جاوید چوہدری کا مبینہ پروگرام

مبینہ : تحریر حنیف سمانا
مبینہ پروگرام: کل تک
مبینہ چینل : ایکسپریس نیوز
مبینہ میزبان : جاوید چوہدری

خواتین و حضرات!
یہ گزشتہ ہفتے کے کسی روز کی ایک مبینہ سہ پہر کا ذکر ہے. ایک طیارہ اسرائیل کے دارالحکومت تل ابیب سے مبینہ طور پر اُڑان بھرتا ہے اور پہلے اردن کے دارالحکومت عمان میں لینڈ کرتا ہے. پھر کچھ دیر بعد وہاں سے بھی اُڑان بھرتا ہے اور ایک انجانی منزل کی طرف رواں دواں ہوتا ہے. اُس طیارے کا مبینہ پائیلٹ کرک ڈگلس اپنی ایئر ہوسٹس انجیلا جولی سے ایک کپ دودھ پتی چائے کی فرمائش کرتا ہے. انجیلا مسکراتی ہے اور کہتی ہے. "مسٹر ڈگلس!
پتی ختم ہوگئی ہے اور دودھ بھی تھوڑا سا ہے. اسلام آباد لینڈ کرنے کے بعد میں وہاں ڈیوٹی فری سے ٹپال دانے دار خرید کے آپ کو دودھ پتی پلاتی ہوں”

دونوں ایک دوسرے کی طرف مسکرا کے دیکھ رہے ہوتے ہیں کہ کاک پٹ میں اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہُو داخل ہوتے ہیں. وہ پائیلٹ سے پوچھتے ہیں.
"ہاں جوان!
کتنی دیر ہے اسلام آباد پہنچنے میں. میں امران سے ملنے کے لیے بے چین ہوں. وہ دراصل میری خالہ ساس کی کزن کا سابقہ داماد ہے”
پائیلٹ کرک جواب دیتا ہے.
” سر!
کوئی ستونجا مِنٹس میں ہم اسلام آباد لینڈ کررہے ہونگے”

کوئی ایک گھنٹے کے بعد ایک طیارہ مبینہ طور پر اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کرتا ہے. نیتن یاہو طیارے سے نیچے اترتے ہیں. امران خان ان کا استقبال کرتے ہیں. دونوں رہنما ایک دوسرے سے معانقہ کرتے ہیں. فواد چوہدری اور فیاض الحسن چوہان معزز مہمانوں کو گلدستہ پیش کرتے ہیں.
معزز مہمان دونوں کی پپی لیتے ہیں. اس کے بعد میزبان اور مہمان تفصیلی گفتگو کے لئے مبینہ طور پر ایک انجانی منزل کی طرف روانہ ہوجاتے ہیں.
خواتین و حضرات!
ایئر پورٹ کے در و دیوار دیکھتے ہیں کہ دونوں رہنما مبینہ طور پر کوئی دس گھنٹے کے بعد ایئر پورٹ کے اسی حصے میں الوداعی معانقہ کررہے ہوتے ہیں.
نیتن یاہو کہتے ہیں.
” ہاں بھئی پُتر امران! کبھی سابقہ سسرال بچوں سے ملنے جانا ہو تو تھوڑی دیر جہاز تل ابیب اتر وا لینا. تمہاری چاچی آلو کے پراٹھے بڑے اچھے بناتی ہے”
امران مسکرا کے کہتے ہیں. "جی چاچا جی! ضرور آؤں گا. ابھی ذرا مصروفیت زیادہ ہے. وہ اپوزیشن نے بھی گند مچائی ہوئی ہے. اے پی سی کی باتیں ہورہی ہیں. اُدھر اسد عمر معیشت کے گھوڑے پر بیٹھ تو گیا ہے مگر گھوڑا سنبھل نہیں رہا. تُسی دعا کرو چاچا جی کہ سب کام ٹھیک ہوجائیں. وہ تایا ٹرمپ کو بھی سمجھاؤ کہ آئی ایم ایف کے معاملے وچ گند نہ کرے”
نیتن یاہو نے حامی بھرتے ہوئے جہاز کی سیڑھی کی طرف قدم بڑھایا. پھر اچانک مڑ کے عمران سے کہا.
"او پُتر! سامان جہاز کی ڈِگّی میں رکھوا دیا ہے؟ ”
عمران نے جواب دیا.
” جی چاچا جی! وہ کالا جو لکڑی کا صندوق ہے اُس میں سارا ایٹمی اسلحہ ہے اور وہ لال والے صندوق میں غوری میزائل وغیرہ… چاچا جی! تل ابیب پہنچ کے ایک مس کال مار دینا. میں سمجھ جاؤں گا کہ تُسی خیریت سے پہنچ گئے ہو.. وہ بیچ میں ایران بھی آتا ہے نا ”
نیتن یاہو نے کہا.
” مہربانی پُتر! رب رکھا”
اور جہاز روانہ ہوا.
خواتین و حضرات! یہ تھی اسرائیلی مبینہ جہاز کی مبینہ کہانی. اللہ تعالٰی آپ کا، آپ کے اہل خانہ کا حامی و ناصر ہو. اللہ حافظ.

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے