بیگم کلثوم نواز انتقال کرگئیں: شہباز شریف

سابق وزیرِ اعظم اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے تاحیات قائد نواز شریف کی اہلیہ طویل علالت کے بعد لندن میں انتقال کرگئیں۔

نواز شریف کی اہلیہ کینسر کے مرض میں مبتلا تھیں اور لندن کے ایک نجی ہسپتال ہارلے اسٹریٹ کلینک میں زیرِ علاج تھیں۔

پاکستانی ذرائع ابلاغ میں جاری خبروں کے مطابق نواز شریف کے چھوٹے بھائی شہباز شریف نے بیگم کلثوم نواز کے انتقال کی تصدیق کردی۔

شہباز شریف کا مزید کہنا تھا کہ وہ پہلی دستیاب فلائٹ سے لندن روانہ ہوں گےتاہم ابھی وہ نواز شریف سے ملنے اڈیالہ جیل جا رہے ہیں

جیل ذرائع کے مطابق جب نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو ان کی وفات کی اطلاع دی گئی تو تینوں آبدیدہ ہو گئے .

نواز شریف کے والد کا جب انتقال ہوا تو وہ سعودی عرب میں جلا وطن تھے اور وہ تدفین کے عمل میں شریک نہیں ہو سکے تھے .

خیال رہے کہ بیگم کلثوم نواز کافی عرصے سے علیل تھیں اور انہیں علاج کے لیے لندن منتقل کیا گیا تھا۔

22 اگست 2017 کو لندن میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کے گلے میں کینسر کی تشخیص ہوئی تھی۔

بعد ازاں یکم ستمبر 2017 کو لندن میں کلثوم نواز کے گلے کی کامیاب سرجری مکمل ہوئی تھی۔

جس کے بعد 20 ستمبر کو سابق وزیر اعظم کی اہلیہ کی لندن میں کینسر کے مرض کی تیسری سرجری ہوئی تھی۔

اس کے بعد کلثوم نواز کی طبیعت کچھ بہتر ہوئی تھی تاہم رواں سال میں ان کی طبیعت ایک مرتبہ پھر خراب ہوگئی تھی۔

رواں سال جون کے مہینے میں کلثوم نواز کو اچانک دل کا دورہ پڑا تھا، جس کے بعد انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا۔

سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم بیگم کلثوم نواز کی عیادت کرنے اور ان کے ساتھ عید منانے لندن پہنچے تھے۔

کلثوم نواز شریف پاکستانی سیاست دان، رکن قومی اسمبلی اور سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی شریک حیات تھیں ۔ انہوں نے پی ایچ ڈی کی ہوئی تھی ۔ وہ 1999ء سے 2002ء تک پاکستان مسلم لیگ کی صدر بھی رہی ہیں اور تین بار 1990ء تا 1993ء، 1997ء تا 1999ء اور 2013ء تا 2017ء تک خاتون اول پاکستان بھی رہیں ۔

کلثوم نواز لاہور میں 1950 میں ایک کشمیری خاندان میں پیدا ہوئیں۔ وہ رستم زماں گاما پہلوان کی نواسی تھیں . انہوں نے 1970ء میں اسلامیہ کالج لاہور سے بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ پھر انہوں نے 1972ء میں فارمین کرسچین کالج سے اردو ادب میں بی اے کی ڈگری حاصل کی۔ اس کے علاوہ اردو شاعری میں جامعہ پنجاب سے ایم اے کیا۔ کلثوم نواز کے دو بہن بھائی ہیں۔ کلثوم نواز تین بار پاکستان کے وزیراعظم رہنے والے میاں محمد نواز شریف سے شادی کی، جن سے ان کے چار بچے ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے