عمران فاروق کیس: وزارت داخلہ نے بانی ایم کیوایم کی حوالگی کی درخواست منظور کرلی

اسلام آباد: وزارت داخلہ نے عمران فاروق قتل کیس میں نامزد بانی ایم کیو ایم الطاف حسین کی حوالگی کے لیے برطانیہ سے رابطہ کرنے کی ایف آئی اے کی درخواست منظور کرلی۔

ایم کیوایم کے سابق رہنما عمران فاروق کے قتل کیس میں وفاقی تحقیقاتی ایجنسی (ایف آئی اے) کے انسداد دہشتگردی ونگ نے سال 17-2016 میں مقدمہ درج کیا تھا۔

ایف آئی اے انسداد دہشت گردی ونگ کے سربراہ مظہر الحق کاکا خیل کی منظوری سے کیس میں بانی ایم کیوایم کی پاکستان حوالگی کے لیے وزارت داخلہ کو ایک درخواست بھجوائی گئی تھی جسے وزارت نے منظور کرلیا ہے۔

ذرائع کےمطابق وزارت داخلہ سے منظوری کے بعد اب یہ درخواست وزارت خارجہ کو بھجوائی جائے گی جو بانی ایم کیوایم کی حوالگی کے لیے برطانوی وزارت خارجہ سے رابطہ کرے گی اور انہیں باضابطہ درخواست بھی دی جائے گی۔

ذرائع کا بتانا ہےکہ ایف آئی اے کی درخواست کے ساتھ عمران فارق قتل کیس کا چالان اور جےآئی ٹی رپورٹ سمیت دیگر دستاویزات بھی منسک کی گئی ہیں۔

50 سالہ ڈاکٹر عمران فاروق پر16 ستمبر 2010 کو لندن میں ان کی رہائش گاہ کے قریب اقو اور اینٹوں سے حملہ کرکے قتل کردیا گیا تھا۔

ایف آئی اے نے 2015 میں عمران فاروق کے قتل میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے شبے میں بانی متحدہ اور ایم کیو ایم کے دیگر سینئر رہنماؤں کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

کیس میں محسن علی سید، معظم خان اور خالد شمیم کو بھی قتل میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کیا گیا جب کہ میڈیا رپورٹ کے مطابق ایک اور ملزم کاشف خان کامران کی موت ہو چکی ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے