ہفتہ : 03 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]روس میں افغان امن مذاکرات نو نومبر کو ہوں گے[/pullquote]

روسی حکومت کے مطابق افغانستان میں قیام امن کے مذاکرات نو نومبر کو ہوں گے۔ اس میں افغان صدر اشرف غنی اور طالبان کے قطر میں مقیم نمائندوں کی شرکت کی تصدیق کر دی گئی ہے۔ ماسکو امن مذاکرات میں چین، بھارت، ایران اور پاکستان کے علاوہ پانچ وسطی ایشیائی ریاستوں کو بھی مدعو کیا گیا ہے۔ ان مذاکرات میں امریکا اور چند دیگر ممالک کو بھی اپنے خصوصی نمائندے بھیجنے کی درخواست کی گئی ہے۔ طالبان کا نمائندہ وفد پہلی مرتبہ کسی انٹرنیشنل مذاکراتی فورم میں شریک ہو گا۔ اپریل سن 2017 میں بھی روس نے افغانستان میں قیام امن کے موضوع پر ایک بین الاقوامی امن کانفرنس کا انعقاد کروایا تھا۔

[pullquote]افغانستان: امریکی فوجی کی ہلاکت[/pullquote]

مغربی دفاعی اتحاد نیٹو کے مطابق ایک داخلی حملے میں ایک امریکی فوجی ہلاک اور دوسرا زخمی ہوا ہے۔ یہ حملہ افغان دارالحکومت کابل میں کیا گیا۔ اس بیان کے مطابق حملہ آور کو افغان فوج نے جوابی فائرنگ کر کے مار دیا۔ ہلاک کیا گیا حملہ آور افغان نیشنل ڈیفنس اور سکیورٹی فورسز کا ایک ملازم تھا۔ زخمی ہونے والے امریکی فوجی کو بگرام ایئر فیلڈ کے ہسپتال میں منتقل کر دیا گیا ہے۔ نیٹو کے مطابق اس حملے کی باضابطہ تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔ ابھی ہلاک ہونے والے امریکی فوجی کی شناخت عام نہیں کی گئی ہے۔

[pullquote]امریکا اور جاپان کی جنگی مشقوں میں کینیڈا بھی شامل ہو گیا[/pullquote]

کینیڈین حکومت نے امریکا اور جاپان کی سب سے بڑی جنگی مشقوں میں شمولیت اختیار کرتے ہوئے اپنا ایک جنگی بحری جہاز آج ہفتے کو ان مشقوں میں حصہ لینے کے لیے بھیج دیا ہے۔ امریکا اور جاپان کی ہر دو سالہ بعد ہونے والی جنگی مشقوں کے سلسلے ’کین سورڈ‘ (Keen Sword) میں ستاون ہزار امریکی اور سینتالیس ہزار جاپانی فوجی شریک ہیں۔ تیس اکتوبر سے سترہویں کین سورڈ جنگی مشقوں کا اختتام گیارہ نومبر کو ہو گا۔ ان مشقوں میں امریکی بحریہ کا جوہری قوت سے چلنے والا طیارہ بردار جنگی بحری جہاز یُو ایس ایس رونالڈ ریگن بھی شریک ہے۔

[pullquote]چین کا پاکستان کی اقتصادی مدد کرنے کا اعلان[/pullquote]

چینی نائب وزیر خارجہ کونگ ژوان یُو نے کہا ہے کہ اُن کا ملک پاکستان کو حالیہ اقتصادی بحرانی صورت حال میں مدد کے لیے تیار ہے لیکن اس مناسبت سے مزید بات چیت درکار ہو گی۔ چین کی جانب سے یہ اعلان پاکستانی وزیراعظم عمران خان کی اپنے چینی ہم منصب لی کیچیانگ کے ساتھ ملاقات کے بعد سامنے آیا ہے۔ چینی نائب وزیر خارجہ نے یہ نہیں بتایا کہ بیجنگ حکومت کی جانب سے پاکستان کو کتنی مدد فراہم کی جائے گی۔ پاکستانی وزیراعظم ان دنوں چین کے چار روزہ سرکاری دورے پر ہیں۔

[pullquote]ٹرمپ نے امریکی وقار ختم کر ڈالا ہے، ایرانی سپریم لیڈر[/pullquote]

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکی عزت و وقار ختم کر کے رکھ دیا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ نئی امریکی پابندیوں کے نفاذ کے بعد بھی فتح اسلامی جمہوریہ ایران کی ہو گی۔ ایرانی سپریم لیڈر نے امریکی پابندیوں کے نفاذ کو نظرانداز کرتے ہوئے یہ بھی کہا کہ اس وقت امریکا کی اقتصادی اور فوجی قوت کو زوال کا سامنا ہے۔ خامنہ ای کے مطابق گزشتہ چالیس برسوں سے امریکا اور ایران میں مسابقت اور مخاصمت جاری ہے اور امریکا نے ایران کے خلاف ہر محاذ کو استعمال کر کے دیکھ لیا ہے۔

[pullquote]یمنی فوج حدیدہ کی لڑائی میں آگے بڑھتی ہوئی[/pullquote]

سعودی قیادت میں عرب اتحاد کی عسکری امداد کی حامل یمنی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اُسے بندرگاہی شہر حدیدہ پر قبضے کی لڑائی میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ بیان کے مطابق یمنی فوج نے شہر کے باہر حوثی ملیشیا کو پیچھے دھکیل دیا ہے۔ یمنی فوجی ذرائع نے نیوز ایجنسی ڈی پی اے کو بتایا ہے کہ ایران نواز حوثی ملیشیا کے پیچھے ہٹنے سے حدیدہ شہر کے نواحی علاقوں پر قبضہ بھی کیا گیا ہے۔ انہی ذرائع نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر مزید واضح کیا ہے کہ اس بڑے حملے کو حدیدہ شہر پر مکمل قبضے کے بعد ہی روکا جائے گا۔ اس بندرگاہی شہر پر حوثی ملیشیا سن 2014 سے قابض ہے۔

[pullquote]آسمانی بجلی گرنے سے جرمن سیاح ہلاک[/pullquote]

اٹلی میں ایک جرمن خاتون سیاح آسمانی بجلی گرنے سے ہلاک ہو گئی ہے۔ یہ خاتون اپنے شوہر اور بیٹے کے ہمراہ اطالوی جزیرے سان پیئٹرو میں کوہ پیمائی میں مصروف تھی۔ خبر رساں ادارے اَنسا کے مطابق خراب موسم ہونے پر اس خاندان کے تینوں افراد نے مزید کوہ پیمائی ختم کر دی اور اپنی کار کی جانب لوٹنا شروع کر دیا۔ واپسی کے دوران اچانک آسمانی بجلی نے اس خاتون کو فضا میں اڑا کر کئی میٹر دور پھینکا۔ کسی قسم کی طبی امداد سے قبل ہی خاتون سیاح ہلاک ہو چکی تھی۔

[pullquote]پابندیاں ختم نہ ہوئیں تو جوہری ہتھیار سازی شروع کر سکتے ہیں، شمالی کوریا[/pullquote]

شمالی کوریا نے کہا ہے کہ اگر امریکا اپنی اقتصادی پابندیوں کو ختم نہیں کرتا تو جوہری ہتھیار سازی کے پروگرام کا دوبارہ آغاز کیا جا سکتا ہے۔ شمالی کوریائی وزارت خارجہ کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے، جب امریکی اور جنوبی کوریائی حکومتوں نے شمالی کوریا پر پابندیوں کے ذریعے دباؤ برقرار رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ شمالی کوریائی وزارت خارجہ نے اپنے بیان میں واضح کیا کہ امریکا اپنے موقف میں تبدیلی پیدا نہیں کرتا تو پیونگ یونگ اپنی اقتصادی ترقی کے لیے جوہری قوت میں اضافہ کر سکتا ہے۔ دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو نے شمالی کوریائی سفارت کار سے اگلے ہفتے کے دوران ملاقات کا عندیہ دیا ہے۔

[pullquote]عرب اقوام کی فوجی مشقیں آج سے شروع ہو رہی ہیں[/pullquote]

مصر اور پانچ عرب ممالک کی جنگی مشقیں ہفتہ تین نومبر سے شروع ہو رہی ہیں۔ مصر میں عرب شیلڈ نامی یہ مشقیں سولہ نومبر کو اختتام پذیر ہوں گی۔ شریک عرب ملکوں میں سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، کویت، بحرین، اردن اور مصر شامل ہیں۔ ان ممالک کی بری، بحری اور فضائی افواج عسکری مشقوں میں حصہ لیں گی۔ ان جنگی مشقوں میں لبنان اور مراکش بطور مبصر شرکت کریں گے۔ ان مشقوں کو عرب عسکری اتحاد کی جانب پہلا قدم قرار دیا گیا ہے۔ جنگی مشقیں شروع ہونے سے قبل ان ممالک کے وزرائے خارجہ امریکا کے وزیر خارجہ مائیک پومپیو سے قریب ایک ماہ پہلے طویل ملاقات کر چکے ہیں۔

[pullquote]چینی آسٹریلوی تناؤ، آسٹریلیا کے وزیر چین کا دورہ کریں گے[/pullquote]

آسٹریلیا کے وزیر تجارت سائمن برمنگھم کل بیجنگ پہنچ رہے ہیں اور اس دورے کا بنیادی مقصد دونوں ممالک میں پائی جانے والی کشیدگی میں کمی لانا ہے۔ رواں برس کے دوران برمنگھم پہلے اعلیٰ آسٹریلیائی وزیر ہیں، جو چین کا دورہ کریں گے۔ وہ چینی حکام کے ساتھ بات چیت کے علاوہ شنگھائی منعقدہ امپورٹ ایکسپو میں بھی شریک ہوں گے۔ آسٹریلیا کے دنیا کی دوسری بڑی اقتصادی طاقت چین کے ساتھ تعلقات انتہائی سردمہری کا شکار ہیں۔ مقامی میڈیا، یونیورسٹیوں اور کئی سیاسی معاملات میں افزائش پاتے چینی اثر و رسوخ کی وجہ سے آسٹریلوی حکومت ناراض ہے۔ اس کے علاوہ پیسیفک علاقے کی جزیرہ ریاستوں پر بڑھتے چینی اثر سے بھی آسٹریلیا کو پریشانی ہے۔

[pullquote]ایران ایک نئی ڈیل پر مجبور ہو جائے گا، امریکی صدر[/pullquote]

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ پابندیوں کے نتیجے میں ایران ایک نئی ڈیل پر رضامند ہو جائے گا اور اسی کے نتیجے میں ایران معاشی ترقی کرے گا۔ ٹرمپ نے سن 2015 کی ایرانی جوہری ڈیل کو ایک مرتبہ پھر بیکار قرار دیا ہے۔ اس ڈیل سے امریکی صدر نے علیحدگی کا اعلان رواں برس مئی میں کیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ’ظالمانہ ایرانی حکومت‘ پر سخت ترین پابندیوں کا نفاذ کر دیا گیا ہے اور انہی شدید پابندیوں کے نتیجے میں ایرانی حکومت ڈیل کی کوشش کرے گی۔ امریکی صدر نے یہ بیان اپنے ملک کے وسط المدتی انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران دیا۔

[pullquote]ایران نے ملکی ساختہ جیٹ طیاروں کی پروڈکشن میں اضافہ کر دیا[/pullquote]

ایران کے سرکاری ٹیلی وژن نے رپورٹ کیا ہے کہ ملکی ساختہ جیٹ طیاروں کی پروڈکشن میں غیرمعمولی اضافہ کر دیا گیا ہے۔ ایرانی ٹیلی وژن نے ایرانی ساختہ جیٹ طیارے ’کوثر‘ کی وسیع پیمانے پر پروڈکشن کی وجہ بیان نہیں کی ہے۔ ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل امیر حاتمی کے مطابق جلد ہی یہ جنگی طیارے ایرانی فضائی فوج کے کنٹرول میں دے دیے جائیں گے۔ امیر حاتمی نے ہی کوثر نامی جیٹ طیارے کی پروڈکشن کے پراجیکٹ کا افتتاح کیا ہے۔ ایرانی فوج میں جنگی طیاروں کا اضافہ ایسے وقت میں کرنے کا فیصلہ کیا گیا جب امریکا کی ایرانی خام تیل کی ایکسپورٹ پر پابندی پانچ نومبر سے عائد ہونے والی ہے۔

[pullquote]امریکا میں فائرنگ کا ایک اور واقعہ، دو افراد ہلاک[/pullquote]

امریکی ریاست فلوریڈا کے دارالحکومت ٹیلے ہیسی میں ہونے والے ایک فائرنگ کے واقعے میں کم از کم دو افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ پولیس کے مطابق حملہ آور نے بھی خود کو گولی مار کر ہلاک کر لیا ہے۔ ایک مقامی اخبار کے مطابق حملہ آور چالیس برس کا اسکاٹ پال بیرل نامی شخص تھا۔ اس کی فائرنگ سے ہلاک ہونے والی دونوں خواتین ہیں اور ان میں سے ایک اکسٹھ برس کی ڈاکٹر نینسی وان ویسم جب کہ دوسری اکیس سالہ ماؤرا بنکلی ہیں۔ ڈاکٹر نینسی فلوریڈا ریاست کے کیپیٹل ہیلتھ پلان کی چیف میڈیکل ڈائریکٹر رہ چکی ہیں۔ فائرنگ ایک یوگا سینٹر پر ہوئی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے