جمعرات : 08 نومبر 2018 کی اہم ترین عالمی خبریں

[pullquote]کيليفورنيا ميں فائرنگ کا واقعہ، متعدد ہلاکتيں[/pullquote]

امريکی رياست کيليفورنيا کے ايک شہر ’تھاؤزينڈ اوکس‘ کی ايک بار ميں ايک مسلح حملہ آور نے فائرنگ کر کے بارہ افراد کو ہلاک کر ديا ہے۔ لاس ايجنلس سے تقريباً چاليس ميل کے فاصلے پر واقع اس شہر ميں يہ واقعہ بدھ کی شب قریب گيارہ بجے پيش آيا۔ اس دوران حملہ آور بھی ہلاک ہوا تاہم فی الحال يہ واضح نہيں کہ وہ پوليس کی جوابی کارروائی ميں مارا گيا يا پھر اس نے خود کشی کی۔ مقامی حکام نے بتايا ہے کہ حملے کے وقت بار کالج کے طلباء سے بھری ہوئی تھی اور اس واقعے ميں لگ بھگ بارہ افراد زخمی بھی ہوئے ہيں۔ امريکا ميں فائرنگ سے بڑے پيمانے پر ہلاکتوں کا يہ دو ہفتوں ميں دوسرا واقعہ ہے۔

[pullquote]پولینڈ کے یوم آزادی پر وارسا میں قوم پرستوں کے مارچ پر پابندی[/pullquote]

پولستانی دارالحکومت کی انتظامیہ نے ملکی یوم آزادی کے موقع پر شہر میں قوم پرستوں کے مارچ پر پابندی عائد کر دی ہے۔ شہر کی میئر کے مطابق اس پابندی کا مقصد ’نسل پرستی‘ کے واقعات کا انسداد ہے۔ پولینڈ میں اتوار کے روز یوم آزادی کی تقریبات منائی جانا ہیں۔ میئر ہانا گرونکیویچز والٹز نے کہا ہے کہ اس مارچ کے حوالے سے سلامتی کے خدشات نے بھی انہیں اس فیصلے پر مجبور کیا۔ قوم پرستوں اور انتہائی دائیں بازو کی تنظیموں نے کہا تھا کہ وہ رواں برس یوم آزادی کے موقع پر ایک بڑا مارچ کریں گی، جس میں ایک لاکھ تا ڈھائی لاکھ افراد شریک ہوں گے۔

[pullquote]جرمنی: مہاجرين کے ساتھ بد سلوکی، تيس افراد کے خلاف مقدمہ[/pullquote]

جرمنی ميں مہاجرين کے ساتھ بدسلوکی کے الزام ميں تيس افراد کے خلاف عدالتی کارروائی آج بروز جمعرات شروع ہو گئی ہے۔ مغربی جرمنی کے شہر زيگن ميں ملزمان پر تقريباً پچاس مختلف جرائم کے سلسلے ميں فرد جرم عائد کی گئی۔ چار برس قبل منظر عام پر آنے والے اس اسکينڈل نے جرمنی کی ساکھ کو کافی نقصان پہنچايا تھا۔ برباخ شہر میں قائم پناہ گزینوں کے مرکز کی انتظاميہ میں شامل ان افراد پر الزام ہے کہ انہوں نے وہاں مقيم تارکين وطن پر کئی ماہ تک تشدد کرنے کے علاوہ انہيں جبری طور پر قید بھی رکھا تھا۔

[pullquote]بھارت: چھتيس گڑھ ميں ماؤ نواز باغيوں کا حملہ[/pullquote]

وسطی بھارتی رياست چھتيس گڑھ ميں ماؤ باغيوں نے ايک گاڑی کو دھماکے سے اڑا ديا، جس کے نتيجے ميں نيم فوجی دستوں کا ايک اہلکار اور چار شہری ہلاک ہو گئے ہيں۔ ايک مقامی پوليس اہلکار نے بتايا ہے کہ بس بارودی سرنگ کی زد ميں آ کر تباہ ہوئی۔ باغيوں نے اس منی بس کو دنتے وادا نامی ضلعے ميں آٹھ نومبر کے روز نشانہ بنايا۔ یہ علاقہ ماؤ نواز باغیوں کا گڑھ سمجھا جاتا ہے۔ چھتیس گڑھ میں آئندہ ہفتے علاقائی انتخابات ہونے والے ہيں جب کہ باغی پارلیمانی جمہوری نظام کو تسلیم نہیں کرتے۔

[pullquote]حوثی باغی ہسپتالوں کو جنگی سرگرميوں کے ليے استعمال کر رہے ہيں، ايمنسٹی[/pullquote]

ايمنسٹی انٹرنيشنل نے يمن کے حوثی باغيوں پر الزام عائد کيا ہے کہ وہ الحديدہ ميں ہسپتالوں کو جنگی سرگرميوں کے ليے استعمال کر رہے ہيں۔ گروپ کے مطابق بائيس مئی کو ايک ہسپتال کی چھت پر جنگجوؤں کو تعينات کيا گيا تھا۔ ايمنسٹی نے اس مبينہ عمل کی سخت مذمت کی ہے اور شہريوں اور بيمار افراد کی جانوں کی حفاظت يقينی بنانے پر زور ديا ہے۔ ايمنسٹی کے مطابق یہ عمل اس ليے بھی خطرناک ہے کيونکہ سعودی عسکری اتحاد کی طرف سے اکثر ہسپتالوں سميت سويلين اہداف کو نشانہ بنايا جاتا ہے۔

[pullquote]يمن: سرکاری فوج کی چڑھائی ميں درجنوں باغی ہلاک[/pullquote]

يمن کے بندر گاہی شہر الحديدہ کے مرکز پر سرکاری افواج کی چڑھائی ميں درجنوں جنگجو مارے جا چکے ہيں۔ طبی ذرائع نے سينتاليس حوثی باغيوں کی ہلاکت کی تصديق کی ہے۔ ان ہلاکتوں میں سعودی قيادت ميں عسکری اتحاد کی جانب سے بدھ کی شب کيے جانے والے فضائی حملوں ميں ہونے والی ہلاکتیں بھی شامل ہیں۔ حکام نے گيارہ فوجيوں کی ہلاکت کا بھی بتايا ہے۔

[pullquote]سوڈان کے بارے ميں جلد بازی نہ کی جائے، ہيومن رائٹس واچ[/pullquote]

سوڈانی وزارت خارجہ نے تصديق کی ہے کہ اس ملک کو ’دہشت گردی کی حمايت‘ کرنے والے ممالک کی فہرست سے خارج کرنے کے سلسلے ميں واشنگٹن کے ساتھ مذاکرات کے دوسرے مرحلے کے انعقاد پر اتفاق ہو گيا ہے۔ امريکا نے پچھلے سال سوڈان پر بيس سال سے عائد اقتصادی پابندياں ختم کر دی تھيں۔ دوسری جانب ہيومن رائٹس واچ نے امريکا کو خبردار کيا ہے کہ اس عمل ميں جلد بازی سے باز رہا جائے۔ ’دہشت گردی کی حمايت‘ کرنے والے ممالک کی فہرست ميں سوڈان کے علاوہ، ايران، شمالی کوريا اور شام شامل ہيں۔

[pullquote]افغانستان کے دو صوبوں ميں طالبان کے حملے، درجنوں ہلاک[/pullquote]

افغانستان کے شمالی صوبے تخار اور جنوب مشرقی صوبے غزنی ميں طالبان جنگجوؤں کے حملوں ميں درجنوں سکيورٹی اہلکار اور شہری مارے گئے ہيں۔ صوبائی کونسل کے ارکان محمد اعظم افضالی اور سيد صلاح الدين برہانی نے بتايا کہ بدھ اور جمعرات کی درميانی شب طالبان نے تخار کے خواجہ گھر ضلعے ميں ايک فوجی اڈے پر حملہ کيا، جس ميں چودہ سے بيس افغان فوجی ہلاک اور دس سے سولہ کے درميان زخمی ہوئے۔ غزنی ميں جگہوری نامی ضلعے ميں بھی طالبان کا حملہ جاری ہے البتہ وہاں ہلاک ہونے والوں کی حتمی تعداد فی الحال واضح نہيں۔ طالبان نے آج جمعرات کی صبح دو مختلف چيک پوائنٹس پر حملہ کيا، جہاں فائرنگ کا تبادلہ ابھی جاری ہے۔

[pullquote]ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل کو برطرف کر ديا[/pullquote]

امريکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اٹارنی جنرل جيف سيشنز کو ان کے عہدے سے بدھ کی شب برطرف کر ديا۔ تاہم سيشنز نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ وہ صدر کی درخواست پر اپنا استعفیٰ پیش کر رہے ہیں۔ سیشنز کے اس استعفے کے بعد ان کے چیف آف اسٹاف میتھیو ویٹیکر فی الحال ان کی ذمہ داریاں نبھائیں گے اور رابرٹ مُلر کی تحقیقات کی نگرانی کریں گے۔ مُلر ڈونلڈ ٹرمپ کی صدارتی مہم کے دوران روسی مداخلت کی تفتیش کر رہے ہیں۔ اپوزیشن ڈیموکریٹک پارٹی کی سینیئر سیاستدان نینسی پلوسی نے اس پیشرفت کو اس تحقیقاتی عمل کو کمزور کرنے کی کوشش قرار دیا ہے۔ اس پيش رفت سے کئی حلقوں ميں تشويش کی لہر دوڑ گئی ہے۔

[pullquote]تجارتی جنگ کے باوجود چينی برآمدات ميں اضافہ[/pullquote]

چينی محکمہ کسٹمز کی جانب سے جمعرات کو جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق امريکا کے ساتھ جاری تجارتی جنگ کے باوجود چينی درآمدات اور برآمدات کی مجموعی صورتحال بہتری کی طرف بڑھ رہی ہے۔ اکتوبر ميں چين کی برآمدات ميں قريب ساڑھے پندرہ فيصد کا اضافہ نوٹ کيا گيا اور ان کی حجم 217.28 بلين ڈالر رہا۔ رواں سال جولائی سے امريکا نے چينی مصنوعات پر اضافی محصولات عائد کرنے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور تقريباً نصف چينی مصنوعات اس زمرے ميں آتی ہيں۔

[pullquote]بھارت ميں ديوالی کے موقع پر پٹاخے، نئی دہلی کی آب و ہوا شديد متاثر[/pullquote]

ہندو مذہبی تہوار ديوالی کے موقع پر پٹاخوں کے استعمال کی وجہ سے بھارتی دارالحکومت ميں فضائی آلودگی کا شرح کافی بڑھ گئی ہے۔ جمعرات کی صبح ہوا کی پيمائش ميں ’ايئر کوالٹی انڈيکس 526 رہا۔ عالمی ادارہ صحت کے مطابق تین سو سے زائد کے انڈيکس کو مضر صحت سمجھا جاتا ہے۔ بھارتی سپريم کورٹ نے پچھلے ماہ ہی ماحول دوست پٹاخوں کی فروخت کی منظوری دی تھی تاکہ دھواں کم پھيلے تاہم نئی دہلی کے لگ بھگ بيس ملين رہائشيوں کے ليے اس ہدايت کی کوئی اہميت نہ تھی۔ عدالت نے يہ بھی حکم ديا تھا کہ پٹاخے صرف دس بجے تک پھوڑے جا سکتے ہيں تاہم يہ سلسلہ پوری رات جاری رہا۔

[pullquote]پيسيفک خطے ميں آسٹريليا اثر و رسوخ بڑھانے کا خواہاں[/pullquote]

پيسيفک کے خطے ميں چين کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر ميں آسٹريليا نے اب اس خطے ميں اپنے قدم جمانے کے مقصد سے تين بلين آسٹريلوی ڈالر کی سرمايہ کاری کا اعلان کيا ہے۔ علاوہ ازيں دفاع اور سياست کے شعبوں ميں بھی کئی منصوبے پيش کيے گئے ہيں۔ وزير اعظم اسکاٹ موريسن نے اس خطے کے ساتھ آسٹريليا کے تعاون کو ايک نئے مقام تک پہنچانے کے عزم کا اظہار کيا ہے۔ موريسن ان دنوں ايشيا پيسفک خطے کی ايک سمٹ کی تياری ميں مصروف ہيں، جو آئندہ ہفتے ہو گی۔

[pullquote]ہورسٹ زیہوفر کے مستعفی ہو جانے کی اطلاعات[/pullquote]

جرمن چانسلر انگیلا میرکل کی اتحادی سیاسی جماعت کرسچن سوشل یونین کے سربراہ ہورسٹ زیہوفر آئندہ چند دنوں میں اپنے اس عہدے سے استعفیٰ دے دیں گے۔ جرمن اخبار ڈی سائٹ نے یہ بات اپنے ذرائع کے حوالے سے بتائی ہے۔ اخبار کے مطابق زیہوفر کے استعفے کی وجہ چانسلر انگیلا میرکل کے اپنے جماعت کی سربراہی سے الگ ہونے کے منصوبے کے تناظر میں ہے۔ زیہوفر 2008ء سے سی ایس یو کے سربراہ ہیں اور اتحادی حکومت میں شامل ہونے کے باوجود وہ میرکل کی پالیسیوں کے ناقد ہیں، خاص طور پر مہاجرین کے لیے میرکل کی اوپن ڈور پالیسی کے۔ وہ جرمن وفاقی وزیر داخلہ بھی ہیں۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

تجزیے و تبصرے