہری پروگرام اور مشرق وسطیٰ میں جنگجو گروہوں کی معاونت ترک کر دے۔ برائن ہوک امریکی اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے ساتھ بھی قریبی مشاورت کریں گے تاکہ واشنگٹن حکومت ایرانی سرگرمیوں پر نظر رکھ سکے۔ امریکا کے عالمی جوہری ڈیل سے دستبردار ہونے کے بعد امریکا ایران پر پابندیاں بحال کر رہا ہے، جس سے خطے میں ایک نئی کشیدگی کا خطرہ ہے۔

[pullquote]پوپ متاثرین کے ساتھ ہیں، ویٹی کن[/pullquote]

پوپ فرانسس نے کہا ہے کہ وہ امریکا میں ’درندہ صفت‘ پادریوں کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا نشانہ بنائے جانے والے بچوں کے ساتھ ہیں۔ ویٹی کن کی طرف سے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق چرچ کو اپنے ماضی سے سبق سیکھنا چاہیے۔ امریکی گرینڈ جیوری کی ایک رپورٹ کے مطابق سات دہائیوں کے دوران تقریبا تین سو پادریوں نے ایک ہزار سے زائد بچوں کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ اس رپورٹ کے مطابق کیتھولک چرچ نے ان واقعات کو دانستہ طور پر نظر انداز کر دیا تھا۔ امریکا میں ان کیسیوں پر قانونی کارروائی کا سلسلہ جاری ہے۔

[pullquote]شام کے لیے ایک سو ملین ڈالر فراہم کر دیے، سعودی عرب[/pullquote]

سعودی عرب نے شام میں استحکام کے منصوبہ جات کی خاطر ایک سو ملین امریکی ڈالر کی رقوم فراہم کر دی ہیں۔ ان منصوبوں سے شمال مشرقی شام میں تعمیر نو اور بحالی کا کام کیا جائے گا۔ یہ وہ علاقے ہیں، جہاں جہادی گروہ داعش کا خاتمہ کیا جا چکا ہے۔ امریکا میں سعودی سفارتخانے کی طرف سے جاری کیے گئے ایک بیان کے مطابق ان امدادی رقوم سے بنیادی شہری ڈھانچے کی تعمیر ممکن بنائی جائے گی تاکہ شامی مہاجرین واپس اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔ سعودی وزیر خارجہ نے برسلز میں ہوئی ایک حالیہ کانفرنس میں شام کے لیے ان رقوم کی فراہمی کا عہد کیا تھا۔

[pullquote]مہاجرین کی واپسی کا عمل تیز کیا جائے گا، میرکل[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے کہا ہے کہ وہ ایسے مہاجرین کی ملک بدری کےعمل میں تیزی لائیں گی، جن کی پناہ کی درخواستیں مسترد ہو چکی ہیں۔ جمعرات کے دن سیکسنی صوبے کے دورے کے دوران انہوں نے کہا کہ ایسے مہاجرین کی واپسی کا عمل ایک مشکل مرحلہ ہے تاہم وفاقی حکومت اس میں اپنا فعال کردار ادا کرے گی۔ ڈریسڈن میں انہوں نے اپنی پارٹی کارکنان سے عہد کیا کہ سن دو ہزار پندرہ والی صورتحال دوبارہ رونما نہیں ہو گی۔ اُس برس میرکل کی مہاجر دوست پالیسی کے سبب لاکھوں مہاجرین جرمنی میں داخل ہوئے تھے۔

[pullquote]بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب میں پھنسے سینکڑوں افراد بچا لیے گئے[/pullquote]

بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب میں پھنسے ہوئے سینکڑوں افراد کو بچا لیا گیا ہے۔ حکام نے بتایا کہ ہیلی کاپٹروں اور کشتیوں کی مدد سے گھروں کی چھتوں پر موجود ان افراد کو جمعرات کے دن ریسکیو کیا گیا۔ گزشتہ آٹھ دنوں کے دوران اس ریاست میں سیلاب کی وجہ سے 160 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں۔ حکام کے مطابق کیرالا میں قائم کردہ بارہ سو عارضی کیمپوں میں ڈیڑھ لاکھ افراد کو منتقل کیا جا چکا ہے۔ بھارت میں مون سون سیزن میں سیلاب کی وجہ سے سالانہ سینکڑوں افراد ہلاک ہو جاتے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے