ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹاپ آڈر ناکام، بولٹ کی ہیٹ ٹرک

ابو ظبی: ون ڈے سیریز کے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ 267 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ناکام ہوگیا۔

قومی ٹیم کے تین مستند بیٹسمین صرف 8 رنز پر پویلین لوٹ گئے، کیوی فاسٹ بولر ٹرینٹ بولٹ نے فخرزمان، بابر اعظم اور محمد حفیظ کو آؤٹ کرکے شاندار ہیٹ ٹرک کرلی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کیوی کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیتا اور پہلے بیٹنگ کرنے کو ترجیح دی، نیوزی لینڈ کی پہلی وکٹ 13 کے مجموعی اسکور پر اس وقت گری جب شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر ورکر وکٹ کے پیچھے کیچ آؤٹ ہوئے، انہوں نے صرف 1 رن بنایا جب کہ منرو 29 اور کپتان ولیمسن 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

78 پر تین کھلاڑیوں کے پویلین لوٹنے کے بعد تجربہ کار بیٹسمین روس ٹیلر نے لیتھم کے ساتھ مل کر 130 رنز کی شراکت داری کرکے ٹیم کی پوزیشن کو مستحکم بنایا، لیتھم 68 رنز بنا کر شاداب خان کا شکار بنے، نوجوان اسپنر اگلی ہی گیند پر نکولس کو چلتا کیا جب کہ وہ ہیٹ ٹرک میں کامیاب نہ ہوسکے اور ایک گیند کے بعد گرینڈ ہومے کو بھی پویلین کی راہ دکھا دی، دو رنز کے اضافے کے ساتھ روس ٹیلر بھی 80 رنز پر عماد وسیم کی گیند پر بولڈ ہوگئے۔

210 کے مجموعے پر 7 کھلاڑیوں سے ہاتھ دھونے کے بعد ایک بار پھر کیوی بیٹسمینوں نے فائٹ بیک کیا اور اسکور کو 266 رنز تک پہنچا دیا، نیوزی لینڈ نے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 266 رنز بنا کر پاکستان کو جیت کے لیے فائٹنگ اسکور دیا۔

پاکستان کی جانب سے نوجوان فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی اور اسپنر شاداب خان نے 4،4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ عماد وسیم کے حصے میں ایک وکٹ آئی۔

قومی ٹیم میں فخر زمان، امام الحق، بابراعظم، محمد حفیظ، شعیب ملک، سرفراز احمد (کپتان)، شاداب خان، عماد وسیم، حسن علی، شاہین آفریدی اور جنید خان شامل ہیں۔

واضح رہے کہ پاکستان نے ون ڈے سیریز سے قبل ٹی20 میچوں میں کلین سوئپ کیا تھا تاہم نیوزی لینڈ ون ڈے فارمیٹ میں گزشتہ 11 مقابلوں میں ناقابل شکست ہے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے