اسلام آباد: وفاقی کابینہ کا اجلاس آج وزیراعظم کی زیرصدارت ہوگا جس میں کئی اہم فیصلے کیے جانے کا امکان ہے۔
وزیراعظم ہاؤس میں وفاقی کابینہ کا آج تیسرا اجلاس وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت ہوگا جس میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو ( ایف بی آر) میں اصلاحات کی منظوری کا امکان ہے۔
وفاقی حکومت نے ایف بی آر میں بڑی اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت ایف بی آر کے 3 ارکان کی نشستیں ختم کی جائیں گی۔
یاد رہے کہ وفاقی کابینہ اپنے پہلے اجلاس میں سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ ( ای سی ایل) میں ڈالنے کی منظوری دے چکی ہے۔
اسی طرح وفاقی کابینہ کے 24 اگست کو ہونے والے دوسرے اجلاس کے دوران صدر، وزیراعظم، وزرا اور ارکان پارلیمنٹ کے صوابدیدی فنڈز ختم کرنے کی منظوری دی گئی۔
کابینہ کے اجلاس میں دفتری کام کے اوقات کار تبدیل کرنے کی بھی منظوری دی گئی، کام کے اوقات کار صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک ہوں گے جب کہ کابینہ کے بیشتر ارکان نے ہفتے کی چھٹی فی الحال ختم کرنے کی مخالفت کی جس کے بعد ہفتے کی چھٹی فی الحال ختم نہ کرنے کی منظوری دی گئی۔