منگل : 16 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]فرانس میں سیلاب، ایک درجن سے زائد ہلاک[/pullquote]

فرانسیسی حکام کے مطابق ملک جنوبی مغربی علاقے اوڈ میں اچانک آنے والے سیلاب سے کم از کم تیرہ افراد ہلاک ہوئے ہیں جب کہ تین ابھی بھی لاپتہ ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں بیشتر عمر رسیدہ افراد ہیں۔ اُڈ علاقے کے شہر ٹریب میں زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں اور اس شہر میں دریائے اوڈ کا سیلابی پانی پھیل چکا ہے۔ دریائے اوڈ اور اچانک سیلابوں کی وجہ علاقے میں ہونے والی غیرمعمولی بارشیں ہیں۔

[pullquote]ایتھوپیائی کابینہ کی تشکیلِ نو، نصف خواتین وزراء[/pullquote]

ایتھوپیا کے اصلاحات پسند وزیراعظم آبی احمد نے اپنی کابینہ کی تشکیل نو مکمل کر لی ہے۔ انہوں نے وزراء کی تعداد اٹھائیس سے کم کر کے بیس کر دی ہے۔ ان میں نصف تعداد خواتین کی ہے۔ اِس افریقی ملک کے وزیراعظم نے وزارت دفاع کا قلمدان ایک خاتون عائشہ محمد موسیٰ کو تفویض کیا ہے۔ وزیراعظم احمد نے رواں برس اپریل میں اپنی کابینہ تشکیل دی تھی اور اُس میں کم خواتین کو شامل کرنے پر انہیں تنقید کا بھی سامنا رہا تھا۔ ملکی پارلیمنٹ نے نئی کابینہ کی منظوری دے دی ہے۔

[pullquote]بھارت: مذہبی گورو کو قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا[/pullquote]

شمالی بھارتی ریاست ہریانہ کی ایک عدالت نے ایک مذہبی گورو بابا رامپال اور اُن کے چودہ ساتھیوں کو چار خواتین اور ایک بچے کو قتل کرنے کے جرم میں عمر قید کی سزا کا حکم سنایا ہے۔ سزا پانے والوں میں رامپال کا بیٹا بھی شامل ہے۔ عدالت نے سزا کے علاوہ رامپال پر دو لاکھ سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے۔ تمام افراد کے وکلاء نے اعلیٰ عدالت میں سزا کے خلاف اپیل دائر کرنے کا بتایا ہے۔ استغاثہ کے مطابق سن 2014 میں مقتولین کی ہلاکت جبری قید کے دوران دم گھٹنے سے ہوئی تھی۔

[pullquote]چین: کرپشن الزمات پر دو چینی جرنیل برخاست[/pullquote]

چینی حکومت نے کرپشن الزامات کے تناظر میں دو اعلیٰ جرنیلوں کو کمیونسٹ پارٹی سے فارغ کرنے کے علاوہ اُن کے رینک اور اعزازات بھی واپس لے لیے ہیں۔ چینی فوج کے اعلیٰ انتظامی ادارے سینٹرل ملٹری کمیشن میں شامل جنرل فانگ فینگ ہوئی کو کرپشن الزامات کے سلسلے میں کورٹ مارشل کا سامنا ہو گا۔ دوسرے جنرل جانگ ژینگ نے کرپشن الزامات عائد ہونے کے بعد گزشتہ برس نومبر میں خودکشی کر لی تھی۔ ان کو بھی عہدے سے ہٹانے کے علاوہ بعد از مرگ اعزازات سے محروم کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]دہشت گردی کا انسداد پیشہ ورانہ تربیت سے کر رہے ہیں، چین[/pullquote]

چین نے افراتفری کے شکار اپنے علاقے سنکیانگ میں ایغور مسلم آبادی کے تربیتی مراکز پر تنقید کے جواب میں کہا ہے کہ اس علاقے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آزاد پیشہ ورانہ تربیت کے مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ بیجنگ نے یہ بیان اُس تنقید کے جواب میں دیا ہے، جس میں کہا جا رہا ہے کہ ایغور مسلم اقلیتی برادری کے افراد کے لیے ماورائے عدالت تعلیمی کیمپ قائم کر کے انہیں اُن میں پابند کیا جا رہا ہے۔ اقوام متحدہ کے ایک پینل کے مطابق ایسے تربیتی کیمپوں میں دس لاکھ سے زائد ایغور افراد مقید ہیں۔ چینی حکومت کے اس انداز کے تربیتی پروگرام پر حالیہ دنوں میں وسیع پیمانے پر تنقید بھی جاری ہے۔

[pullquote]آسٹریلیا اپنا سفارت خانہ یروشلم منتقل کر سکتا ہے، آسٹریلوی وزیر اعظم[/pullquote]

آسٹریلوی وزیر اعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ اسرائیل میں اُن کے ملک کا سفارت خانہ تل ابیب سے یروشلم منتقل کیا جا سکتا ہے۔ موریسن نے یہ بات ایک ضمنی الیکشن سے قبل آسٹریلیا کی یہودی کمیونٹی سے خطاب کے دوران کہی۔ اس موقع پر انہوں نے یہ بھی کہا کہ کینبرا حکومت اسرائیل اور فلسطینی تنازعے کا حل دو ریاستی نظریے میں دیکھتی ہے۔ اُدھر اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو نے کہا ہے کہ انہوں نے اپنے آسٹریلوی ہم منصب سے حال ہی میں گفتگو کی اور وہ اُس آسٹریلین پالیسی کا خیرمقدم کرتے ہیں، جس میں مستقبل میں سفارت خانے کو یروشلم منتقل کرنا شامل ہے۔

[pullquote]سمندری طوفان سے عَمان اور یمن میں سیلابی صورتحال، تین ہلاک[/pullquote]

بحر ہند سے اٹھنے والے سمندری طوفان لوبان کی لپیٹ میں آ کر عَمان اور یمن میں کم از کم تین افراد ہلاک اور تینتیس زخمی ہوئے ہیں۔ تمام ہلاکتیں یمن کے صوبے مہرہ کے ساحلی علاقے میں ہوئی ہیں۔ اس صوبے کے گورنر نے نیوز ایجنسی اے ایف پی کو بتایا ہے کہ طوفان نے مہرہ کے علاقے میں وسیع تباہی پھیلائی ہے۔ ہزاروں افراد اس طوفان سے متاثر ہیں۔

[pullquote]پاکستانی سرحد کے قریب 14 ایرانی سکیورٹی اہلکاراغواء[/pullquote]

پاکستانی سرحد کے قریب ایرانی علاقے سے 14 ایرانی سکیورٹی اہلکاروں کو اغواء کر لیا گیا ہے۔ ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق اغواء ہونے والوں میں ایرانی انقلابی گارڈز کے انٹیلیجنس افسران بھی شامل ہیں۔ ایرانی انقلابی گارڈز نے اغواء کی اس کارروائی کا الزام غیر ملکی طاقتوں کے حمایت یافتہ دہشت گرد گروپوں پر عائد کيا ہے اور پاکستانی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس حوالے سے کارروائی کریں اور اغواء کیے گئے اہلکاروں کی تلاش میں مدد فراہم کريں۔ ان اہلکاروں کو سرحدی علاقے لولاکدان سے صبح چار سے پانچ بجے کے درمیان اغواء کیا گیا۔ لولاکدان ایران کے جنوب مشرقی صوبہ سیستان بلوچستان کے دارالحکومت زاہدان سے 150 کلومیٹر جنوب مشرق میں واقع ہے۔

[pullquote]خاشقجی کی گمشدگی کے بارے میں فوری جوابات پر اتفاق[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو اور سعودی رہنماؤں نے سعودی صحافی جمال خاشقجی کی گمشدگی کے حوالے سے فوری جوابات کی ضرورت پر اتفاق کیا ہے۔ یہ بات پومپیو کی خاتون ترجمان ہیتھر نوئرٹ نے بتائی ہے۔ پومپیو نے ریاض کے اس خصوصی دورے کے دوران سعودی شاہ سلمان، وزیر خارجہ عادل الجبیر اور ولی عہد محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ نوئرٹ کے مطابق ان ملاقاتوں میں ’مکمل، شفاف اور بروقت تفتیش کی ضرورت پر اتفاق کیا گیا۔ ریاض حکومت کے ناقد جمال خاشقجی دو ہفتے قبل استنبول میں واقع سعودی قونصلیٹ میں جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

[pullquote]بیلسٹک میزائل اپ گریڈ کر دیا گیا ہے، پاسداران انقلاب ایران[/pullquote]

ایران کی ایلیٹ فورس پاسدارانِ انقلاب کے ذیلی شعبے ایئر اسپیس ڈویژن کے سربراہ امیر علی حاجی زادہ نے کہا ہے کہ زمین سے سمندر میں ہدف کو نشانہ بنانے والے بیلسٹک میزائل کو اپ گریڈ کرنے میں کامیابی حاصل کی گئی ہے۔ حاجی زادہ کے مطابق اپ گریڈ کے بعد میزائل سات سو کلومیٹر تک مار کر سکے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ کروز میزائل نہیں ہے۔ واشنگٹن حکومت کی پابندیوں کی وجہ سے ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی اور تناؤ میں اضافہ ہوا ہے۔

[pullquote]یمنی صدر نے وزیر اعظم بن دَغر کو برطرف کر دیا[/pullquote]

یمن کے بین الاقوامی طور پر تسلیم شدہ صدر عبد ربو منصور ہادی نے وزیر اعظم احمد بن دَغر کو غفلت برتنے پر برخاست کر دیا ہے۔ ہادی کے دفتر سے جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا گیا کہ احمد بن دَغر کمزور معاشی پالیسیاں جاری رکھنے کے مرتکب ہوئے اور اس وجہ سے یمن کی کرنسی کی قدر میں شدید کمی ہوئی ہے۔ منصور ہادی نے معین عبدالمالک سعید کو نیا وزیر اعظم مقرر کیا ہے۔ سعید برخاست کیے جانے والے وزیر اعظم کی کابینہ میں پبلک ورکس کے محکمے کے وزیر تھے۔ یمن سن 2015 میں ایران نواز حوثی ملیشیا کی طرف سے حکومت کی عسکری مخالفت کے بعد سے خانہ جنگی کا شکار ہے۔

[pullquote]امریکی وزیر دفاع کا اس سال کے دوران ویتنام کا دوسرا دورہ[/pullquote]

امریکی وزیر دفاع جیمز میٹس رواں برس کے دوران اپنے دوسرے دورے پر ویتنام کے شہر ہوچی مِن سٹی پہنچ گئے ہیں۔ وہ اپنے دو روزہ قیام کے دوران مقامی کمیونسٹ پارٹی کے سربراہ اور کئی اہم حکومتی اہلکاروں سے ملاقاتیں کریں گے۔ وہ کل بدھ کو ویتنامی وزیر دفاع سے بھی ملیں گے۔ امکان ہے کہ میٹس اس دورے میں ویتنامی جنگ کے دوران استعمال کیے گئے زہریلے کیمیائی مواد کی صفائی پر توجہ مرکوز رکھیں گے۔ میٹس رواں برس جنوری میں بھی ویتنام کا دورہ کر چکے ہیں۔ اسی دورے کے بعد امریکا کا طیارہ بردار جنگی بحری جہاز کارل وِنسَن بھی دانانگ کی بندرگاہ پر لنگرانداز رہا تھا۔

[pullquote]جرمن کار ساز ادارے آؤڈی کو 800 ملین یورو کا جرمانہ[/pullquote]

جرمنی کے بڑے کار ساز ادارے فوکس ویگن کی ذیلی کمپنی آؤڈی پر جرمن استغاثہ نے ڈیزل انجنوں کے حوالے سے قانونی شرائط پوری نہ کرنے پر 800 ملین یورو کا جرمانہ عائد کیا ہے۔ یہ رقم 927 ملین امریکی ڈالرز کے برابر بنتی ہے۔ کار ساز ادارے آؤڈی نے جرمانہ قبول کر لیا ہے۔ اندازہ لگایا گیا ہے کہ یہ جرمانہ فوکس ویگن کی سن 2018 کی سالانہ آمدن پر منفی اثرات مرتب کرے گا۔

[pullquote]امریکی وزیر خارجہ سعودی عرب کے دورے پر[/pullquote]

امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو جمال خاشقجی کے لاپتہ ہونے کے معاملے پر سعودی بادشاہ کے ساتھ گفتگو کے لیے دارالحکومت ریاض پہنچ گئے ہیں۔ انہوں نے ریاض پہنچنے کے بعد سعودی بادشاہ سے ملاقات بھی کی ہے۔ اُدھر امریکی میڈیا نے رپورٹ کیا ہے کہ جلد ہی سعودی عرب اس حقیقت کا اعتراف کر سکتا ہے کہ منحرف سعودی صحافی خاشقجی کو استنبول میں سعودی قونصلیٹ کی عمارت کے اندر پوچھ گچھ کے دوران ہلاک کر دیا گیا تھا۔ سعودی حکومت نے تاحال ایسی رپورٹوں پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا۔ ریاض حکومت ابھی تک جمال خاشقجی کو ہلاک کرنے سے متعلق اپنے خلاف تمام الزامات کو بے بنیاد اور من گھڑت قرار دیتی ہے۔ دوسری جانب سعودی حکومت قونصل خانے میں خاشقجی کے لاپتہ ہونے کے بارے میں کوئی تسلی بخش جواب دینے سے بھی قاصر ہے۔

[pullquote]ترک اور سعودی ماہرین کی تفتیشی ٹیم سعودی قونصل خانے میں[/pullquote]

ترکی اور سعودی عرب کی خصوصی تفتیشی ٹیموں نے استنبول میں سعودی قونصل خانے میں نو گھنٹے سے زیادہ دیر تک تفتیشی عمل جاری رکھا۔ ترک فوجداری تفتیش کے دس ماہرین نے قونصل خانے میں چھان بین کے سلسلے میں مصروف رہے۔ آج منگل کی علی الصبح پہلے ترک اور پھر سعودی تفتیشی ٹیم قونصل خانے سے باہر آئی۔ امریکی ٹیلی وژن چینل سی این این اور اخبار نیو یارک ٹائمز نے رپورٹ کیا ہے کہ سعودی حکومت عنقریب ہی جمال خاشقجی کی ہلاکت کی ذمہ داری قبول کر سکتی ہے۔ مشترکہ تفتیش خاشقجی کی گمشدگی کے قریب دو ہفتے بعد شروع ہوئی ہے۔ خاشقجی دو اکتوبر کو سعودی قونصل خانے جانے کے بعد سے لاپتہ ہیں۔

[pullquote]افغانستان: بیس سکیورٹی اہلکار ہلاک[/pullquote]

طالبان عسکریت پسندوں نے شمالی افغان صوبے سمنگان میں متعدد حملے کر کے کم از کم بیس سکیورٹی اہلکار ہلاک کر دیے۔ حکام کے مطابق عسکریت پسندوں نے نصف شب کے وقت کیے گئے مختلف حملوں کے دوران کئی چیک پوسٹوں کو بھی روند ڈالا۔ سمنگان کی صوبائی کونسل کے دو اراکین نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا کہ ان حملوں میں صوبائی پولیس انٹیلیجنس کا سربراہ بھی ہلاک ہو گیا ہے۔ طالبان کے حملے کے دوران کئی پولیس اہلکار فرار بھی ہو گئے، جو ابھی تک لاپتہ ہیں۔ ان حملوں کے بعد طالبان جنگجو پانچ گاڑیوں کے علاوہ خوراک سے بھرا ہوا ایک ٹرک بھی اپنے ساتھ لے گئے۔

[pullquote]سرمایہ داری عدم مساوات کا مقابلہ کرتی ہے، بِل گیٹس[/pullquote]

مائیکروسافٹ کے بانی بِل گیٹس کا کہنا ہے کہ عدم مساوات کا مقابلہ سرمایہ داری کرتی ہے کیونکہ یہ ٹیکس جمع کرا کے خوشحالی تقسیم کرتی ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے ثبوت موجود ہیں کہ سرمایہ دارانہ نظام کے متبادل کے طور پر کوئی اور نظام موجود نہیں۔ گیٹس نے کئی ایسے ممالک کی مثالیں بھی دیں، جنہوں نے دوسرے راستوں کا انتخاب کیا اور بعض افراد کے نزدیک وہ ناکام رہے۔ دنیا کے امیر ترین افراد میں شمار ہونے والے بل گیٹس نے ان خیالات کا اظہار جرمن دارالحکومت برلن میں منعقدہ ’خیرات و عطیات کے نئے طریقے اور بڑے چیلنجز‘ کی سالانہ کانفرنس کے موقع پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے