دو سال تک ٹیم سے باہر رہنے والے حفیظ نے دل کی بھڑاس نکال دی

دبئی ٹیسٹ میں آسٹریلیا کیخلاف سنچری بنانے والے محمد حفیظ نے کہا ہے کہ سنچری بنا کر خود کو منوالیا، عزت کے ساتھ ریٹائر ہونا چاہتا ہوں۔

حفیظ نے اعتراف کیا کہ پاکستان میں جب سب سے زیادہ ٹیسٹ رنز بنانے والے یونس خان اپنے کیریئر کا 118 واں اور آخری ٹیسٹ کھیل رہے تھے تو اس میچ میں بھی یونس خان کو خود کو منوانا تھا۔

گذشتہ سال ویسٹ انڈیز میں یونس خان نے اپنے کیریئر کا آخری ٹیسٹ کھیلا تھا وہ دس ہزار 99 رنز بناکر ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائر ہوئے تھے۔

رواں ماہ محمد حفیظ 38 سال کے ہوجائیں گے۔ دبئی میں سنچری بناکر حفیظ نے دل کی بھڑاس کھل کر نکالی، انہوں نے براہ راست ہیڈکوچ مکی آرتھر اور چیف سلیکٹر انضمام الحق کا نام لینے سے گریز کیا لیکن ان کے انداز سے لگ رہا تھا کہ وہ دو سال سے ٹیسٹ ٹیم سے ڈراپ ہونے اور ایشیا کپ نہ کھیلنے پر خوش نہیں ہیں۔

[pullquote]ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستانی اوپنرز کی پانچویں ‘ڈبل’ سنچری شراکت![/pullquote]

دبئی اسپورٹس سٹی کرکٹ اسٹیڈیم میں آسڑیلیا کے خلاف محمد حفیظ اور امام الحق جو پہلی بار ایک ساتھ اننگز کا آغاز کر رہے تھے، دونوں کے درمیان پہلی وکٹ پر 62.2 اوورز میں 205 رنز کی شراکت قائم ہوئی، یہ پہلی وکٹ پر پاکستان کی طرف سے بننے والی پانچویں ‘ڈبل’ سنچری شراکت تھی۔

ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی طرف سے پہلی ڈبل سنچری شراکت خالد عباد اللہ اور عبدالقادر نے بنائی تھی، اکتوبر 1964ء کو آسڑیلیا کے خلاف نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں دونوں کے مابین 249 رنز بنے۔

دسمبر 1997ء میں نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں عامر سہیل اور اعجاز احمد نے ویسٹ انڈیز کے خلاف ریکارڈ 289 رنز جوڑے جو پہلی وکٹ پر آج بھی پاکستان کی ریکارڈ شراکت ہے۔

مئی 2000ء میں محمد وسیم اور عمران نذیر نے ویسٹ انڈیز کے خلاف پہلی وکٹ پر 219رنز بنائے،جب کہ اکتوبر 2016ء میں ویسٹ انڈیز کے خلاف دبئی میں سمیع اسلم اور اظہر علی نے پہلی وکٹ پر 215رنز کی شراکت قائم کی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے