نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کیخلاف نیب کی اپیل کل سماعت کیلئے مقرر منسوخ کریں

اسلام آباد: سپریم کورٹ میں نوازشریف، مریم اور صفدر کی سزا معطلی کے خلاف نیب کی اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی۔

قومی احتساب بیورو(نیب) نے گزشتہ روز نوازشریف،مریم اور محمد صفدر کی سزا معطلی کا اسلام آباد ہائیکورٹ کا 19 ستمبر کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کیا تھا۔

نیب کی جانب سے دائر اپیل میں کہا گیا کہ ہائیکورٹ نے مقدمہ کے شواہد کا درست جائزہ نہیں لیا، ہائیکورٹ نےاپیل کے ساتھ سزا معطلی کی درخواستیں سننے کاحکم دیا تھا، ہائیکورٹ نے اپنے ہی حکم نامے کے برخلاف درخواستوں کی سماعت کی۔

نیب کی اپیل میں اسلام آباد ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

جیونیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب کی اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کی گئی ہے اور چیف جسٹس پاکستان نے اس حوالے سے بینچ بھی تشکیل دے دیا ہے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں تین رکنی بینچ کل سماعت کرے گا اور اس کے متعلقہ فریقین کو نوٹسز بھی جاری کردیئے گئے ہیں۔

واضح رہےکہ اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم میاں نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر کی ایون فیلڈ ریفرنس میں سزا کے خلاف اپیل پر 19 ستمبر کو فیصلہ سناتے ہوئے تینوں کی سزا معطل کرکے رہائی کا حکم دیا تھا۔

اسلام آباد کی احتساب عدالت نے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نوازشریف کو 11، مریم کو 8 اور کیپٹن (ر) محمد صٖفدرکو ایک سال کی سزا سنائی تھی۔

نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 13 جولائی کو لندن سے واپسی پر گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کیا گیا۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے