اتوار : 07 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]جرمنی نے مہاجرین کے گروپ اٹلی بھیجے تو ہوائی اڈے بند کر دیں گے، سالوینی[/pullquote]

اطالوی وزیر داخلہ ماتیو سالوینی نے کہا ہے کہ اگر جرمنی نے درجنوں مہاجرین کو اٹلی واپس بھیجنے کے مبینہ منصوبے پر عمل کیا تو روم حکومت جرمنی کے لیے اپنے ہوائی اڈے بند کر دے گی۔ آج اتوار کو ایک ٹویٹ پیغام میں سالوینی کا کہنا تھا کہ اُن کی حکومت مہاجرین کے لیے اپنے ایئر پورٹ بھی بالکل اسی طرح بند کر دے گی جیسے اس نے اپنی بندرگاہوں کو بند کر رکھا ہے۔ بعض اطالوی نیوز رپورٹوں میں کہا گیا تھا کہ برلن حکومت چارٹرڈ پروازوں کے ذریعے پناہ گزینوں کو واپس اٹلی بھیجنے کی منصوبہ بندی کر رہی ہے۔ تاہم ابھی تک جرمن اور اطالوی حکام کی جانب سے اس بات کی تصدیق نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]برازیل میں الیکشن، دائیں بازو کے امیدوار سب سے آگے[/pullquote]

برازیل میں آج بروز اتوار صدارتی الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ عوامی جائزوں کے مطابق انتہائی دائیں بازو سے تعلق رکھنے والے سابق فوجی افسر جائیر بالسونارو Jair Bolsonaro دیگر امیدواروں پر سبقت حاصل کیے ہوئے ہیں۔ اس الیکشن میں مجموعی طور پر تیرہ امیدوار میدان میں ہیں۔ انتخابات میں ملک کے 147 ملین ووٹرز چھبیس صوبوں میں پانچ سو تیرہ قانون سازوں کے علاوہ 53 سینیٹرز اور گورنرز کو بھی منتخب کریں گے۔ یہ الیکشن ایک ایسے وقت میں ہو رہے ہیں، جب برازیل کو ملکی تاریخ کی سخت کساد بازاری کا سامنا ہے۔

[pullquote]بوسنیا میں الیکشن کا انعقاد[/pullquote]

بوسنیا ہیرسے گووینا میں انتہائی پیچیدہ انتظامیہ کے چناؤ کی خاطر آج بروز اتوار الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ اس انتخابی عمل میں بوسنیا کی پارلیمان کا انتخاب بھی کیا جائے گا۔ اس یورپی ملک میں عوامی جائزے عمومی طور پر غلط ثابت ہوتے ہیں، اس لیے قبل از وقت کوئی پیشن گوئی ممکن نہیں۔ الیکشن کا عمل عالمی وقت کے مطابق صبح پانچ بجے شروع ہوا، جو شام سات بجے تک جاری رہے گا۔

[pullquote]سعودی صحافی کے معاملے کو ذاتی طور پر دیکھ رہا ہوں ، ایردوآن[/pullquote]

ترک صدر رجب طیب ایردوآن نے کہا ہے کہ وہ گزشتہ ہفتے لاپتہ ہو جانے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کے کیس کی ذاتی طور پر نگرانی کر رہے ہیں۔ ایردوآن کے مطابق انہیں اب بھی اس حوالے سے مثبت خبر سامنے آنے کی امید ہے۔ ہفتے کے روز ترک ذرائع نے روئٹرز کو بتایا تھا کہ انہیں یقین ہے کہ جمال کو استنبول میں واقع سعودی سفارت خانے میں ہلاک کر دیا گیا تھا۔ ذرائع کے مطابق جمال سعودی عرب کی نئی حکومت کے ناقد تھے اور اُن کی ٹارگٹ کلنگ کی گئی ہے۔

[pullquote]افغانستان میں طالبان کے تازہ حملے، اٹھائیس پولیس اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغان طالبان نے سکیورٹی فورسز کے خلاف ایک بڑا آپریشن کرتے ہوئے کئی ہائی وے پُل تباہ کر دیے ہیں جبکہ متعدد حملوں میں ہلاک ہونے والے پولیس اہلکاروں کی تعداد اٹھائیس تک پہنچ چکی ہے۔ افغان وزارت داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے کہا ہے کہ طالبان عسکریت پسندوں نے وردک صوبے میں ڈسٹرکٹ سید آباد کے ہیڈکوارٹرز پر قبضہ کرنے کی کوشش کی، جسے ناکام بنا دیا گیا ہے، تاہم اس لڑائی میں کم از کم 17 پولیس اہلکار ہلاک اور دیگر سات زخمی ہوئے ہیں۔ اسی طرح صوبہ فریاب میں پشتون کوٹ پر حملہ کرتے ہوئے طالبان نے کم از کم 11 سکیورٹی اہلکاروں کو ہلاک کر دیا ہے۔

[pullquote]کیمرون میں صدارتی الیکشن، صدر بیَا کی پوزیشن مستحکم[/pullquote]

افریقی ملک کیمرون میں اتوار کے روز صدارتی انتخابات منعقد کیے جا رہے ہیں، جس میں صدر پال بیَا ساتویں مرتبہ صدر بننے کے لیے میدان میں ہیں۔ پچاسی سالہ بیَا کے خلاف اپوزیشن نے اتحاد بنایا ہے تاہم عوامی جائزوں کے مطابق بیَا مزید سات سال تک صدارت کے منصب کے لیے منتخب کیے جا سکتے ہیں۔ الیکشن سے قبل بالخصوص انگریزی زبان بولنے والے جنوب مغربی علاقے میں پرتشدد واقعات کے نتیجے میں چار سو بیس شہری ہلاک ہو چکے ہیں۔ اس ریجن میں علیحدگی پسندوں کے علاوہ جہادی گروپ بھی فعال ہیں۔

[pullquote]ہیٹی میں زلزلہ، کم ازکم دس افراد ہلاک[/pullquote]

ہیٹی میں شدید زلزلے کے نتیجے میں کم ازکم گیارہ افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہو گئے ہیں۔ اتوار کو آنے والے اس زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی، جس کی وجہ سے بڑے پیمانے پر املاک کو نقصان بھی پہنچا۔ زلزلے کا مرکز شمال مغربی شہر پور ڈے پے سے انیس کلو میٹر دور تھا۔ حکام نے کہا ہے کہ اس قدرتی آفت کی وجہ سے ہونے والی تباہی اور ہلاکتوں کا اندازہ لگانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ سن دو ہزار دس میں اس کیریبین ریاست میں آنے والے ایک شدید زلزلے کی تباہی کاریوں کے باعث دو لاکھ افراد ہلاک جبکہ تین لاکھ زخمی ہوئے تھے۔

[pullquote]سعودی صحافی کو استنبول کے قونصل خانے میں قتل کیا گیا، ترکی[/pullquote]

ترک پولیس نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ استنبول میں قائم سعودی قونصل خانے جانے کے بعد سے لاپتا ہونے والے سعودی صحافی جمال خاشقجی کو سعودی عرب سے آئے خصوصی اہلکاروں نے مبینہ طور پر قتل کر کے اس کی لاش کے ٹکڑے کر دیے تھے۔ ترک پولیس نے مزید کہا ہے کہ اس واردات کی پیشگی منصوبہ بندی کی گئی تھی۔ امریکی اخبار دی واشنگٹن پوسٹ سے وابستہ جمال خاشقجی کا شمار سعودی حکمرانوں بالخصوص ولی عہد محمد بن سلمان کی پالیسیوں پر تنقید کرنے والے صحافیوں میں ہوتا تھا۔

[pullquote]افغانستان میں پرتشدد واقعات، اٹھائیس سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

افغانستان میں ہوئے متعدد پرتشدد واقعات کے نتیجے میں اٹھائیس سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو گئے ہیں۔ فریاب اور وردک صوبوں میں کی گئی ان کارروائیوں کی ذمہ داری طالبان عسکریت پسندوں پر عائد کی گئی ہے۔ طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ دوسری طرف صوبہ غور میں بھی ہفتے کے دن پرتشدد کارروائیوں کے نتیجے میں چار سکیورٹی اہلکاروں سمیت کل گیارہ افراد مارے گئے۔

[pullquote]بریٹ کیواناح نے امریکی سپریم کورٹ کے جج کا عہدہ سنبھال لیا[/pullquote]

بریٹ کیواناح نے امریکی سپریم کورٹ میں جج کے عہدے کا حلف اٹھا لیا ہے۔ امریکی سینیٹ نے ہفتے کے دن اس قدامت پسند جج کی سپریم کورٹ میں تعیناتی کی منظوری دی تھی۔ جنسی زیادتی کے الزامات کا سامنا کرنے والے کیواناح کے سپریم کورٹ کا جج بننے کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی اب تک کی سب سے بڑی جیت قرار دیا جا رہا ہے۔ ہفتے کے دن سینیٹ میں پچاس ارکان نے ان کے حق میں جبکہ اڑتالیس نے ان کی مخالفت میں ووٹ دیا۔ کیواناح کے خلاف امریکا بھر میں عوامی مظاہرے بھی کیے گئے۔

[pullquote]لیٹویا الیکشن، روس نواز پارٹی سب سے بڑی سیاسی طاقت بن گئی[/pullquote]

لیٹویا میں ہفتے کے دن ہوئے عام انتخابات میں روس نواز ہارمونی پارٹی نے میدان مار لیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے مطابق اس سیاسی پارٹی کو 19.91 فیصد ووٹ پڑے۔ عوامیت پسند پارٹیوں KPL LV کو 14.06 جبکہ نیو کنزرویٹیو پارٹی کو 13.6 فیصد ووٹرز کی حمایت حاصل ہوئی۔ ان نتائج کے مطابق اب یورو زون اور نیٹو کے رکن اس ملک میں حکومت سازی کی خاطر روس کی طرف جھکاؤ رکھنے والی ہارمونی پارٹی کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔ ان انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی شرح تقریبا 54 فیصد رہی۔

[pullquote]فائرنگ کا واقعہ، مقبوضہ مغربی اردن میں دو سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

اتوار کے دن ویسٹ بینک میں فائرنگ کے ایک واقعے میں دو اسرائیلی سکیورٹی اہلکار ہلاک جبکہ ایک زخمی ہو گیا۔ اسرائیلی پولیس نے بتایا ہے کہ حملہ آور کی تلاش جاری ہے، جو بارکان کی یہودی آبادی مین فائرنگ کرنے کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا تھا۔ خبر رساں روئٹرز نے بتایا ہے کہ اس پرتشدد واقعے کے بعد پولیس نے علاقے کی ناکہ بندی کر دی ہے اور سرچ آپریشن جاری ہے۔

[pullquote]پومپیو جنوبی کوریا پہنچ گئے[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو شمالی کوریا کے مختصر دورے کے بعد جنوبی کوریا پہچ گئے ہیں۔ اتوار کے دن انہوں نے پیونگ یانگ میں کمیونسٹ رہنما کم جونگ ان سے ملاقات میں جوہری عدم پھیلاؤ اور امریکا اور شمالی کوریا کے مابین دوسری سمٹ منعقد کرانے کے حوالے سے گفتگو کی۔ پومپیو نے کہا کہ ان کا یہ دورہ شاندار رہا۔ ہفتے کے دن انہوں نے ٹوکیو میں جاپانی وزیر اعظم شینزو آبے سے ملاقات کے بعد کہا تھا کہ واشنگٹن حکومت خطے کو جوہری ہتھیاروں سے پاک بنانے کی اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔ وہ اس دورے کے دوران جنوبی کوریا اور چین بھی جائیں گے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے