جمعرات : یکم نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]شی کے ساتھ بات چیت اچھی رہی، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کے ساتھ ان کی بات چیت بہت اچھی رہی۔ ٹرمپ نے جمعرات کے دن جاری کی گئی اپنی ایک ٹوئٹ میں کہا کہ چینی صدر کے ساتھ انہوں نے تجارتی امور کے علاوہ شمالی کوریا کے موضوع پر بھی گفتگو کی۔ ٹرمپ کے مطابق دونوں رہنما جی ٹوئنٹی سمٹ کے موقع پر دوبارہ ملیں گے۔ یہ سمٹ ارجنٹائن میں منعقد کی جا رہی ہے۔ حالیہ عرصے میں تجارتی محاذ پر چینی اور امریکی حکومتوں کے مابین ایک تناؤ کی کیفیت نمایاں ہے۔

[pullquote]پٹس برگ مبینہ حملہ آور نے الزامات سے انکار کر دیا[/pullquote]

امریکی شہر پٹس برگ میں ایک یہودی عبادت گاہ پر حملہ کرنے والے مشتبہ شخص نے الزامات کی صحت سے انکار کر دیا ہے۔ چھالیس سالہ رابرٹ بی نے جعمرات کے دن ایک امریکی عدالت کو بتایا کہ وہ مجرم نہیں ہے۔ اس پر الزام ہے کہ اس نے ایک یہودی عبادت گاہ پر حملہ کرتے ہوئے گیارہ افراد کو ہلاک کیا ہے۔ استغاثہ نے ملزم پر چوالیس الزامات کے تحت فرد جرم عائد کیا ہے، جن میں نفرت کی بنیاد مجرمانہ اعمال بھی شامل ہیں۔ زخمی رابرٹ کو ایک ہسپتال میں طبی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

[pullquote]روسی پابندیاں باعث اعزاز ہیں، یوکرائنی صدر[/pullquote]

یوکرائن کے صدر پیٹرو پوروشینکو نے روسی پابندیاں کو باعث اعزاز قرار دے دیا ہے۔ جمعرات کے دن انہوں نے جرمن چانسلر انگلیلا میرکل سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے بات جیت کرتے ہوئے کہا کہ ان کی حکومت کے خلاف عائد کردہ روسی پابندیاں دراصل ان کی حکومت کے لیے ایک ایوارڈ ہے۔ پوروشینکو نے مزید کہا کہ یوکرائنی علاقوں میں تعینات روسی فوجیوں کو واپس چلا جانا چاہیے۔ روس نے یوکرائنی کی سیاسی ایلیٹ اور تاجروں پر حال ہی میں مالی پابندیاں عائد کی ہیں۔

[pullquote]شمالی کوریا کے رہنما جلد جنوبی کوریا آئیں گے، مون[/pullquote]

جنوبی کوریا کے صدر مون جے اِن نے کہا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن جلد ہی جنوبی کوریا کا دورہ کرنے والے ہیں۔ جمعرات کے روز جنوبی کوریائی صدر نے یہ بھی کہا کہ کم جونگ اُن جلد ہی روس بھی جائیں گے جب کہ چینی صدر شی جن پنگ شمالی کوریا پہنچیں گے۔ شمالی اور جنوبی کوریائی رہنماؤں کے درمیان رواں برس کی تیسری ملاقات ستمبر میں ہوئی تھی، جس کے بعد بغیر کسی حتمی تاریخ کا اعلان کیے بغیر کہا گیا تھا کہ کم جونگ اُن مستقبل قریب میں سیول کا دورہ کریں گے۔ یہ بات اہم ہے کہ کم جونگ اُن رواں برس جون میں سنگاپور میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے بھی ملاقات کر چکے ہیں۔

[pullquote]مالدیپ کے سابق جلاوطن صدر وطن واپس[/pullquote]

مالدیپ کے پہلے منتخب صدر محمد نشید دو برس سے زائد عرصہ جلاوطنی میں گزارنے کے بعد وطن واپس لوٹ گئے ہیں۔ سن 2015 میں انہیں ایک اعلیٰ جج کو گرفتار کرنے کے الزام میں تیرہ برس قید سزا سنائی گئی تھی، جس کے بعد وہ فرار ہو کر سری لنکا پہنچ گئے تھے اور سیاسی پناہ حاصل کر لی تھی۔ اس مقدمے کو غیرشفاف قرار دے کر عالمی برادری نے اس پر تنقید کی تھی۔ مالدیپ میں حالیہ انتخابات میں یامین عبدالقیوم کی شکست کے بعد نشید جمعرات کے روز مالدیپ کے دارالحکومت مالے پہنچے۔

[pullquote]ادلب میں جہادیوں کے حملے میں شامی حکومت کے حامی چار جنگجو ہلاک، مبصر گروپ[/pullquote]

شامی تنازعے پر نگاہ رکھنے والی تنظیم سیریئن آبزرویٹری فار ہیومن رائٹس کا کہنا ہے کہ ادلب صوبے میں ایک جھڑپ میں جہادیوں نے شامی حکومت کے حامی چار جنگجوؤں کو ہلاک کر دیا۔ بتایا گیا ہے کہ یہ واقعہ اس علاقے میں پیش آیا، جسے شام اور روس نے ستمبر میں بفر زون بنانے پر اتفاق کیا تھا، تاہم اس پر عمل درآمد کی راہ میں کچھ رکاوٹیں باقی ہیں۔ بتایا گیا ہے کہ شدت پسند گروہ حیات التحریر الشام کے جہادیوں نے جمعرات کی صبح شامی حکومت کے حامیوں کی پوزیشنوں کو نشانا بنایا، جس کے بعد جھڑپوں کا آغاز ہو گیا۔ آبزرویٹری کے مطابق ان جھڑپوں میں ایک جہادی بھی مارا گیا ہے۔

[pullquote]عالمی برادری سعودی عرب پر دباؤ بڑھائے، حوثی باغی[/pullquote]

یمن میں متحرک ایران نواز حوثی باغیوں کے ایک اہم رہنما محمد علی الحوثی نے امریکا کی جانب سے یمن میں فائربندی کے مطالبے کو ’مثبت قدم‘ قرار دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کو سعودی عرب پر دباؤ میں مزید اضافہ کرنا چاہیے۔ جمعرات کے روز محمد علی الحوثی نے کہا کہ سعودی قیادت میں عرب اتحاد کو پابند کیا جائے کہ وہ یمن میں فضائی بمباری کا سلسلہ فوری طور پر روکے۔ اس سے قبل امریکی وزیردفاع جِم میٹیس نے کہا تھا کہ یمن تنازعے کے فریق 30 روز کے اندر اندر فائربندی پر عمل درآمد شروع کر دیں اور اقوام متحدہ کی نگرانی میں امن بات چیت شروع کی جائے۔

[pullquote]قازقستان کے رہنما کی جانب سے سعودی بادشاہ اور ولی عہد کو دورے کی دعوت[/pullquote]

قازقستان کے صدر نور سلطان نذربائیوف نے سعودی شاہ سلمان اور ولی عہد محمد بن سلمان کو اپنے ملک کے دورے کی دعوت دی ہے۔ یہ بات اہم ہے کہ نذربائیوف کے ترک صدر رجب طیب ایردوآن سے نہایت قریبی تعلقات ہیں۔ استنبول میں صحافی جمال خاشقجی کے قتل کے بعد سعودی عرب اور ترکی کے درمیان کشیدگی کے تناظر میں اس دعوت کو نہایت اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اس سے قبل ترکی کی جانب سے شام میں روسی طیارہ مار گرائے جانے کے واقعے پر بھی قازقستان کے صدر نےایک متحرک کردار ادا کیا تھا۔

[pullquote]تباہ ہونے والے انڈونیشیائی طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا[/pullquote]

انڈونیشیا کی ٹرانسپورٹ سیفٹی کمیٹی نے بتایا ہے کہ گر کر تباہ ہو جانے والے مسافر طیارے کا ایک بلیک باکس مل گیا ہے۔ پیر کے روز یہ طیارہ انڈونیشیا کے شمال میں سمندر میں گر کر تباہ ہو گیا تھا۔ اس حادثے میں طیارے پر سوار تمام 189 افراد مارے گئے تھے۔ حکام کے مطابق سمندر سے ملنے والے بلیک باکس کے ذریعے جہاز کی رفتار، بلندی، سمت اور عملے کے ارکان کے درمیان ہونے والی گفتگو اس حادثے کی وجوہات کے تعین میں کلیدی اہمیت کی حامل ہوں گی۔ انڈونیشیا کے حکام کے مطابق بوئنگ سیون تھری سیون میکس ایٹ نیا جہاز تھا تاہم چند ماہ قبل اس کی سروس ہوئی تھی۔

[pullquote]تائیوان سے تعلقات ختم کرنے کے بعد ایل سیلواڈور کے صدر کا دورہ چین[/pullquote]

وسطی امریکی ملک ایل سیلواڈور کے صدر شانچیز کیرن اپنے دورہ چین میں صدر شی جن پنگ سے ملاقات کریں گے۔ چند ماہ قبل اس ملک نے تائیوان سے تمام تر سفارتی رابطے ختم کر دیے تھے۔ کیرن ایک ایسے وقت میں بیجنگ پہنچے ہیں، جب فقط ایک روز قبل ڈومینک ریپبلک کے صدر نے شی جن پنگ سے ملاقات کی تھی۔ ڈومینیک ریپبلک نے بھی رواں برس تائیوان سے تمام تر سفارتی رابطے منقطع کر دیے تھے۔ حالیہ کچھ عرصے میں متعدد ممالک کی جانب سے تائیوان سے سفارتی تعلقات ختم کر کے چین کے ساتھ تعلقات میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

[pullquote]مہاجر بچوں کو رواں برس کے اختتام تک ناؤرو سے نکال لیا جائے گا، آسٹریلیا[/pullquote]

آسٹریلیا مہاجر بچوں کو رواں برس کے اختتام تک ناؤرو جزیرے سے منتقل کر دے گا۔ جمعرات کے روز آسٹریلوی حکام کے اس بیان میں یہ نہیں بتایا گیا ہے کہ ان بچوں کو کہاں بھیجا جائے گا۔ اس سے قبل انسانی حقوق کی تنظیمیں مہاجروں سے متعلق آسٹریلیا کی سخت پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے پیسیفک خطے کے جزائر پر پھنسے بچوں کی ذہنی اور جسمانی صحت کو پہنچنے والے نقصان کی ذمہ داری کینبرا حکومت پر عائد کرتی ہیں۔ برطانیہ میں آسٹریلوی ہائی کمشنر جارج برانڈیس نے کہا کہ رواں برس کے اختتام تک ناؤرو پر کوئی مہاجر بچہ نہیں رہے گا۔ یہ بات اہم ہے کہ سینکڑوں بیمار بچوں کو ماضی میں ان مہاجر مراکز سے آسٹریلیا منتقل کیا جا چکا ہے۔

[pullquote]امریکا نے جنوبی سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات کر دیے[/pullquote]

امریکا نے میکسیکو کے ساتھ اپنی سرحد پر ہزاروں فوجی تعینات کرتے ہوئے سرحد کی نگرانی کا عمل سخت تر کر دیا ہے۔ واشنگٹن حکام کے مطابق فوجیوں کی تعیناتی وسطی امریکا سے ملک میں داخلے کی کوشش کرنے والے ہزاروں تارکین وطن کو روکنے کے لیے کی گئی ہے۔ امریکی صدر ان تارکین وطن کو ’حملہ آور‘ قرار دے چکے ہیں۔ خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق فی الحال امریکی محکمہ دفاع کی جانب سے پانچ ہزار دو سو انتالیس فوجیوں کو 45 روس کے لیے سرحد کی حفاظت کا کام سونپا گیا ہے۔ اس کے علاوہ دو ہزار فوجیوں کو تیار رہنے کا کہا ہے۔ اس سرحد پر پہلے ہی 21 سو محافظ موجود ہیں۔

[pullquote]شام کے لیے نئے عالمی مندوب نامزد[/pullquote]

اقوام متحدہ نے شام کے لیے نئے مندوب کے لیے ناروے سے تعلق رکھنے والے گیئر پیڈرسین کے نام کا اعلان کیا ہے۔ پیڈرسین ماضی میں ناروے کے سفیر برائے چین کے بہ طور خدمات انجام دے چکے ہیں۔ شام کے لیے موجودہ عالمی مندوب اشٹیفان ڈے میستورا رواں ماہ کے اختتام پر اپنی ذمہ داریوں سے سبک دوش ہونے کا اعلان کر چکے ہیں اور پیڈرسن ان کی جگہ یہ ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ میستورا نے نجی وجوہات کی بنا پر یہ عہدہ چھوڑنے کا اعلان کیا تھا، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وہ سبک دوشی سے قبل شام میں نئے دستور کی تیاری کے لیے کمیٹی کے قیام کی بھرپور کوشش کریں گے۔ میستورا سے قبل شام کے لیے عالمی مندوب کی ذمہ داریاں کوفی عنان اور لخضر براہمی نے انجام دی تھیں۔

[pullquote]امریکا اور چین کے درمیان کشیدگی پر آسٹریلیا کا انتباہ[/pullquote]

آسٹریلوی وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے کہا ہے کہ اِنڈو پیسیفک خطے میں چین کے اثرورسوخ میں ’غیرمعمولی‘ اضافہ امریکی مفادات کے خلاف ہو گا، تاہم دونوں طاقتوں کو محاذ آرائی سے بچنا چاہیے۔ جمعرات کے دن خارجہ امور سے متعلق اپنی پہلی جامع تقریر میں موریسن نے کہا کہ کینبرا حکومت امریکا کے ساتھ قریبی اتحاد اور خطے میں چین کی بڑھتی موجودگی، دونوں معاملات پر نہایت محتاط انداز سے نظر رکھے ہوئے ہے۔ سڈنی ایشیا سوسائٹی سے خطاب میں موریسن کا مزید کہنا تھا کہ آنے والے وقت میں امریکا اور چین کے درمیان اسٹریٹیجک مقابلہ بازی میں اضافہ ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ امریکا اور چین اپنے تعلقات کو ’کشیدگی‘ کے حوالے نہ کریں۔

[pullquote]یمن میں فائربندی کا امریکی مطالبہ[/pullquote]

امریکی انتظامیہ نے یمن کے حوالے سے اپنے موقف میں تبدیلی کرتے ہوئے وہاں فوری فائربندی کا مطالبہ کیا ہے۔ امریکی وزیردفاع جم میٹیس نے کہا کہ یمن میں متحارب فریقن فائربندی کر کے اقوام متحدہ کی نگرانی میں سیاسی بات کے ذریعے اس تنازعے کے خاتمے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اس فائربندی پر اگلے تیس روز کے اندر اندر عمل درآمد ہو جانا چاہیے۔ امریکا اس جنگ میں سعودی عرب کے موقف کی حمایت کرتا آیا ہے، تاہم خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق صحافی جمال خاشقجی کے قتل کا معاملہ ممکنہ طور پر اس بابت امریکی موقف میں تبدیلی کی وجہ ہو سکتا ہے۔ منگل کے روز امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے کہا تھا کہ اب یمن میں خون خرابے کے خاتمے کا وقت آ چکا ہے۔

[pullquote]شمالی کوریا میں خواتین سرکاری اہلکاروں کے ہاتھوں جنسی زیادتی کا شکار، عالمی تنظیم[/pullquote]

انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ہیومن رائٹس واچ نے کہا ہے کہ شمالی کوریا میں پولیس اور دیگر سرکاری اہلکار بغیر کسی روک ٹوک کے خواتین کو جنسی زیادتی کا نشانہ بناتے ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ نے یہ رپورٹ شمالی کوریا سے فرار ہونے والی پچاس خواتین کے انٹرویوز کی بنیاد پر مرتب کی ہے۔ اس رپورٹ کے مطابق پولیس، سکیورٹی اہلکار حتیٰ کے سویلین سرکاری عہدیدار بھی خواتین کے ساتھ جنسی زیادتی اور دیگر استحصال میں ملوث ہیں۔ اس رپورٹ کے مطابق ایسی خواتین جو شمالی کوریا سے فرار کی کوشش کے درمیان پکڑی جاتی ہیں، انہیں بھی تشدد، قید اور جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے