پیر : 15 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغانستان ميں تين ملین افراد کو خوراک کی شديد قلت کا سامنا، اقوام متحدہ[/pullquote]

اقوام متحدہ نے خبردار کيا ہے کہ افغانستان میں تقريباً تين ملين شہريوں کو خوراک کی شديد قلت کا سامنا ہے۔ عالمی تنظيم کے علاقائی کوآرڈينيٹر ٹوبی لانزر کے بقول، ڈھائی ملين افراد تک دسمبر کے وسط تک خوراک پہنچانے کی کوششيں جاری ہيں۔ ان کے بقول امدادی گروپوں نے پچھلے دنوں چھ لاکھ افراد تک کھانے پينے کی اشياء اور بنيادی ضروریات کی چیزیں پہنچائيں۔ افغانستان کے شمالی اور مغربی حصوں ميں خشک سالی کے سبب فصليں تباہ ہو گئيں جبکہ پانی کے ذرائع بھی بری طرح متاثر ہوئے، جس سبب ہزاروں افراد نقل مکانی پر مجبور ہو چکے ہيں۔

[pullquote]بنگلہ ديش ميں متنازعہ ڈيجيٹل قانون کے خلاف احتجاج[/pullquote]

بنگلہ ديش ميں نئے ڈيجيٹل قانون کی مخالفت ميں کئی اخبارات کے ايڈيٹرز نے احتجاج کيا ہے۔ ايڈيٹرز کی کونسل کے سولہ ارکان نے ڈھاکہ ميں پريس کلب کے سامنے احتجاج کيا۔ ناقدين کا کہنا ہے کہ يہ قانون وزير اعظم شيخ حسينہ کی جانب سے اپنے خلاف کسی بھی قسم کی مخالفت يا تنقيد کی حوصلہ شکنی کی کوشش ہے۔ بعد ازاں نامور صحافيوں اور ايڈيٹرز نے ملکی وزراء کے ساتھ ملاقات ميں نئے قانون کی نو شقوں ميں تراميم کا مطالبہ کيا، جس کے بعد وزير قانون نے کہا کہ ان کے مطالبے پر غور کيا جائے گا۔ ہيومن رائٹس واچ اور ديگر تنظيموں نے اس بل کی مذمت کی ہے۔

[pullquote]مراکشی شہری کی جرمنی بدری آج[/pullquote]

جرمنی سے آج اس مراکشی شہری کو ملک بدر کيا جا رہا ہے، جس نے امريکا ميں گيارہ ستمبر سن 2001 کے دہشت گردانہ حملوں ميں ملوث تين افراد کی معاونت کی تھی۔ منير ال ايم کو سن 2006ء ميں ايک دہشت گرد تنظيم کی رکنيت پر مجرم قرار ديا گيا تھا۔ چواليس سالہ مجرم کو آج صبح ہيمبرگ کی ايک جيل سے ہوائی اڈے تک پہنچايا گيا جہاں سے جلد ہی اسے مراکش کی ايک پرواز پر چڑھايا جا رہا ہے۔

[pullquote]موسمياتی تبديلياں حقيقی ہیں تاہم انسان ذمہ دار نہيں، ٹرمپ[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اپنے ايک اور متنازعہ بيان ميں بالآخر يہ مان ليا ہے کہ موسمياتی تبديلياں حقيقی ہيں تاہم وہ اس بارے ميں اب بھی شکوک و شبہات کا شکار ہيں کہ آيا ان کے ذمہ دار انسان ہيں۔ صدر ٹرمپ نے يہ بات ايک انٹرويو ميں کہی، جو گزشتہ روز نشر ہوا۔ ان کے بقول موسمياتی تبديلياں انسانوں کے اقدامات کے نتيجے ميں نہيں ہو رہيں اور وہ ان کے نتيجے ميں آنے والی قدرتی آفات سے بچاؤ کے ليے لاکھوں ڈالر کی عطيات نہيں ديں گے۔ ٹرمپ ماضی ميں باقاعدگی سے کہتے آئے ہيں کہ موسمياتی تبديلياں حقيقی نہيں ہيں اور يہ محض ايک دھوکا ہے۔

[pullquote]امريکا ايران ميں اقتدار کی تبديلی چاہتا ہے، حسن روحانی[/pullquote]

ايرانی صدر حسن روحانی نے الزام عائد کيا ہے کہ امريکا ایران ميں اقتدار کی تبديلی چاہتا ہے۔ روحانی کے بقول موجودہ امريکی انتظاميہ پچھلی چار دہائيوں کی سب سے جارحانہ طرز عمل والی انتظاميہ ثابت ہوئی ہے۔ ايرانی صدر نے يہ بيان سرکاری ٹيلی وژن سے نشر کردہ اپنے ايک بيان ميں ديا۔ اس کے رد عمل ميں امريکی محکمہ خارجہ کے ايک ترجمان نے کہا کہ امريکا ايران کے رويے ميں تبديلی چاہتا ہے تاہم حکومت ميں تبديلی کا خواہاں نہيں۔ ترجمان کے بقول امر يکی صدر ميزائل پروگرام، دہشت گردی اور ديگر کئی علاقائی اور عالمی امور پر تہران حکومت کے ساتھ بات چيت کا عنديہ دے چکے ہيں۔

[pullquote]گمشدہ صحافی کا معاملہ، ٹرمپ کا شاہ سلمان سے رابطہ[/pullquote]

سعودی حکومت کے ناقد صحافی جمال خاشقجی کے مبينہ قتل کے معاملے پر امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شاہ سلمان سے بذريعہ ٹيلی فون رابطہ کيا ہے۔ ٹرمپ نے بعد ازاں بتايا کہ وہ اس معاملے پر وضاحت کے ليے وزير خارجہ مائيک پومپيو کو فوراً رياض روانہ کر رہے ہيں۔ امريکی صدر کے بقول شاہ سلمان نے انہيں بتايا ہے کہ وہ کچھ نہيں جانتے کہ خاشقجی کے ساتھ کيا ہوا اور يہ بھی کہ معاملے کی جڑ تک پہنچنے کے ليے رياض حکام انقرہ حکومت کے ساتھ تعاون جاری رکھے ہوئے ہيں۔ قبل ازيں ٹرمپ نے قصور وار ثابت ہونے پر سعودی عرب کے خلاف سخت اقدامات کا عنديہ ديا تھا، جس کے جواب ميں ايک روز قبل رياض حکومت نے بھی جوابی رد عمل کی دھمکی دی تھی۔

[pullquote]سعودی صحافی کی گمشدگی: ’قابل اعتماد‘ تفتيش کرائی جائے[/pullquote]

جرمنی، فرانس اور برطانيہ کے وزرائے خارجہ نےسعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی اور مبينہ قتل کے معاملے کی ’قابل اعتماد‘ تحقيقات پر زور ديا ہے۔ اس سلسلے ميں تينوں وزرائے خارجہ کی جانب سے ايک مشترکہ بيان جاری کيا گيا ہے۔ ان تينوں يورپی وزراء کا کہنا ہے کہ وہ اس معاملے پر کافی سنجيدگی کے ساتھ نگاہ رکھے ہوئے ہیں۔ جرمنی، فرانس اور برطانيہ کے اس بيان ميں قصور وار افراد کے خلاف کارروائی کا مطالبہ بھی کیا گيا ہے۔

[pullquote]ہنگری ميں سڑکوں پر سونے پر پابندی[/pullquote]

يورپی ملک ہنگری ميں آج سے ايک نئے متنازعہ قانون پر عملدرآمد شروع ہو گيا ہے، جس کے تحت بے گھر افراد کو سڑکوں پر رات گزارنے کی اجازت نہيں۔ جون ميں منظور ہونے والے اس قانون کے تحت پوليس يہ اختيار رکھتی ہے کہ بے گھر افراد کو شيلٹرز يا رات گزارنے کی جگہوں پر بھيجے۔ نوے ايام ميں تين مرتبہ خلاف ورزی کرنے والوں کو حراست ميں بھی ليا جا سکتا ہے۔ انسانی حقوق کے ليے سرگرم گروپوں نے اس قانون کی مخالفت کی ہے جبکہ بوداپیسٹ حکومت کا موقف ہے کہ اس سے بے گھر افراد کو بہتر رہائش کے مواقع مليں گے۔

[pullquote]برطانوی شہزادہ ہيری کے ہاں بچے کی پيدائش آئندہ برس متوقع[/pullquote]

برطانوی شہزادے ہيری کی بيوی ميگھن مارکل حاملہ ہيں اور اس شاہی جوڑے کے ہاں پہلے بچے کی پيدائش آئندہ برس موسم بہار ميں متوقع ہے۔ اس خبر کا اعلان کنسنگٹن پيلس کی جانب سے پندرہ اکتوبر کی صبح کيا گيا۔ يہ خبر ايک ايسے موقع پر جاری کی گئی ہے، جب پرنس ہيری اور ميگہن مارکل، بطور شاہی جوڑا، اپنے پہلے غير ملکی دورے پر آسٹريليا پہنچے۔

[pullquote]جنوبی فرانس ميں شديد بارشيں اور سيلاب[/pullquote]

فرانس کے جنوبی حصے ميں شديد بارشوں اور سيلاب کے نتيجے ميں کم از کم تيرہ افراد ہلاک ہو گئے ہيں۔ چند مقامات پر سيلابی ريلے سات ميٹر تک بلند تھے۔ حکام نے متاثرہ خطے کے تمام اسکولوں و دفاتر کی عارضی بندش کے احکامات جاری کر ديے ہيں۔ فرانسيسی وزير اعظم نے بتايا ہے کہ آگ بجھانے والے عملے کے ساڑھے تين سو سے زائد ارکان امدادی سرگرميوں ميں مصروف ہيں جبکہ مزيد ساڑھے تين سو امدادی کاموں کے ليے متاثرہ علاقوں کی جانب گامزن ہيں۔

[pullquote]فضائی آلودگی سے نمٹنے کے ليے نئی دہلی ميں منصوبہ[/pullquote]

بھارتی دارالحکومت ميں بڑھتے ہوئے مضر صحت دھوئيں کے مسئلے سے نمٹنے کے ليے ايک ہنگامی منصوبے پر آج سے کام شروع کر ديا گيا ہے۔ ’گريڈڈ رسپانس ايکشن پلان‘ کے تحت آب و ہوا ميں آلودگی کی مقدار کے مطابق اقدامات اٹھائے جائيں گے۔ جن ايام ميں فضائی آلودگی ايک مخصوص حد سے زيادہ ہو گی، ان دنوں اسکولوں کو بند رکھا جائے گا۔ علاوہ ازيں ڈيزل جنريٹرز اور کوئلے سے بجلی پيدا کرنے والے ايک پلانٹ کو بھی عارضی بنيادوں پر بند کر ديا گيا ہے۔ لگ بھگ بيس ملين آبادی والے شہر نئی دہلی ميں فضائی آلودگی کی مقدار خطرناک تصور کی جاتی ہے۔

[pullquote]انسانوں کی اسمگلنگ روکنے کے ليے يورپی وزراء اور افريقی رہنماؤں کی ملاقات[/pullquote]

يورپی يونين کے رکن ممالک کے وزرائے خارجہ غير قانونی ہجرت کے انسداد کے ليے شمالی افريقی ممالک کے رہنماؤں کے ساتھ بات چيت کر رہے ہيں۔ لکسمبرگ ميں آج پیر کو ہونے والی اس بات چيت ميں انسانوں کی اسمگلنگ اور بحيرہ روم ميں اموات کو روکنے جيسے معاملات پر توجہ مرکوز رہے گی۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرين فيليپو گرانڈی اور بين الاقوامی ادارہ برائے مہاجرت (IOM) کے سربراہ انٹونيو ویٹورينو بھی اس بات چيت ميں شريک ہوں گے۔ اس سال بھی اب تک اٹھاسی ہزار تارکين وطن بحيرہ روم کے راستے يورپ پہنچ چکے ہيں۔ يورپی يونين کی کوشش ہے کہ شمالی افريقی ممالک کے ساتھ اضافی تعاون سے اس غير قانونی ہجرت کو روکا جا سکے۔

[pullquote]پاک افغان جھڑپوں کے بعد چمن بارڈر کی بندش[/pullquote]

مسلح جھڑپوں کے بعد پاکستان اور افغانستان کے درميان چمن کی سرحدی گزر گاہ گزشتہ روز سے بند کر دی گئی ہے۔ پاکستانی نيم فوجی دستوں کے ترجمان خان واسع کے مطابق افغان فوجيوں نے پاکستانی فوجيوں پر فائرنگ شروع کی، جس کے نتيجے ميں جھڑپ شروع ہوئی۔ اطلاعات ہيں کہ افغان فوجیوں نےفائرنگ اس وقت شروع کی، جب پاکستانی دستے سرحد پر باڑ نصب کر رہے تھے۔ اس پيش رفت کے نتيجے ميں ہزاروں مقامی افراد کے علاوہ افغانستان ميں برسرپيکار نيٹو کے فوجی دستوں کے ليے سامان لے جانے والے کئی ٹرک بھی بارڈر پر پھنس گئے ہيں۔

[pullquote]صحافی کے مبینہ قتل کا معاملہ، رياض حکومت کی جوابی دھمکی[/pullquote]

وائٹ ہاؤس نے اقتصادی سطح پر جوابی رد عمل سے متعلق سعودی دھمکيوں کو نظر انداز کر ديا ہے۔ ری پبلکن پارٹی کے دو مرکزی سينيٹرز رياض حکومت کے خلاف اقدامات کے ليے تيار ہيں جن ميں اس ملک کو اسلحے کی فروخت پر پابندی بھی شامل ہے۔ ریاض حکومت کے ناقد سعودی صحافی جمال خاشقجی کے مبينہ قتل کے معاملے پر اظہار رائے کرتے ہوئے امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وضاحت نہ دينے پر سعودی عرب کے خلاف سخت اقدامات کا عنديہ ديا تھا، جس کے جواب ميں ايک روز قبل رياض حکومت نے بھی جوابی رد عمل کی دھمکی دی تھی۔ وائٹ ہاؤس کے مشير برائے خزانہ ليری کڈلو نے کہا ہے کہ ضرورت پڑنے پر سخت کارروائی کی جا سکتی ہے۔

[pullquote]شمالی اور جنوبی کوريائی اہلکاروں کی ملاقات[/pullquote]

شمالی کوريائی اہلکاروں نے کہا ہے کہ وہ روايتی حريف ملک جنوبی کوريا کے نمائندوں کے ساتھ بات چيت ميں واضح نتائج کی توقع رکھتے ہيں۔ پيونگ يانگ اور سيول کے نمائندے پير پندرہ اکتوبر کو پان مون جونگ کے سرحدی مقام پر ملے۔ اس ملاقات ميں دونوں ممالک کے حکام نے جزيرہ نما کوريا پر قيام امن اور دونوں ممالک کے رہنماؤں کی تيسری سمٹ کے ليے آئندہ کے لائحہ عمل کے سلسلے ميں بات چيت کی۔ شمالی کوريائی رہنما کم جونگ ان اور ان کے جنوبی کوريائی ہم منصب مون جے ان اقتصادی روابط کی بحالی پر اتفاق کر چکے ہیں۔

[pullquote]اردن اور شام کے درميان مرکزی سرحدی گزرگاہ کھول دی گئی[/pullquote]

اردن اور خانہ جنگی کے شکار ملک شام کے درميان مرکزی سرحدی گزر گاہ تين سال بعد آج بروز پير دوبارہ کھول دی گئی۔ اس پيش رفت کی اطلاع خبر رساں ادارے اے ايف پی کے ايک فوٹو گرافر نے دی ہے۔ بندش سے پہلے يہ گزر گاہ تجارت کے ليے استعمال ہوتی تھی تاہم اپريل سن 2015 ميں شام کے سرحدی شہر جابر پر باغيوں کی چڑھائی کے تناظر ميں اردنی حکام نے اسے بند کر ديا تھا۔ یہ سرحدی گزر گاہ پير کو مقامی وقت کے مطابق صبح آٹھ بجے کھولی گئی اور اس موقع پر وہاں پوليس اور کسٹمز کے اہلکاروں کی بھارتی نفری تعينات تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے