منگل:09اکتوبر2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]استنبول میں سعودی قونصلیٹ کی تلاشی لی جائے گی، ترک حکام[/pullquote]

ترک پولیس نے کہا ہے کہ لاپتہ سعودی صحافی جمال خاشقجی کی تلاش کے سلسلے میں استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے کی تلاشی لی جائے گی۔ ترک حکام نے شک کا اظہار کیا ہے کہ اس صحافی کو قونصل خانے میں ہی ہلاک کر دیا گیا تھا۔ 59 سالہ جمال سعودی حکومت کے سخت ناقد تھے اور انہوں نے کہا تھا کہ ریاض حکومت انہیں قتل کرنے کی کوشش میں ہے۔ سعودی حکام نے کہا ہے کہ جمال کی بازیابی کے لیے ترک حکام کے ساتھ ہر ممکن تعاون کیا جائے گا۔

[pullquote]اقوام متحدہ میں امریکی سفیر ہیلی نے استعفی دے دیا، ذرائع[/pullquote]

اقوام متحدہ میں امریکی سفیر نکی ہیلی نے استعفی دے دیا ہے۔ روئٹرز نے میڈیا رپورٹوں کے حوالے سے منگل کے دن تصدیق کر دی کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹڑمپ نے ہیلی کا استعفیٰ قبول کر لیا ہے۔ وائٹ ہاؤس کی ترجمان سارہ ساندرز نے بتایا ہے کہ ٹرمپ اور ہیلی جلد ہی اوول آفس میں ملاقات کریں گے۔ نیکی ہیلی حکمران پارٹی ری پبلکن کی حامی ہیں۔ وسط مدتی الیکشن سے قبل ہیلی کے اس عہدے سے الگ ہونے کے فیصلے کو ٹرمپ انتظامیہ کے لیے ایک اور دھچکا قرار دیا جا رہا ہے۔

[pullquote]صومالیہ میں امریکی فضائی حملہ، ایک جنگجو ہلاک[/pullquote]

امریکی فضائیہ نے منگل کے دن بتایا ہے کہ صومالیہ میں فعال شدت پسند گروہ الشباب کے ٹھکانوں پر تازہ حملوں کے نتیجے میں ایک اہم جنگجو کمانڈر مارا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ یہ کارروائی ویک اینڈ پر کی گئی، جس میں جنوبی صومالیہ میں جنگجوؤں کے ٹھکانوں کا نشانہ بنایا گیا۔ اس کارروائی میں صومالی فورسز نے بھی حصہ لیا۔ افریقہ میں امریکی عسکری کمان کی طرف سے بتایا گیا ہے کہ اس فضائی حملے میں ممکنہ شہری ہلاکتوں کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]جرمن دارالحکومت برلن میں ڈیزل گاڑیوں پر جزوی پابندی[/pullquote]

جرمن دارالحکومت میں ڈیزل گاڑیوں کی آمدورفت پر جزوی پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ منگل کے دن برلن کی ایک عدالت نے کہا کہ دارالحکومت کے کچھ حصوں میں پرانی ڈیزل گاڑیوں کو داخلے کی اجازت نہ دی جائے تاکہ فضائی آلودگی پر قابو پانے میں مدد مل سکے۔ برلن کی انتظامی عدالت میں یہ مقدمہ ایک ماحول دوست ادارے ڈی یو ایچ نے دائر کیا تھا۔ جرمنی میں ہیمبرگ، اشٹٹ گارٹ اور فرینکفرٹ کے کچھ حصوں میں بھی پرانی ڈیزل گاڑیوں پر جزوی یا مکمل پابندی عائد ہے۔

[pullquote]تنازعات کے سبب رواں برس ڈھائی لاکھ افغان بے گھر ہوئے، اقوام متحدہ[/pullquote]

افغانستان بھر میں جاری پر تشدد واقعات اور جھڑپوں کے سبب رواں برس کے دوران بڑی تعداد میں لوگ اپنا گھر بار چھوڑنے پر مجبور ہوئے ہیں۔ انسانی معاملات سے متعلق اقوام متحدہ کے رابطہ دفتر OCHA کی طرف سے جاری کردہ رپورٹ کے مطابق یکم جنوری سے سات اکتوبر تک افغانستان بھر میں ڈھائی لاکھ کے قریب شہری داخلی طور پر بے گھر ہوئے۔ افغانستان میں حالیہ چند ماہ کے دوران طالبان اور داعش کے حملوں میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]مجھے کینسر نہیں ہے، ڈوٹیرٹے[/pullquote]

فلپائن کے صدر روڈریگو ڈوٹیرٹے نے کہا ہے کہ انہیں کینسر نہیں ہوا۔ گزشتہ ہفتے ڈوٹیرٹے کی ایک پرائیویٹ ہسپتال میں بائیوپسی ہوئی تھی۔ فلپائنی صدر نے صدارتی محل میں ایک بریفنگ کے دوران کہا کہ انہیں کینسر نہیں ہے اس لیے کسی کو ان کے قریب آنے سے خوفزدہ نہیں ہونا چاہیے۔ ڈوٹیرٹے گزشتہ ہفتے دو سرکاری تقریبات میں شریک نہیں ہوئے تھے اسی باعث عوام میں صدر کی صحت کے بارے میں چہ مگوئیاں گردش کر رہی تھیں۔

[pullquote]جرمن برآمدات میں مسلسل دوسرے ماہ کمی[/pullquote]

جرمن برآمدات میں مسلسل دوسرے ماہ کمی واقع ہوئی ہے۔ یورپ کی اس سب سے بڑی معیشت کے وفاقی دفتر برائے شماریات کے مطابق اگست میں جرمن برآمدات اُس سے ایک ماہ قبل کے مقابلے میں 0.1 فیصد کم ہو کر 110.3 بلین یورو کی رہیں۔ دوسری طرف درآمدات میں بھی 2.7 فیصد کی کمی ہوئی اور اگست میں ان کا حجم 92 بلین ڈالرز رہا۔ اس طرح رواں ماہ اگست میں جرمن تجارتی منافع 18.3 بلین یورو پر آ گیا۔

[pullquote]افغانستان میں ایک انتخابی امیدوار پر خودکش حملہ، آٹھ ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے جنوبی صوبہ ہیلمند کے شہر لشکر گاہ میں ایک انتخابی امیدوار پر خودکش حملے کے نتیجے میں کم از کم آٹھ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ ہیلمند کے صوبائی گورنر کے ترجمان کے مطابق حملہ آور نے صالح محمد اچکزئی کے انتخابی دفتر میں خود کو دھماکے سے اڑایا۔ اس حملے میں اچکزئی سمیت 10 افراد زخمی بھی ہوئے۔ افغانستان میں 20 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات ہونا ہیں۔ طالبان نے انتخابات کو ناکام بنانے کی دھمکی دے رکھی ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا کی طرف سے پوپ فرانسس کو دورے کی دعوت[/pullquote]

شمالی کوریا کے سربراہ کِم جونگ اُن نے کیتھولک مسیحیوں کے روحانی پیشوا پوپ فرانسس کو اپنے ملک کا دورہ کرنے کی دعوت دی ہے۔ جنوبی کوریا کے صدارتی محل کے مطابق صدر مون جے اِن آئندہ ہفتے جب پوپ فرانسس سے ملاقات کریں گے تو وہ شمالی کوریائی رہنما کا پیغام اُن تک پہنچا دیں گے۔ جنوبی کوریائی صدر مون جے اِن کے دفتر کے مطابق گزشتہ ماہ جب دونوں کوریائی ریاستوں کے سربراہان کی ملاقات ہوئی تھی تو کِم جونگ اُن نے اس خواہش کا اظہار کیا تھا۔

[pullquote]اسکرپل کیس دوسرے مشتبہ شخص کی شناخت[/pullquote]

انویسٹی گیٹیو جرنلسٹس نے سابق روسی جاسوس اسکرپل کو قتل کرنے کی کوشش میں ملوث دوسرے مشتبہ شخص کی شناخت ظاہر کر دی ہے۔ بیلنگ کیٹ نامی ریسرچ ویب سائٹ کے مطابق الیگزانڈر پیٹروف کے نام سے برطانیہ میں داخل ہونے والا شخص دراصل الیگزانڈر ژیوگینیوچ مِشکِن تھا جو روسی خفیہ ایجنسی GRU کا ایک ملٹری ڈاکٹر ہے۔ برطانوی پولیس نے اس رپورٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا۔ سابق روسی ڈبل ایجنٹ سیرگئی اسکرپل اور ان کی بیٹی کو رواں برس مارچ میں نوویچوک نامی زہریلے مواد سے نشانہ بنایا گیا تھا جس کے بعد ان کی حالت غیر ہو گئی تھی۔

[pullquote]سربیا کی ایک شاہراہ پر بڑی تعداد میں گاڑیاں ٹکرا گئیں، کم از کم چھ ہلاک[/pullquote]

سربیا کی ایک ہائی وے پر بڑی تعداد میں گاڑیاں ٹکرا گئی ہیںو جس کے نتیجے میں کم از کم چھ افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ سربیا پولیس کے مطابق دارالحکومت بلغراد سے قریب 150 کلومیٹر دور بلغراد نیس ہائے وے پر درجنوں گاڑیاں، ٹرک اور بسیں اس حادثے کا شکار ہوئیں۔ جس وقت یہ حادثہ ہوا اُس وقت سڑک پر وزیبیلیٹی یا دکھائی دینے کی حد محض 10 سے 20 میٹر تک تھی۔ اس حادثے کے کئی گھنٹے گزر جانے کے باوجود امدادی کارکن گاڑیوں میں پھنسے لوگوں کو نکالنے میں مصروف ہیں۔

[pullquote]سعودی صحافی کی گمشدگی پر ٹرمپ کو تشویش[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک معروف سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وائٹ ہاؤس میں ایک پریس کانفرنس کے دوران ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں اس پر تشویش ہے اور امید ہے کہ مسئلہ جلد حل ہو جائے گا۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ فی الحال اصل صورتحال کا کسی کو معلوم نہیں مگر ان کے بارے میں بعض بُری خبریں گردش کر رہی ہیں جو ناپسندیدہ ہیں۔ خاشقجی گزشتہ ہفتے استنبول میں قائم سعودی قونصلیٹ میں داخل ہونے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔ ترک حکام نے اس سلسلے میں ریاض حکومت سے مدد کی اپیل کی ہے۔

[pullquote]اے ایف ڈی سامیت دشمن نہیں، ایک جرمن یہودی گروپ[/pullquote]

جرمنی میں یہودی شہریوں کے ایک گروپ کے مطابق انتہائی دائیں بازو کی مہاجرین مخالف سیاسی جماعت اے ایف ڈی سامیت دشمن نہیں ہے۔ ’آلٹرنیٹیو فار جرمنی‘ یا ’متبادل برائے جرمنی‘ انتہائی دائیں بازو کی سوچ کی حامل ہے اور ملک میں مہاجرین اور اسلام مخالف بھی ہے۔ تاہم اب جرمنی میں یہودی شہریوں کا ایک گروپ یہ کہتے ہوئے اس پارٹی میں شامل ہو گیا ہے کہ اے ایف ڈی سامیت دشمن نہیں۔ اس گروپ نے اس پارٹی کے اندر اپنا ایک دھڑا بھی بنا لیا ہے، جسے Jews in AfD کا نام دیا گیا ہے۔ لیکن جرمنی میں یہودیوں کی آبادی کی اکثریت اور ان کی نمائندہ ملکی تنظیموں نے اے ایف ڈی میں شمولیت پر اس نئے یہودی گروپ کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]یوکرائن: اسلحے کے ڈپو میں آگ اور دھماکے، 10 ہزار لوگوں کو علاقے سے نکال لیا گیا[/pullquote]

یوکرائن کے شمالی حصے میں اسلحے کے ایک گودام میں لگنے والی آگ اور دھماکوں کے بعد اس علاقے سے 10 ہزار کے قریب لوگوں کو نکال لیا گیا ہے۔ یوکرائنی حکام کے مطابق یہ واقعہ دارالحکومت کییف سے 170 کلومیٹر کے فاصلے پر موجود شہر اچنیا میں پیش آیا ہے۔ حکام کے مطابق آگ وزارت دفاع کے ڈپو نمبر چھ میں مقامی وقت کے مطابق آج صبح ساڑھے تین بجے لگی، جس کے بعد دھماکے شروع ہوئے۔ یہ ڈپو 700 ہیکٹرز پر پھیلا ہوا ہے۔ یوکرائن کے وزیر اعظم ولادیمیر گراؤسمن متاثرہ مقام پر پہنچ گئے ہیں۔

[pullquote]جرمن حکومت مہاجرین کی امداد بڑھانے پر آمادہ[/pullquote]

وفاقی جرمن حکومت مہاجرین کے انضمام کے لیے زیادہ رقم فراہم کرنے پر آمادہ ہے۔ جرمن اخبار ’زوڈ ڈوئچے سائٹنگ‘ کے مطابق جرمن حکومت 2019ء سے 2022ء کے دوران 15 بلین یورو خرچ کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ جرمن ریاستوں کو پانچ بلین جبکہ شہری حکومتوں کو ایک بلین اضافی امداد فراہم کی جائے گی۔ اس منصوبے کے تحت یہ امداد فی مہاجر کے حساب کی بجائے سیلز ٹیکس سے حاصل ہونے والے ریونیو کی بنیاد پر فراہم کی جائے گی۔ وفاقی حکومت اس بات کو یقینی بنانے کا حق بھی چھوڑنے کو تیار ہے کہ امدادی رقوم واقعی انضمام پر خرچ کی جا رہی ہیں یا نہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے