وزیراعظم 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا افتتاح آج کریں گے

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان 50 لاکھ گھروں کی تعمیر کے منصوبے کا آج افتتاح کریں گے، جس کے پہلے مرحلے میں گریڈ ایک سے 16 تک کے سرکاری ملازمین رجسٹریشن کرانے کے اہل ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان آج شام 5 بجے وزیراعظم آفس میں منصوبے کا افتتاح کریں گے۔

ذرائع کے مطابق مکانات کے لیے رجسٹریشن کا اعلان بھی آج ہی کیا جائے گا، تاہم رجسٹریشن کا مطلب مکانوں کی الاٹمنٹ نہیں بلکہ ضرورت مندوں کا پتہ لگانا ہے۔

اس سلسلے میں عوام کا ڈیٹا اکھٹا کرنے کی ذمہ داری نادرا کو دی جائے گی۔

حکومت نے اس منصوبے کے لیے ‘اپنا گھر اتھارٹی’ کے نام سے نیا ادارہ بنانے کا فیصلہ بھی کیا ہے، جو ہر شہر میں سستے گھروں کی ضروریات اور جگہ کی نشاندہی کرے گی۔

ذرائع کے مطابق 50 لاکھ گھروں کے منصوبے میں نجی شعبے کو شفاف بنیادوں پر شامل کیا جائے گا جب کہ اس منصوبے کو 5 سال میں مکمل کرنے کی حکمت عملی تیار کرلی گئی ہے۔

ابتدائی طور پر پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز 7 اضلاع میں ہوگا، جن میں فیصل آباد، سکھر، کوئٹہ، ڈیرہ اسماعیل خان، اسلام آباد، گلگت اور مظفر آباد شامل ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے