ارشد داد تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل مقرر

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے ارشد داد کو پارٹی کا سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔

چیئرمین تحریک انصاف کی منظوری کے بعد ارشد داد کو سیکریٹری جنرل مقرر کرنے کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کردیا گیا۔

ارشد داد اس سے قبل پارٹی کے ایڈیشنل سیکریٹری جنرل کے فرائض سرانجام دے رہے تھے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے نااہل قرار دیئے جانے سے قبل تحریک انصاف کے سینئر رہنما جہانگیر ترین پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

جہانگیر ترین کو سپریم کورٹ نے گزشتہ سال 15 دسمبر کو آئین کے آرٹیکل 62 کے تحت نااہل قرار دے دیا تھا۔

ان پر زرعی آمدن، آف شور کمپنیوں، برطانیہ میں جائیداد اور اسٹاک ایکسچینج میں اِن سائڈ ٹریڈنگ سے متعلق الزامات تھے۔

سپریم کورٹ کے بینج نے اپنے فیصلے میں کہا کہ جہانگیر ترین صادق اور امین نہیں رہے اور عدالت عظمیٰ نے سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن آف پاکستان (ایس ای سی پی) کو ان کے خلاف ان سائیڈ ٹریڈنگ سے متعلق کارروائی کرنے کی ہدایت کی۔

نااہل قرار دیئے جانے کے بعد جہانگیر ترین نے پارٹی عہدے سے بھی استعفیٰ دے دیا تھا، جس کے بعد یہ عہدہ طویل عرصے سے خالی تھا اور پی ٹی آئی رہنما مراد سعید پارٹی کے قائم مقام سیکریٹری جنرل کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

تاہم گزشتہ ہفتے سپریم کورٹ نے جہانگیر ترین کی نااہلی کے فیصلے کے خلاف نظرثانی درخواست بھی مسترد کردی، جس کے بعد پارٹی کے سیکریٹری جنرل کے عہدے پر تقرری کی گئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے