جمعہ:21 ستمبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]بھارت نے پاکستانی وزیرخارجہ سے ملاقات منسوخ کر دی[/pullquote]

نئی دہلی حکومت نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس کے موقع پر پاک بھارت وزرائے خارجہ ملاقات کی منسوخی کا اعلان کیا ہے۔ قبل ازیں پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت پر بھارت نے اس ملاقات پر آمادگی ظاہر کی تھی۔ وزارت خارجہ کے بیان کے مطابق ملاقات کی منسوخی کی وجہ بھارتی فوجیوں کے قتل میں پاکستان سے تعلق رکھنے والے عناصر کا ملوث ہونا ہے۔ بھارتی وزارت خارجہ کے بیان میں فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق تفصیلات بیان نہیں کی گئیں۔

[pullquote]تنزانیہ میں کشتی ڈوبنے سے ہلاکتوں کی تعداد 100 سے تجاوز کر گئی[/pullquote]

مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں ایک کشتی ڈوبنے سے ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر ایک سو سے زائد ہو گئی ہے۔ مقامی میڈیا نے بتایا ہے کہ تقریباﹰ ایک سو افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے جبکہ ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے۔ تازہ اطلاعات کے مطابق متاثرہ کشتی پر تقریبا تین سو افراد سوار تھے۔ تنزانیہ میں مسافر کشتیوں پر اکثر گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہوتے ہیں۔ کشتیاں پرانی اور خستہ حال ہونے کی وجہ سے ماضی میں بھی متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔ سن انیس سو چھیانوے میں وکٹوریہ جھیل میں ہی ایک کشتی الٹنے سے آٹھ سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

[pullquote]ترکی میں گولن سے تعلقات کے شبے میں مزید 110 فوجی گرفتار[/pullquote]

جلاوطن مبلغ فتح اللہ گولن سے تعلق کے شبے میں ترکی میں مزید 110 فوجیوں کو گرفتار کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں۔ انقرہ کے چیف پراسیکیوٹر کی جانب سے جاری کردہ احکامات میں کہا گیا ہے کہ ان فوجیوں میں تین کرنل، دو لفٹیننٹ کرنل، چھ میجر اور تین کپتان شامل ہیں۔ حکام کا کہنا ہے کہ حراست میں لیے گئے یہ تمام افراد حاضر سروس اہلکار تھے۔ واضح رہے کہ جولائی 2016ء میں ترکی میں ناکام فوجی بغاوت کے بعد سینکڑوں فوجیوں کو مقدمات اور ملازمتوں سے برطرفی کا سامنا کرنا پڑا۔ ترک حکام اس بغاوت کا الزام امریکا میں مقیم مبلغ فتح اللہ گولن پر عائد کرتی ہے، جب کہ گولن ان الزامات کو مسترد کرتے ہیں۔

[pullquote]تازہ پابندیوں کے حوالے سے روس اور چین کا امریکا کو انتباہ[/pullquote]

روس اور چین نے تازہ امریکی پابندیوں کے خلاف شدید احتجاج کیا ہے۔ واشنگٹن حکومت نے چینی فوج پر تازہ پابندیاں روسی جنگی طیارے اور دفاعی میزائل نظام خریدنے کی وجہ سے عائد کی ہیں۔ ساتھ ہی امریکا نے مزید تینتیس روسی شہریوں کو بلیک لسٹ میں ڈال دیا ہے۔ ان متاثرہ افراد میں روس کے خفیہ ایجنسی جی آر یو کے سربراہ اور ان کے نائب بھی شامل ہیں۔ اسی طرح امریکی بلیک لسٹ میں اب تک بہتر روسی شخصیات کو شامل کیا جا چکا ہے۔ چینی وزارت خارجہ نے امریکا کو نتائج سے خبردار کیا ہے جبکہ روس نے کہا ہے کہ امریکا آگ سے کھیل رہا ہے۔

[pullquote]کشمیر: تین بھارتی پولیس اہلکار اغوا کے بعد قتل[/pullquote]

بھارت کے زیرانتظام کشمیر میں تین پولیس اہلکاروں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کر دیا گیا ہے۔ حالیہ کچھ عرصے سے مقامی پولیس اہلکاروں کے خلاف پرتشدد کارروائیوں میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ قبل ازیں عسکریت پسندوں نے کشمیر کے جنوب میں واقع دو دیہات میں گیارہ پولیس اہلکاروں کے گھروں پر حملے کیے تھے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے پولیس اہلکار اسپیشل پولیس آفیسرز تھے۔ ایسے پولیس اہلکاروں کو اکثر عسکریت پسندوں کے خلاف ہونے والی کارروائیوں میں شامل کیا جاتا ہے۔

[pullquote]جرمنی، آگ لگنے کے بعد ایک علاقے میں ایمرجنسی نافذ[/pullquote]

جرمنی کے علاقے میپن میں آگ لگنے کے بعد ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے۔ یہ آگ فوجی مشقوں کی وجہ سے تین ہفتے قبل لگی تھی۔ صوبے لوئر سیکسنی کے حکام نے مقامی افراد کے انخلاء کے لیے تیاری شروع کر دی ہے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ڈچ سرحد کے قریب واقع متاثرہ علاقے سے تقریبا ایک ہزار رہائشیوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا۔ تیز ہواؤں کی وجہ سے آگ پھیلتی جا رہی ہے جبکہ پراسیکیوٹر جرمن فوج کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ مقامی سیاستدانوں کی طرف سے فوج کے خلاف تحقیقات کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

[pullquote]موبائل فون اور ڈرائیونگ: تین ہزار سے زائد افراد کے خلاف کارروائی[/pullquote]

جرمن پولیس نے جمعرات بیس ستمبر کو ملک بھر میں سڑکوں پر ناکے لگا کر تین ہزار ایک سو ڈرائیوروں کے خلاف کارروائی کی ہے۔ یہ ڈرائیور گاڑی چلاتے ہوئے موبائل فون استعمال کر رہے تھے۔ جرمنی میں ڈرائیونگ کے دوران موبائل فون کے استعمال کو شراب نوشی کر کے ڈرائیونگ کرنے سے زیادہ سنگين نوعيت کا غیر قانونی فعل خیال کیا جاتا ہے۔ پولیس نے سائیکل سواروں اور پیدل چلنے والے افراد کو متنبہ کیا ہے کہ وہ دوران حرکت موبائل فون اور خاص طور سے میسیجنگ سے اجتناب کریں۔

[pullquote]آٹھ یورپی ممالک کا اسرائیل سے فلسطینی دیہات مسمار نہ کرنے کا مطالبہ[/pullquote]

آٹھ یورپی ممالک نے اسرائیل سے ایک فلسطینی دیہات مسمار نہ کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ اسرائیل، خان الاحمر نامی دیہات کو مسمار کرنا چاہتا ہے۔ آٹھ یورپی ممالک کی طرف سے یہ اپیل ہالینڈ کے سفیر نے جمعرات کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں پيش کی ہے۔ ان آٹھ ممالک میں فرانس، جرمنی، اٹلی، ہالینڈ، پولینڈ، سویڈن، برطانیہ اور بیلجیم شامل ہیں۔ ان ممالک نے ایک مرتبہ پھر دہرایا ہے کہ وہ دو ریاستی حل پر یقین رکھتے ہیں اور یروشلم اسرائیل کے ساتھ ساتھ نئی فلسطینی ریاست کا دارالحکومت بھی ہونا چاہیے۔

[pullquote]روسی فوجی جہاز کی تباہی، اسرائیلی وفد روس میں[/pullquote]

شام میں ایک روسی فوجی جہاز کی تباہی کے بعد اسرائیل کا ایک خصوصی وفد روس پہنچ چکا ہے۔ اسرائیلی فضائیہ کے سربراہ نے روسی فوجی طیارے کی تباہی کے حوالے سے ایک مفصل رپورٹ پیش کی ہے۔ رواں ہفتے کے آغاز پر ایک روسی فوجی جہاز شامی دفاعی نظام کی زد میں آ کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس پر پندرہ روسی فوجی سوار تھے۔ اصل میں اس وقت اسرائیلی طیارے شام میں متعدد مقامات کو نشانہ بنا رہے تھے اور شامی اہلکاروں نے اسرائیلی جیٹ طیارے کو نشانہ بنایا تھا۔ ماسکو نے اس واقعے کی ذمہ داری اسرائیل پر عائد کی ہے۔

[pullquote]امریکا نے روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر دیں[/pullquote]

امریکا کی طرف سے روس کے خلاف مزید پابندیاں عائد کر دی گئی ہیں۔ امریکی وزارت خارجہ کے مطابق مزید تینتیس روسی شہریوں کو بلیک لسٹ میں شامل کر دیا گیا ہے۔ ان روسی شہریوں کا تعلق سکیورٹی کے اداروں سے ہے۔ پابندیوں کا نشانہ بننے والے افراد میں روس کے خفیہ فوجی ادارے جی آر یو کے سربراہ ایگور کروبوو اور ان کے نائب بھی شامل ہیں۔ اسی طرح امریکی بلیک لسٹ میں اب تک بہتر روسی شخصیات کو شامل کیا جا چکا ہے۔ گزشتہ کئی عشروں کے دوران روس اور امریکا کے مابین سفارتی تعلقات اس وقت نچلی ترین سطح پر ہیں۔

[pullquote]ویت نام کے صدر کوانگ وفات پا گئے[/pullquote]

جنوب مشرقی ايشيائی ملک ویت نام کے صدر ٹرین ڈائی کوانگ علالت کے بعد وفات پا گئے ہیں۔ ویت نام ٹیلی وژن کے مطابق اکسٹھ سالہ کوانگ کو بیمار ہونے کے بعد ہنوئی کے ملٹری ہسپتال میں داخل کرایا گیا تھا۔ کوانگ کا شمار ویت نام کے تین سرکردہ رہنماؤں میں ہوتا تھا لیکن حکومت میں وہ زیادہ تر رسمی فرائض ہی نبھا رہے تھے۔ ویت نام میں پاکستان کی طرح وزیر اعظم کا عہدہ زیادہ اہم خیال کیا جاتا ہے۔ کوانگ سن دو ہزار سولہ میں اس عہدے پر فائز ہوئے تھے۔

[pullquote]جرمنی: یمن جنگ میں شامل تین ممالک کو ہتھیاروں کی فروخت کی منظوری[/pullquote]

جرمن وفاقی حکومت نے ایسے تین عرب ممالک کو ہتھیار برآمد کرنے کی مظوری دے دی ہے، جو یمن جنگ میں بھی شامل ہیں۔ جرمن حکومت مختلف دفاعی نظام سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور اردن کو فراہم کرے گی۔ اس سے قبل جرمن حکومت اس عزم کا اظہار کرتی رہی ہے کہ وہ یمنی تنازعے میں شامل ممالک کو ہتھیار فراہم نہیں کرے گی۔ جرمنی کے متعدد سیاستدانوں نے اس حکومتی فیصلے کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے۔ جرمن حکومت کے مطابق ان ممالک کو صرف دفاعی آلات فراہم کیے گئے ہیں۔ عالمی تنظیمں سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات پر ممکنہ جنگی جرائم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے الزامات عائد کرتی ہیں۔

[pullquote]امریکی صدر کا بجٹ بل کے حوالے سے غصے کا اظہار[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ری پبلکنز کی طرف سے امریکی کانگریس میں پیش کیے جانے والے بجٹ بل کے حوالے سے غصے کا اظہار کیا ہے۔ اس بجٹ بل میں میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے کے لیے کوئی بھی فنڈ مختص نہیں کیا گیا ہے۔ ٹرمپ کے منصوبے کے مطابق میکسیکو کی سرحد پر دیوار تعمیر کرنے پر بیس بلین ڈالر کی خطیر رقم خرچ ہو گی۔ ری پبلکن رہنماؤں کے مطابق وہ اس مسئلے پر نومبر کے انتخابات کے بعد دوبارہ غور کریں گے۔

[pullquote]تنزانیہ میں کشتی ڈوبنے سے کم از کم 86 افراد ہلاک[/pullquote]

مشرقی افریقی ملک تنزانیہ میں ایک کشتی ڈوبنے کے نتيجے ميں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر چھیاسی تک پہنچ گئی ہے۔ حکام نے وکٹوریہ جھیل میں پیش آنے والے اس حادثے کے نتیجے میں مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔ مقامی میڈیا کے مطابق سینتیس افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے۔ اندازوں کے مطابق اس کشتی پر تقریبا دو سو افراد سوار تھے۔ تنزانیہ میں مسافر کشتیوں پر اکثر گنجائش سے زیادہ افراد سوار ہوتے ہیں۔ کشتیاں پرانی اور خستہ حال ہونے کی وجہ سے ماضی میں بھی متعدد حادثات پیش آ چکے ہیں۔ سن انیس سو چھیانوے میں وکٹوریہ جھیل میں ہی ایک کشتی الٹنے سے آٹھ سو سے زائد افراد ہلاک ہو گئے تھے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے