ہفتہ: 20 اکتوبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]افغان دارالحکومت کابل میں خودکش دھماکا، پندرہ افراد ہلاک[/pullquote]

افغان دارالحکومت کابل میں ہونے والے ایک خودکش دھماکے میں کم از کم پندرہ افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔ سکیورٹی حکام کے مطابق یہ خودکش دھماکا کابل کے شمالی علاقے میں ہوا۔ افغانستان میں آج ہفتہ 20 اکتوبر کو پارلیمانی انتخابات کے سلسلے میں ووٹ ڈالے گئے ہیں۔ شدت پسندوں کے حملوں کے خدشات کے تناظر میں پولنگ اسٹیشنوں کی سکیورٹی انتہائی سخت تھی۔ دوسری جانب حکام نے یہ بھی بتایا ہے کہ ملک بھر میں پولنگ کے دوران ہونے والی تشدد سے 130 کے قریب افراد زخمی یا ہلاک ہوئے ہیں۔

[pullquote]افغانستان میں پولنگ کا سلسلہ اتوار کو بھی جاری رہے گا[/pullquote]

افغانستان کے کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل اتوار کے دن بھی ہوگا۔ الیکشن کمیشن نے بتایا ہے کہ ٹیکنیکل اور انتظامی مسائل کی وجہ سے ہفتے کے دن کچھ حلقوں میں پولنگ کا عمل متاثر ہوا، جس کی وجہ سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے۔ الیکشن کمیشن کے سربراہ عبدالبادی صیاد کے مطابق کئی مراکز میں پولنگ کا عملہ اور پولنگ کے لیے مواد بھی تاخیر سے پہنچا، لہٰذا ان حلقوں میں پولنگ کا سلسہ اتوار کے روز تک جاری رہے گی۔ افغانستان میں آج بروز ہفتہ پارلیمانی الیکشن کا اہتمام کیا جا رہا ہے۔

[pullquote]افغانستان میں الیکشن، کابل میں دھماکے[/pullquote]

افغانستان میں آج بروز ہفتہ پارلیمانی الیکشن کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی نے بتایا ہے کہ کابل میں متعدد پولنگ اسٹیشنوں کے نزدیک بم دھماکے ہوئے ہیں۔ اطلاعات ہیں کہ یہ دھماکے اس وقت ہوئے، جب ووٹرز اپنا حق رائے دہی استمعال کرنے کی خاطر ان پولنگ مراکز میں موجود تھے۔ میڈیا کے مطابق ان دھماکوں میں دو افراد ہلاک جبکہ متعدد زخمی ہوئے ہیں۔ بدعنوانی کے الزامات اور تشدد کی وجہ سے حکمت عملی کے حوالے سے اہم جنوبی صوبے قندھار میں الیکشن ملتوی کر دیے گئے ہیں۔

[pullquote]شام میں اٹھاسی ہزار باغی مارے گئے، روسی وزیر دفاع[/pullquote]

روسی وزیر دفاع سیرگئی شوئیگو نے کہا ہے کہ شامی تنازعے میں روسی مداخلت کے بعد سے تقریباﹰ اٹھاسی ہزار باغی ہلاک ہو چکے ہیں۔ ماسکو حکومت نے تین برس قبل شامی جنگ میں صدر بشار الاسد کی منظم مدد کا سلسلہ شروع کرتے ہوئے عسکری کارروائیوں میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔ روسی وزارت دفاع کے بیان کے مطابق سنگارپور میں ایک فورم سے خطاب کرتے ہوئے شوئیگو نے کہا کہ اس عرصے میں شام کا پچانوے فیصد علاقہ بھی آزاد کرایا گیا۔ اس دوران روسی فضائیہ نے شام میں ’دہشت گردوں‘ کے ایک لاکھ بیس ہزار اہداف کو نشانہ بنایا اور چالیس ہزار سے زائد بمبار مشن سر انجام دیے۔

[pullquote]بلغاریہ، مشتبہ شخص نے صحافی کی ہلاکت کا اقبال جرم کر لیا[/pullquote]

بلغاریہ کی پولیس نے کہا ہے کہ حراست میں لیے گئے ایک مشتبہ شخص نے خاتون صحافی وکٹوریہ ماری نوَا کا ریپ اور بعد ازاں اسے ہلاک کرنے کا اعتراف کر لیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم نے کہا کہ وہ نشے کی حالت میں تھا اور اسے اپنے اس جرم پر افسوس اور شرمندگی ہے۔ مشہور صحافی اور ٹیلی وژن میزبان وکٹوریہ کی لاش رومانیہ سے متصل سرحدی شہر روسے سے سات اکتوبر کو ملی تھی۔ بتایا گیا ہے کہ ملزم اس حملے کے بعد ملک سے فرار ہو گیا تھا تاہم اسے بیلجیم سے گرفتار کر لیا تھا۔

[pullquote]تائیوان میں چین مخالف احتجاجی ریلی[/pullquote]

تائیوان میں ہفتے کے دن کئی ہزار افراد نے آزادی کے حق میں احتجاجی مظاہرے میں حصہ لیا۔ میڈیا رپورٹوں کے مطابق تائپے میں ہوئے ان مظاہروں میں شرکاء نے چین سے باقاعدہ آزادی کے حوالے سے ریفرنڈم کرانے کا مطالبہ بھی کیا۔ اس موقع پر مظاہرین نے بیجنگ کی طرف سے تنگ کرنے والے مبینہ اقدامات کو ہدف تنقید بنایا۔ رواں برس کے دوران یہ اپنی نوعیت کی سب سے بڑی احتجاجی ریلی قرار دی جا رہی ہے۔ حالیہ عرصے میں چین اور تائیوان کے باہمی تعلقات میں کشیدگی بھی دیکھی جا رہی ہے۔

[pullquote]جمال خاشقجی قونصل خانے ميں مارے گئے، سعودی میڈيا[/pullquote]

سعودی عرب نے تسلیم کر لیا ہے کہ صحافی جمال خاشقجی استنبول میں سعودی قونصل خانے میں ہی مارے گئے تھے۔ سعودی میڈیا نے ابتدائی چھان بین کے نتائج کے بعد تصدیق کی کہ دراصل خاشقجی قونصلیٹ میں ہونے والی ایک ہاتھا پائی میں ہلاک ہوئے۔ بتایا گیا ہے کہ اس واقعے کے بعد سعودی حکومت نے اٹھارہ مشتبہ افراد کو گرفتار کیا اور دو اہم اہلکاروں کو برطرف کر دیا گیا ہے۔ خاشقجی دو اکتوبر کو ترک شہر استنبول میں واقع سعودی قونصل خانے میں جانے کے بعد سے لاپتہ تھے۔ ابتداء میں ریاض حکومت نے خاشقجی کی ہلاکت پر کوئی تبصرہ نہیں کیا تھا۔

[pullquote]قوم پرستی بڑھی ہے، جرمن چانسلر[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل نے خبردار کیا ہے کہ ملک میں قوم پرستی کے پھیلنے کے خطرات بڑھ رہے ہیں۔ حکمران سیاسی پارٹی کرسچن ڈیموکریٹک یونین کی نیون کرشن میں منعقد ہوئی ایک علاقائی میٹنگ کے دوران میرکل نے جمعے کے دن مزید کہا کہ تعصب کو ختم کرنا ہو گا کیونکہ یہی بعد ازاں شدت اختیار کرتے ہوئے قوم پرستی کی طرف راغب کرتا ہے۔ انہوں نے دہرایا کہ کہ مضبوط یورپ ہی دراصل مستحکم جرمنی کی ضمانت ہو سکتا ہے، اس لیے یورپی سطح پر اتحاد برقرار رکھنا ہو گا۔

[pullquote]افغان طالبان کے ساتھ مذاکرات کی امریکی کوششیں بظاہر ’ناکام‘[/pullquote]

اعلیٰ امریکی کمانڈر جنرل اسکاٹ ملر آج بروز ہفتہ افغانستان میں اپنی معمول کی سرگرمیاں جاری رکھیں گے۔ جمعرات کے دن طالبان کی طرف سے کيے گئے ایک حملے کے بعد امریکا نے واضح کیا ہے کہ انتہا پسندی کے خلاف جاری اس کی کوششوں پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔ قندھار میں اس حملے میں تین اعلیٰ افغان اہلکار مارے گئے تھے تاہم اسکاٹ ملر بال بال بچ گئے تھے۔ ناقدین کے مطابق اس حملے سے معلوم ہوتا ہے کہ افغاستان میں قیام امن کی خاطر امریکا اور طالبان کے مابین مذاکرات کی کوششیں کارگر ثابت نہیں ہو رہی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے