سرفراز کی کپتانی کا معاملہ: محسن خان کے بیان سے نیا تنازع کھڑا ہوگیا

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کیلئے نوتشکیل شدہ کرکٹ کمیٹی درد سر بن گئی، کمیٹی کے سربراہ محسن خان کی جانب سے سرفراز احمد کو ٹیسٹ کی قیادت سے ہٹانے والے بیان سے ایک نیا تنازع کھڑا ہوگیا ہے۔

ابھی پی سی بی جسٹس قیوم رپورٹ کے حوالے سے اٹھنے والے تنازع پر ہی وضاحتیں دے رہا تھا کہ کرکٹ کمیٹی کے سربراہ محسن خان نے بھی ایک منفرد بیان داغ دیا۔

محسن خان کا کہنا ہے کہ ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی سرفراز احمد کیلئے بوجھ ہے انہیں اس ذمہ داری سے الگ کر دینا چاہیے۔

کمیٹی کے سربراہ کا بیان عین اس وقت سامنے آیا ہے جب نیوزی لینڈ سے سیریز کا آغاز ہو رہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے محسن خان کے بیان کو غیر ضروری اور نامناسب قرار دیا ہے۔

ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی بھی کرکٹ کمیٹی کے سربراہ کے بیان سے خوش نہیں ہے۔ کمیٹی کا چیئرمین بننے سے پہلے محسن خان نے ہیڈ کوچ مکی آرتھر کے بارے میں بھی نامناسب الفاظ استعمال کیے تھے۔

یاد رہے کہ چار رکنی کرکٹ کیمٹی کے رکن سابق کپتان وسیم اکرم اور سابق کپتان مصباح الحق دونوں ہی سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے رہے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کمیٹی کے چیئرمین کے تقررسے پہلے متعلقہ افراد کو بھی اعتماد میں نہیں لیا گیا۔ چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی کرکٹ کمیٹی کی تشکیل سے خوش نہیں ہیں۔

[pullquote]سرفراز تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں اور رہیں گے، چیئرمین کرکٹ بورڈ[/pullquote]

اس حوالے سے چیئرمین پی سی بی احسان مانی نے پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان سرفراز احمد پر مکمل اعتماد کا اظہار کردیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ سرفراز تینوں فارمیٹ کے کپتان ہیں اور کپتان رہیں گے، بورڈ کو ان پر مکمل اعتماد ہے۔

احسان مانی نے سرفراز احمد کی کپتانی پر مکمل اعتماد کا اظہارکرتے ہوئے کہا کہ کوئی بھی سرفراز احمد سے کپتانی لینے کا نہیں سوچ رہا، سرفراز پاکستان ٹیم کے کپتان ہیں اور کسی کو بھی اس پر کوئی ابہام نہیں ہونا چاہیے۔

انہوں نے واضح کیا کہ اس وقت کوئی اور کھلاڑی قیادت کی ذمہ داری کیلئے زیرغور نہیں ہے، سرفراز احمد کو بورڈ کی مکمل حمایت حاصل ہے، امید ہے سرفراز کی قیادت میں پاکستان ٹیم کامیابیاں حاصل کرتی رہے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے