اتوار:23ستمبر2018کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی کے دورے سے تناؤ ختم ہو جائے گا، ترک صدر[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے امید ظاہر کی ہے کہ اُؑن کے دورہٴ جرمنی سے دونوں ملکوں کے درمیان پائی جانے والی کشیدگی کا خاتمہ ہو جائے گا۔ انہوں نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وہ جمعرات کو جرمن دارالحکومت پہنچ رہے ہیں۔ جرمنی میں اپنے قیام کے دوران وہ دو مرتبہ چانسلر انگیلا میرکل سے ملاقات کریں گے۔ وہ کولون شہر میں ایک مسجد کی افتتاحی تقریب میں بھی شرکت کریں گے۔

[pullquote]افغان سرحد کے قریب عسکریت پسندوں کے ساتھ جھڑپ، سات پاکستانی فوجی ہلاک[/pullquote]

پاکستان کے شمال مغربی علاقے میں افغان سرحد کے قریب عسکریت پسندوں کے درمیان ایک جھڑپ میں سات پاکستانی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔ پاکستانی فوج کے تعلقات عامہ کے شعبے کے سربراہ میجر جنرل آصف غفور نے بتایا کہ اس جھڑپ میں نو عسکریت پسند بھی مارے گئے ہیں۔ فوجی بیان کے مطابق یہ جھڑپ اس وقت شروع ہوئی، جب سکیورٹی اہلکاروں نے خفیہ معلومات کی بنا پر شمالی وزیرستان میں کارروائی کی۔

[pullquote]اولانڈ کے بیان پر فرانس اور بھارت کے تعلقات میں کشیدگی کا خطرہ[/pullquote]

فرانسیسی حکومت کا کہنا ہے کہ سابق صدر فرانسوا اولانڈ کے بیان کے بعد پیدا ہونے والے تنازعے کی وجہ سے بھارت اور فرانس کے درمیان تعلقات میں کشیدگی کا خطرہ پیدا ہوا ہے۔ جمعے کے روز اپنے دورہ بھارت کے موقع پر اولانڈ نے کہا تھا کہ سن 2016ء میں لڑاکا طیاروں کی ایک ڈیل میں فرانس کو ایک بھارتی پارٹنر کے ساتھ کام کرنے پر مجبور کیا گیا تھا۔ واضح رہے کہ بھارتی حکومت نے فرانس کے ساتھ 36 رافائل طیارے خریدنے کا معاہدہ کیا تھا، تاہم ملکی دفاعی ادارے ایچ اے ایل کی بجائے یہ پروجیکٹ ارب پتی شخصیت انیل امبانی کے ساتھ شراکت میں آگے بڑھانے کا اعلان کیا گیا تھا۔ اولانڈ کے اس بیان کے بعد اپوزیشن جماعتیں مودی پر کرپشن کے الزامات عائد کرتے ہوئے ان کے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر رہی ہیں۔

[pullquote]ادلب میں ’غیر عسکری علاقے‘ کی تجویز جہادی گروہ نے مسترد کر دی[/pullquote]

القاعدہ سے تعلق رکھنے والے ایک جہادی گروپ نے شامی صوبے ادلب کے میں ایک ’غیر عسکری علاقہ‘ قائم کرنے کی تجویز مسترد کر دی ہے۔ گزشتہ ماہ ترکی اور روس نے اعلان کیا تھا کہ پندرہ اکتوبر سے ادلب میں ’غیر عسکری علاقہ‘ قائم کیا جائے گا، تاہم حراس الدین نے اسے ایک بڑی سازش قرار دیتے ہوئے علاقے سے باہر نکلنے سے انکار کر دیا ہے۔ واضح رہے کہ ادلب شامی باغیوں کے زیر قبضہ آخری بڑا ٹھکانا ہے اور شامی فورسز اس کے خلاف بڑی عسکری کارروائی شروع کرنے والی ہیں۔

[pullquote]ایرانی پریڈ پر حملے کی مذمت کرتے ہیں، امریکا[/pullquote]

امریکا نے اتوار کے روز ایران میں ایک عسکری پریڈ پر ہونے والے حملے کی مذمت کی ہے۔ اقوام متحدہ میں تعینات امریکی سفیر نکی ہیلی نے کہا ہے کہ امریکا دنیا کے ہر حصے میں دہشت گردی کے ہر واقعے کی مذمت کرتا ہے اور متاثرہ افراد کے ساتھ کھڑا ہوتا ہے۔ تاہم امریکی بیان میں کہا گیا ہے کہ ایرانی حکم رانوں کو اس بدامنی کی وجوہات پر توجہ دینا چاہیے۔ نکی ہیلی نے ایرانی صدر حسن روحانی کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے شہریوں کے استحصال میں مصروف ہیں۔ واضح رہے کہ ایران نے ان حملوں کی ذمہ داری ’غیرملکی قوتوں‘ پر عائد کی تھی۔

[pullquote]پوپ فرانسس بالٹک ریاستوں کے دورے کی پہلی منزل پر[/pullquote]

کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس بالٹک خطے کی تین ریاستوں کے دورے کی پہلی منزل لیتھوینیا پہنچے ہوئے ہیں۔ آج اتوار کو انہوں نے لیتھوینیا کے دارالحکومت وِلنیئس کے نواحی شہر کاؤناس میں قائم ہولوکاسٹ میوزم پر حاضری دی۔ دوسری عالمی جنگ میں اس شہر پر جرمن قبضے کے دوران تقریباً دو لاکھ یہودیوں کو ہلاک کر دیا گیا تھا۔ اسی دورے کے دوران پوپ نے ایک لاکھ سے زائد افراد کے اجتماع میں دعائیہ تقریب کی قیادت بھی کی۔ پوپ پیر چوبیس ستمبر کو لَٹویا اور پچیس ستمبر کو ایسٹونیا کا دورہ کریں گے۔

[pullquote]نیپالی حکومت نے ڈیم تعمیر کرنے کا ٹھیکا چینی کمپنی کو دے دیا[/pullquote]

نئی نیپالی حکومت نے سابقہ حکومت کے فیصلے پر نظرثانی کرتے ہوئے اربوں ڈالر کے سرمایے سے تعمیر ہونے والے ڈیم کا ٹھیکا دوبارہ سے چینی کمپنی گیژوُبا (Gezhouba) کو دینے کا اعلان کیا ہے۔ سابقہ حکومت نے ڈھائی ارب ڈالر کی لاگت سے تعمیر ہونے والے ڈیم کے چینی کمپنی کو دیے گئے ٹھیکے کو منسوخ کر دیا تھا۔ نیپالی وزیراعظم شرما اولی نے انتخابی مہم کے دوران وزیراعظم بننے کی صورت میں یہ ٹھیکا دوبارہ سے چینی کمپنی کو دینے کے عزم کا اظہار کیا تھا۔ نیپال میں تعمیر ہونے والا یہ سب سے بڑا ہائیڈرو پاور پلانٹ ہے۔

[pullquote]سوس بحری جہاز پر قزاقوں کا حملہ، بارہ افراد اغوا[/pullquote]

سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں قائم ایک بڑی شپنگ کمپنی ماسؤل نے بتایا ہے کہ اُس کے ایک مال بردار بحری جہاز پر قزاقوں نے حملہ کیا ہے۔ اس واقعے میں قذاقوں نے عملے کے انیس میں سے بارہ افراد کو یرغمالی بنا لیا ہے۔ بحری جہاز نائجیریا کے شہر لاگوس سے پورٹ ہارکورٹ کی جانب گندم لے کر جا رہا تھا کہ قزاقی کا نشانہ بن گیا۔ قزاق بحری جہاز کے کمیونیکشن آلات کو شدید نقصان پہنچانے کے بعد روانہ ہو گئے ہیں۔ سوس کمپنی نے اپنے یرغمالی ملازمین کی جلد بازیابی کی کوششیں شروع کر دی ہیں۔

[pullquote]اسپین نے ساڑھے چار سو کے قریب مہاجرین کو ریسکیو کر لیا[/pullquote]

ہسپانوی سمندری نگرانی کے محکمے نے بتایا ہے کہ پندرہ چھوٹی کشتیوں پر سوار 447 افراد کو بحیرہ روم میں سے بچا لیا گیا ہے۔ بیشتر کشتیوں کو اسپین کی جنوبی سمندری حدود میں کوسٹ گارڈز نے اپنے کنٹرول میں لیا۔ یہ کشتیاں بحیرہ روم کو عبور کرتے ہوئے یورپ پہنچنے کی کوشش میں تھیں۔ اٹلی کی جانب سے مزید مہاجرین کی کشتیوں کے لنگر انداز نہ ہونے کے فیصلے کے بعد اسپین کو مہاجرین کی آمد کے دبا‌ؤ کا سامنا ہے۔

[pullquote]امریکی اور ایرانی صدور منگل کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے[/pullquote]

اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ منگل پچیس ستمبر کو خطاب کریں گے۔ وہ بدھ کے روز سلامتی کونسل کے جوہری عدم پھیلاؤ سے متعلق ایک خصوصی اجلاس کی صدارت بھی کریں گے۔ ایرانی صدر حسن روحانی بھی منگل کو صدر ٹرمپ کے کچھ ہی دیر بعد جنرل اسمبلی میں تقریر کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے حاشیے میں امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اپنے شمالی کوریائی ہم منصب سے انتیس سمتبر کو ملیں گے۔ اسی اجلاس کے لیے نیو یارک میں موجود جنوبی کوریائی صدر اپنے شمالی کوریائی دورے کے نتائج سے امریکی صدر کو باخبر کریں گے۔ جنرل اسمبلی کے چھ روزہ اجلاس میں 130 ملکوں کے سربراہان مملکت و حکومت شریک ہوں گے۔

[pullquote]امریکا ایران میں عدم استحکام چا ہتا ہے، ایرانی صدر کا الزام[/pullquote]

ایرانی صدر حسن روحانی نے کہا ہے کہ امریکا ایران میں عدم استحکام چاہتا ہے لیکن ایسی کوئی بھی امریکی کوشش کامیاب نہیں ہو گی۔ صدر روحانی نے یہ بات اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس میں شرکت کے لیے روانگی سے قبل کہی۔ روحانی نے مزید کہا کہ امریکا خلیج کی عرب ریاستوں کو مالی اور عسکری امداد فراہم کر رہا ہے تا کہ وہ ایران مخالف مقامی عرب نسلی گروپوں کو فعال کرنے میں کردار ادا کریں۔ روحانی نے خلیجی ریاستوں کی حکومتوں کو امریکا کی کٹھ پتلیاں بھی قرار دیا۔ ایرانی صدر اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے منگل کے روز خطاب کریں گے۔

[pullquote]چین نے امریکا کے ساتھ عسکری مذاکرات منسوخ کر دیے[/pullquote]

چینی حکومت نے بیجنگ میں متعین امریکی سفیر کو طلب کر کے مطلع کیا ہے کہ اگلے ہفتے ہونے والے دونوں ملکوں کے فوجی مذاکرات کو منسوخ کر دیا گیا ہے۔ چین نے یہ فیصلہ امریکا کی جانب سے ایک چینی فوجی ادارے اور اُس کے سربراہ پر روس سے جنگی طیارے خریدنے پر پابندیاں عائد کرنے کے جواب میں کیا ہے۔ چینی حکومت نے کہا ہے کہ امریکا کے دورے پر گئے ہوئے چینی نیول چیف کو بھی واپس بلا لیا گیا ہے۔ بیجنگ حکومت نے امریکی سفیر کو مطلع کیا کہ چینی فوج مزید کوئی بھی جوابی قدم اٹھانے کا حق محفوظ رکھتی ہے۔

[pullquote]پاکستانی قبائلی علاقے میں سات فوجیوں کی ہلاکت[/pullquote]

شمال مغربی پاکستانی قبائلی پٹی میں عسکریت پسندوں کے ساتھ ایک جھڑپ میں کم از کم سات پاکستانی فوجی مارے گئے ہیں۔ ملکی فوج نے ان ہلاکتوں کی تصدیق کر دی ہے۔ فوج کے جاری کردہ ایک بیان کے مطابق شمالی وزیرستان میں ہونے والی اس جھڑپ میں فریقین کے مابین شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔ ہفتے کی شام ہونے والی اس لڑائی میں نو عسکریت پسند بھی مارے گئے۔ یہ جھڑپ افغانستان سرحد کے قریب ایک علاقے میں ہوئی۔

[pullquote]ایرانی فوجی پریڈ پر حملے کے بعد تین یورپی ملکوں کے سفیروں کی طلبی[/pullquote]

ایران نے تین یورپی ملکوں کے سفارت کاروں کو اہواز میں فوجی پریڈ پر خونریز حملے کے تناظر میں اتوار تئیس ستمبر کو طلب کر لیا۔ جن ملکوں کے سفیروں کو طلب کیا گیا، اُن میں برطانیہ، ہالینڈ اور ڈنمارک شامل ہیں۔ ایرانی حکومت نے الزام عائد کیا ہے کہ حملے کی ذمہ داری قبول کرنے والے گروپ الحوازیہ کے اراکین کی پناہ گاہوں کا تعلق انہی تین یورپی ممالک سے ہے۔ تہران نے اس حملے کے پس پردہ غیر ملکی طاقت کے ملوث ہونے کا ذکر بھی کیا ہے تاہم کوئی واضح نام نہیں لیا گیا۔ ہفتے کے روز کیے گئے اس حملے میں پچیس افراد ہلاک اور ساٹھ زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]مالدیپ میں آج عام انتخابات ہو رہے ہیں[/pullquote]

بحر ہند میں کئی جزائر پر مشتمل ریاست مالدیپ میں آج اتوار کو عام انتخابات میں عوام اپنا حقِ رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔ بین الاقوامی مبصرین نے مالے حکومت پر انتخابی عمل کو غیرشفاف رکھنے اور مخالفین کی آواز دبانے کے الزامات عائد کیے ہیں۔ ملکی اپوزیشن نے بھی الیکشن میں ممکنہ دھاندلی کا الزام عائد کیا ہے۔ صدر یامین کی حکومت نے کئی اہم سیاسی مخالفین کو جیلوں میں قید کر رکھا ہے۔ جائزوں کے مطابق آج کے الیکشن کے بعد صدر یامین کی اقتدار پر گرفت مزید مضبوط ہو جائے گی۔ دوسری جانب چین صدر عبداللہ یامین کا حامی ہونے کے علاوہ اس ملک پر اپنا اثر و رسوخ بڑھانے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

[pullquote]جاپانی خلائی کیپسول کی خلائی اسٹیشن کے لیے روانگی[/pullquote]

جاپان کا ایک خلائی کیپسول آج اتوار کی صبح بین الاقوامی خلائی اسٹیشن کے لیے سامان کی نئی کھیپ لے کر روانہ ہو گیا۔ یہ کیپسول خوراک، تجرباتی آلات اور نئی بیٹریاں لے کر گیا ہے۔ تقریباً ساڑھے چار دن بعد یہ کیپسول انٹرنیشنل اسپیس اسٹیشن سے منسلک ہو جائے گا۔ نو میٹر لمبے سلنڈر نما خلائی کیپسول پر ساڑھے پانچ ہزار کلوگرام سامان لدا ہوا ہے۔ اس کی روانگی خراب موسم اور تکنیکی خرابی کی وجہ سے دو ہفتے کی تاخیر سے ہوئی ہے۔ اس میں کوئی خلاباز سوار نہیں ہے۔ واپسی پر یہ کیپسول خلائی اسٹیشن سے کوڑا لے کر آئے گا اور زمین کے مدار میں داخل ہوتے ہی اسے تباہ کر دیا جائے گا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے