وزیر دفاع پرویز خٹک پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی دھاندلی چیئرمین منتخب

اسلام آباد: مبینہ انتخابی دھاندلی کے لیے قائم کمیٹی نے وزیر دفاع پرویز خٹک کو چیئرمین منتخب کرلیا جب کہ کمیٹی نے ٹی او آرز کے لیے 10 رکنی سب کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا ہے۔

اسلام آباد میں پارلیمانی کمیٹی برائے انتخابی دھاندلی کا اجلاس ہوا جس میں پیپلزپارٹی کے نوید قمر نے پرویز خٹک کو کمیٹی چیئرمین بنانے کی تجویز دی جس کی رحمان ملک اور سردار ایاز صادق نے بھی تائید کی اور پرویز خٹک کو بلا مقابلہ چیئرمین کمیٹی منتخب کرلیا گیا۔

پرویز خٹک نے کمیٹی چیئرمین شپ کے لیے اعتماد کرنے پر اراکین کا شکریہ ادا کیا۔

اجلاس میں احسن اقبال نے کمیٹی کے لیے کو چیئرمین کی بھی تجویز دی جس پر وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے شیریں مزاری کے نام کی تجویز دی۔

اجلاس میں مبینہ انتخابی دھاندلی کمیٹی کے ٹی او آرز کے لیے 10 رکنی سب کمیٹی بنانے پر اتفاق کیا گیا جس میں حکومت اور اپوزیشن کے 5،5 اراکین شامل ہوں گے۔

واضح رہےکہ حکومت نے مبینہ انتخابی دھاندلی کی تحقیقات کے لیے 30 رکنی پارلیمانی کمیٹی قائم کی ہے جس میں 15 حکومتی اور 15 اپوزیشن اراکین شامل ہیں۔

پارلیمانی کمیٹی 2018 کے انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات کا جائزہ لے گی اور انتخابی عمل کو مزید شفاف بنانے کے لیے سفارشات بھی تیار کرے گی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے