اتوار : 19 اگست 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان صدر کی طرف سے عید کے موقع پر سیز فائر کا اعلان[/pullquote]

افغان صدر اشرف غنی نے طالبان کے ساتھ مشروط سیز فائر کا اعلان کر دیا ہے۔ صدر دفتر کی طرف سے اتوار کے دن بتایا گیا کہ عید کی مناسبت سے کی گئی اس جنگ بندی کا آغاز پیر کے دن سے ہو گا۔ غنی کے مطابق یہ سیز فائر اس وقت تک جاری رہے گی، جب تک طالبان اس کا احترام کریں گے۔ طالبان کی طرف سے اس تناظر میں ابھی تک کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے۔ کابل حکومت کی طرف سے جنگ بندی کی یہ نئی کوشش ایک ایسے وقت میں کی گئی ہے، جب طالبان اور دیگر انتہا پسند گروہ اپنے حملوں میں تیزی لائے ہوئے ہیں۔

[pullquote]بھارتی ریاست کیرالا میں سیلاب سے لاکھوں افراد بے گھر[/pullquote]

بھارتی ریاست کیرالا میں بارشیں تھمنے کے بعد امدادی کاموں میں تیزی پیدا کر دی گئی ہے۔ اتوار کے دن حکام نے بتایا کہ سیلاب کی تباہ کاریوں کے نتیجے میں تقریبا ساڑھے سات لاکھ افراد کو عارضی شیلٹر ہاؤسز میں منتقل کیا جا چکا ہے جبکہ ریسکیو کاموں کا سلسلہ بدتسور جاری ہے۔ آٹھ اگست سے اب تک اس ریاست میں سیلاب کی زد میں آ کر دو سو کے قریب افراد مارے بھی جا چکے ہیں۔ مقامی میڈیا کے مطابق ریسکیو کے کاموں میں فوجی ہیلی کاپٹر اور اور خصوصی دستے بھی شریک ہیں۔ اسی اثناء طبی حکام نے متعددی بیماریوں کے پھیلاؤ سے خبردار کر دیا ہے۔

[pullquote]فلسطینی کو ہلاک کرنے والے اسرائیلی بارڈر پولیس اہلکار کی سزا دوگنا[/pullquote]

اسرائیلی سپریم کورٹ نے ایک فلسطینی لڑکے کو قتل کرنے والے سابق بارڈر پولیس اہلکار بین ڈیری کی سزا دو گنا کر دی ہے۔ اتوار کے دن حکام نے بتایا کہ ڈیری کی سزا نو ماہ سے بڑھا کر اٹھارہ ماہ کر دی گئی ہے۔ سرحدی پولیس کے اس سابق اہلکار پر الزام ثابت ہوا تھا کہ اس نے سن دو ہزار چودہ میں مغربی اردن میں پتھراؤ کرنے والے ایک سترہ سالہ لڑکے کو گولی مار کر ہلاک کر دیا تھا۔ عدالت کے مطابق ڈیری کو اس فلسطینی لڑکے سے کوئی سنگین خطرہ نہیں تھا۔

[pullquote]انڈونیشیا میں ایک اور زلزلا، متعدد مکانات متاثر[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک میں ایک نئے زلزلے کے نتیجے میں لینڈ سلائیڈنگ ہوئی ہے، جس کی وجہ سے متعدد مکانات متاثر ہو گئے۔ حکام نے بتایا ہے کہ مشرقی لومبوک میں آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.3 ریکارڈ کی گئی۔ ابھی تک کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے۔ دو ہفتے قبل اسی علاقے میں زلزلے کی تباہ کاری کی وجہ سے چار سو اسی افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔ اس کے بعد سے وہاں مسلسل ضمنی جھٹکوں کا سلسلہ بھی جاری تھا۔ لومبوک میں اس سے قبل انتیس جولائی اور پانچ اگست کو شدید زلزلے آئے تھے۔

[pullquote]قومی سلامتی کے امریکی مشیر کا اسرائیل کا دورہ[/pullquote]

امریکی صدر کے مشیر برائے قومی سلامتی جان بولٹن اتوار کے روز اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو سے ملاقات کر رہے ہیں۔ اس ملاقات میں شام، ایران اور غزہ پٹی کے امور پر بات چیت ہو گی۔ جان بولٹن نے اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں لکھا کہ وہ اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور دیگر اسرائیلی حکام سے ملاقاتوں کا آغاز کریں گے، جن میں دونوں ممالک کی قومی سلامتی کے لیے باعثِ تشویش امور پر بات چیت ہو گی۔ اسرائیل کے بعد بولٹن یوکرائن اور جینوا بھی جائیں گے، جب کہ اس غیرملکی دورے میں ان کی ملاقات اپنے روسی ہم منصب نوکولائی پاتروشیف سے بھی ہو گی۔

[pullquote]حزب اللہ کے سربراہ کی حوثی باغیوں سے ملاقات[/pullquote]

لبنانی عسکری تنظیم حزب اللہ کا کہنا ہے کہ اس کے سربراہ حسن نصراللہ نے یمن کے حوثی باغیوں کے ایک وفد سے ملاقات کی۔ اتوار کے روز حزب اللہ کی جانب سے جاری کردہ اس بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں کے وفد کی قیادت اس یمنی باغی تنظیم کے ترجمان محمد عبدالسلام کر رہے تھے۔ اس ملاقات میں یمنی خانہ جنگی کے معاملے پر بات چیت کی گئی۔ حزب اللہ کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کو حربی تربیت اور معاونت فراہم کرتی ہے۔

[pullquote]تشدد کے واقعات کے بعد اسرائیل نے غزہ کراسنگ بند کر دی[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ایک سرحدی کراسنگ بند کر دی ہے۔ یہ کراسنگ پیدل سرحد عبور کرنے والوں کے لیے کھولی گئی تھی۔ اقوام متحدہ اور مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فائربندی معاہدے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی میں کچھ نرمی کی تھی، تاہم تشدد کے نئے سلسلے کے بعد اسرائیل نے غزہ پٹی کے شمال میں قائم ایریز سرحدی کراسنگ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعے کے روز غزہ کی سرحد پر ہونے والی جھڑپوں میں دو فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]عراقی پارلیمانی انتخابات کی توثیق سپریم کورٹ نے بھی کر دی[/pullquote]

اسرائیل نے غزہ کے ساتھ ایک سرحدی کراسنگ بند کر دی ہے۔ یہ کراسنگ پیدل سرحد عبور کرنے والوں کے لیے کھولی گئی تھی۔ اقوام متحدہ اور مصر کی ثالثی میں حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے فائربندی معاہدے کے بعد اسرائیل نے غزہ کی ناکہ بندی میں کچھ نرمی کی تھی، تاہم تشدد کے نئے سلسلے کے بعد اسرائیل نے غزہ پٹی کے شمال میں قائم ایریز سرحدی کراسنگ بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ جمعے کے روز غزہ کی سرحد پر ہونے والی جھڑپوں میں دو فلسطینی ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]طالبان کی پسپائی کے بعد غزنی میں امدادی سامان کی ترسیل شروع[/pullquote]

اتوار کے روز مشرقی افغان صوبے غزنی میں امدادی سامان کی ترسیل کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ چند روز قبل طویل اور خون ریز جھڑپوں کے بعد سرکاری فورسز نے اس شہر سے طالبان کو پسپا کر دیا تھا۔ یہ جھڑپیں ایک ہفتے تک جاری رہیں، اس دوران اس شہر کے متعدد علاقوں میں ہزاروں افراد پھنس کر رہ گئے۔ افغان حکام کے مطابق مقامی افراد کو پینے کے پانی اور خوراک کی قلت کا سامنا ہے۔ امدادی خوراک کی ترسیل کے لیے غزنی شہر کے متعدد مقامات پر مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق ریڈکراس نے اتوار کے روز آٹھ سو خاندانوں تک امدادی سامان پہنچایا، جب کہ دیگر بارہ سو خاندانوں تک یہ سامان کل پیر کے روز پہنچے گا۔

[pullquote]بیس لاکھ سے زائد مسلمان حج کی ادائیگی میں مصروف[/pullquote]

دنیا بھر سے بیس لاکھ سے زائد مسلمان اتوار کے روز مکہ میں مناسک حج ادا کر رہے ہیں۔ حج کو دنیا کا سب سے بڑا سالانہ انسانی اجتماع کہا جاتا ہے۔ اس موقع پر سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے سخت سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ ستمبر 2015ء میں حج کے موقع پر منیٰ میں بھگدڑ کے واقعے میں ڈھائی ہزار سے زائد عازمین حج کی ہلاکت کے تناظر میں اس بار سخت احتیاطی تدابیر اختیار کی گئی ہیں۔

[pullquote]کوفی عنان کے لیے دنیا بھر سے خراج عقیدت[/pullquote]

اقوام متحدہ کے سابق سیکرٹری جنرل کوفی عنان کے انتقال پر دنیا بھر سے انہیں خراج عقیدت پیش کیے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کوفی عنان ہفتے کو 80 برس کی عمر میں انتقال کر گئے تھے۔ اقوام متحدہ کے موجودہ سیکرٹری جنرل انٹونیو گوٹیرش نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عنان بہتری کے لیے قائدانہ قوت کے حامل تھے۔ گوٹیرش نے اپنے تعزیتی پیغام میں کہا کہ کئی معنوں میں کوفی عنان خود اقوام متحدہ تھے۔ اقوام متحدہ کے ایک اور سابق سیکرٹری جنرل بان کی مون نے بھی کوفی عنان کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ عنان کی سربراہی میں اقوام متحدہ نے امن، ترقی اور دنیا بھر میں انسانی وقار میں اضافے کے لیے نہایت مؤثر کردار ادا کیا۔

[pullquote]ترکی کی امداد کی جائے، جرمن رہنما[/pullquote]

جرمنی کی دوسری سب سے بڑی سیاسی جماعت سوشل ڈیموکریٹک پارٹی SPD کی سربراہ آندریا ناہلس نے کہا ہے کہ موجودہ اقتصادی بحران کے تناظر میں برلن حکومت کو ترکی کی مدد پر غور کرنا چاہیے۔ جرمنی کے فُنکے میڈیا گروپ سے بات چیت میں ناہلس نے کہا کہ اس بات پر غور کی ضرورت ہے کہ صدر رجب طیب ایردوآن کے ساتھ سیاسی کشیدگی کی موجودگی میں ترکی کی کہاں کہاں مدد کی جا سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ترکی کو نظرانداز نہیں کیا جانا چاہیے۔ ناہلس کا کہنا تھا کہ ترکی کا اقتصادی طور پر مستحکم رہنا سب کے مفاد میں ہے۔ رواں برس اب تک ترک کرنسی لیرا کی قدر میں قریب 35 فیصد کمی ہو چکی ہے۔

[pullquote]ایران جلد ہی نیا لڑاکا طیارہ متعارف کرائے گا[/pullquote]

ایران اگلے ہفتے ایک نیا لڑاکا طیارہ متعارف کروانے والا ہے، جب کہ تہران حکومت اپنے میزائل پروگرام کو بھی ترجیحی بنیادوں پر جاری رکھے گی۔ یہ بات ایرانی وزیر دفاع کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں کہی گئی۔ نئی امریکی پابندیوں کو رد کرتے ہوئے ایرانی بحریہ نے بھی ہفتے کے روز اعلان کیا تھا کہ امریکی فوج کی خطے میں موجودگی اور کشیدگی کے تناظر میں وہ اپنے ایک جنگی بحری جہاز پر جدید دفاعی نظام نصب کر رہی ہے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران کے ساتھ طے کردہ عالمی جوہری معاہدے سے نکلنے کے بعد تہران کے خلاف پابندیوں کی بحالی کا اعلان کر دیا تھا۔ اس تناظر میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات میں کشیدگی دوبارہ شدید ہو چکی ہے۔

[pullquote]فجی میں شدید زلزلہ، سونامی کا خطرہ نہیں[/pullquote]

جزائر فجی کے قریب شدید نوعیت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے، تاہم اس زلزلے کے نتیجے میں سونامی پیدا ہونے کا امکان نہیں ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر اسکیل پر اس زلزلے کی شدت آٹھ اعشاریہ دو تھی، تاہم یہ زمین میں بہت زیادہ گہرائی میں آیا۔ اسی لیے اس سے سونامی کا خطرہ نہیں ہے۔ بتایا گیا ہے کہ بحرالکاہل میں یہ زلزلہ فجی کے دارالحکومت سُووا سے 361 کلومیٹر مشرق میں 563 کلومیٹر گہرائی میں آیا۔ فجی کے محکمہ ارضیات نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ بہت زیادہ گہرائی میں آنے والے اس زلزلے سے فجی شدید نوعیت کے خطرات سے محفوظ رہا۔

[pullquote]انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک پر پھر زلزلہ[/pullquote]

انڈونیشیا کے جزیرے لومبوک پر اتوار کے روز ایک مرتبہ پھر زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق اس نئے زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر چھ اعشاریہ تین تھی۔ صرف دو ہفتے قبل اس جزیرے پر آنے والےگزشتہ زلزلے کے نتیجے میں چار سو ساٹھ سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے۔ امریکی ارضیاتی سروے کے مطابق اتوار کے روز یہ زلزلہ مشرقی لومبوک میں زمین میں صرف سات کلومیٹر کی گہرائی میں آیا۔ اس زلزلے کے بعد مقامی افراد خوف زدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے، جب کہ علاقے میں اب بھی خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ اسی علاقے میں پانچ اگست کو چھ اعشاریہ نو شدت کے زلزلے کے نتیجے میں ہزاروں مکانات، مساجد اور کاروباری عمارتیں منہدم ہو گئی تھیں۔

[pullquote]یورپ شام کی تعمیرِ نو میں مالی مدد کرے، روسی صدر پوٹن[/pullquote]

روسی صدر ولادیمیر پوٹن نے یورپی یونین سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ شام میں تعمیر نو کے کام میں مالی مدد فراہم کرے تاکہ شامی مہاجرین اپنے گھروں کو لوٹ سکیں۔ ہفتے کی شام جرمن چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات سے قبل صدر پوٹن نے کہا کہ شامی شہریوں کو انسانی بنیادوں پر امداد کی اشد ضرورت ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شام میں تعمیر نو کے منصوبوں کے ذریعے اردن، لبنان اور ترکی سے شامی مہاجرین کو وطن واپسی کی ترغیب دی جا سکتی ہے۔ جرمن چانسلر میرکل کا اس موقع پر کہنا تھا کہ بنیادی ترجیح شام میں کسی نئے انسانی المیے کو جنم لینے سے روکنا ہے۔ انہوں نے اپنے اس موقف کی مزید وضاحت نہیں کی۔

[pullquote]اوزل سے متعلق معاملے میں غلطیاں ہوئیں، رائن ہارڈ گرِنڈل[/pullquote]

جرمن فٹ بال فیڈریشن DFB کے سربراہ رائن ہارڈ گرِنڈل نے کہا ہے کہ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم کے سابق کھلاڑی میسوت اوزل کے معاملے میں کچھ غلطیاں سرزد ہوئی ہیں۔ تاہم انہوں نے اوزل کی طرف سے لگائے گئے نسل پرستی کے الزامات کو ایک مرتبہ پھر مسترد کر دیا۔ اتوار کے روز جرمن اخبار ’بِلڈ ام زونٹاگ‘ سے بات چیت میں انہوں نے اعتراف کیا کہ زبانی سطح پر نسل پرستانہ حملوں کے تناظر میں انہیں میسوت اوزل کو زیادہ تحفظ دینا چاہیے تھا۔ ترک نژاد جرمن شہری اور سٹار فٹ بالر میسوت اوزل نے گزشتہ ماہ جرمنی کی قومی فٹ بال ٹیم سے علیحدگی کا اعلان کر دیا تھا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے