عافیہ کے معاملے پر امریکا سے بات ہوئی ہے، رہائی سے متعلق فیصلہ نہیں ہوا: ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکا سے بات ہوئی ہےالبتہ رہائی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار بریفنگ کے دوران ترجمان ڈاکٹر فیصل نے وزیراعظم کے دورۂ چین پر بات کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نےچینی ہم منصب کی دعوت پر دورہ کیا، دورے سے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کو مزید مستحکم کرنے میں مدد ملی۔

ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ کے پارلیمانی گروپ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کو بے نقاب کیا، اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کے بعد دوسری عالمی رپورٹ ہے جس نے مقبوضہ کشمیر میں لاگو کالے قوانین کی نشاندہی کی ہے، رپورٹ میں تحقیقاتی کمیشن کو مقبوضہ کشمیر کے دورے کی تجویز دی گئی ہے۔

ڈاکٹر فیصل نے عافیہ صدیقی سے متعلق بتایا کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کے معاملے پر امریکا سے بات ہوئی ہےالبتہ رہائی سے متعلق کوئی فیصلہ نہیں ہوا، جب ڈاکٹر عافیہ کے بارے میں فیصلہ نہیں ہوا تو نہیں کہہ سکتے کہ رہائی کب تک ہوگی۔

واضح رہےکہ امریکا میں قید ڈاکٹر عافیہ صدیقی نے وزیراعظم عمران خان کے نام ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اپنی رہائی کی اپیل کی ہے۔

اس کے علاوہ پاکستان نے امریکی نائب وزیر خارجہ ایلس ویلز کے دورہ پاکستان میں بھی عافیہ صدیقی کا معاملہ اٹھایا اور کہا کہ عافیہ صدیقی سے متعلق تمام تر بنیادی انسانی حقوق کو مدنظر رکھا جائے۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے