جعلی اکاؤنٹس کیس: سابق صدر آصف زرداری کی عبوری ضمانت منظور

کراچی: سابق صدر اور پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری کی جعلی اکاؤنٹس کیس میں عبوری ضمانت منظور کرلی گئی۔

سابق صدر کراچی کی بینکنگ کورٹ میں پیش ہوئے جہاں عدالت نے 20 لاکھ روپے کے عوض ان کی عبوری ضمانت منظور کی۔

اس سے قبل بینک کورٹ نے ان کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے تھے جس پر آصف زرداری نے اسلام آباد ہائیکورٹ سے حفاظتی ضمانت حاصل کی جس پر عدالت نے انہیں 3 ستمبر تک متعلقہ ٹرائل کورٹ میں پیش ہونے کا حکم دیا تھا۔

بینک کورٹ آمد کے موقع پر صحافی نے ان سے سوال کیا کہ آپ ہیلی کاپٹر میں نہیں آئے جس پر انہوں نے کہا کہ آپ کچھ دیر رکیں میں ہیلی کاپٹر میں واپس آتا ہوں۔

صحافی نے سوال کیا کہ صدر پاکستان کون بنےگا جس پر انہوں نے کہا کہ اعتراز احسن صدر پاکستان بنیں گے، ان سے ایک اور سوال کیا گیا کہ آپ کو یقین ہے کہ اعتراز احسن صدر پاکستان بنیں گے جس پر آصف زرداری نے کہا کہ ہماری کوشش ہےکہ اعتزاز احسن صدر بنیں۔

آصف زرداری کے وکیل فاروق ایچ نائیک کی بینکنگ کورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کے دوران کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ کا معاملہ بینکنگ کورٹ کے دائرہ اختیار میں نہیں، ان کے موکل کے خلاف بےبنیاد چارج شیٹ تیار کی گئی ہے۔

فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ آصف زرداری پر دباؤ ڈالنے کے لیے اس کیس میں شامل کیا گیا جب کہ ایف آئی آر بھی بےبنیاد ہے اور آصف زرداری کو پھنسانے کے لیے دائر کی گئی۔

یاد رہے کہ جعلی بینک اکاؤنٹس کیس میں اومنی گروپ کے سربراہ انور مجید، غنی مجید، حسین لوائی اور طحہ رضا گرفتار ہیں جب کہ آصف زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور اور انور مجید کے 3 صاحبزادے عبوری ضمانت پر ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے