پاکستان کی جیت اور امام الحق کی ٹیم میں واپسی

[pullquote]امام الحق کی حالت بہتر، ٹیم کو جوائن کر لیا[/pullquote]

لاہور:پاکستان کرکٹ بورڈ ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی اوپنر امام الحق کے تمام اسکین کلیئر آئے ہیں اور ٹیم کے ساتھ ہی موجود ہیں۔

امام الحق گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کرتے ہوئے 13 ویں اوور کی پہلی گیند پر سر پر باؤنسر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے تھے۔

امام الحق کو میچ کے دوران ہی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کا سی ٹی اسکین اور دیگر ٹیسٹ کیے گئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ امام الحق کی حالت اب بہترہےاور گزشتہ رات سے ٹیم کے ساتھ ہیں۔

ذرائع پی سی بی کے مطابق ڈاکٹرز نے امام الحق کو 72 گھنٹے مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا اور ضرورت پڑی تو امام الحق کا دوبارہ چیک اپ کرایا جا سکتا ہے۔

[pullquote]امام الحق باؤنسر لگنے سے زخمی، ڈاکٹر کا قومی بلے باز کو آرام کا مشورہ[/pullquote]

ڈاکٹرز نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ون ڈے میں باؤنسر لگنے سے زخمی ہونے والے قومی ٹیم کے ابتدائی بلے باز امام الحق کو 72 گھنٹے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف تین ون ڈے میچوں پر مشتمل سیریز کا دوسرا میچ ابو ظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلا جا رہا ہے۔

نیوزی لینڈ کے خلاف بیٹنگ کے دوران 13ویں اوور کی پہلی ہی گیند پر قومی ٹیم کے اوپنر امام الحق باؤنسر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

امام الحق نے فرگوسن کے باؤنسر پر ہٹ لگانے کی کوشش کی لیکن گیند اُن کے بلے پر نہ آ سکی اور سیدھی ہیلمٹ پر جا لگی، شدید تکلیف کے باعث امام الحق گراؤنڈ میں لیٹ گئے۔

بعد ازاں قومی ٹیم کے فزیو نے گراؤنڈ میں آ کر امام الحق کا طبی معائنہ کیا اور انہیں گراؤنڈ سے باہر لے گئے۔

امام الحق خود چل کر گراؤنڈ سے باہر گئے جس کے بعد انہیں ایمبولنس میں ڈال کر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں امام الحق کی انجری کی نوعیت معلوم کرنےکے لیے سی ٹی اسکین کیا گیا۔

اسپتال ذرائع کا بتانا ہے کہ میڈیکل رپورٹ کے مطابق امام الحق کی صحت ٹھیک ہے تاہم ڈاکٹرز نے انہیں آرام کا مشورہ دیا ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ گیند لگنے کے باعث امام الحق کو جھٹکا لگنے سے پٹھوں میں کھچاؤ پیدا ہوا ہے اور ڈاکٹرز نے امام الحق کو 72 گھنٹے تک آرام کا مشورہ دیا ہے۔

اسپتال ذرائع کے مطابق امام الحق کی مزید رپورٹس کل تک آئیں گی، رپورٹس آنے پر امام الحق کی آئندہ میچز میں دستیابی سے متعلق آگاہ کیا جائے گا۔

[pullquote]پی سی بی کی وضاحت[/pullquote]

پاکستانی کرکٹ بورڈ کا امام الحق کی انجری کے حوالے سے کہنا ہے کہ قومی ٹیم کے اوپنر کے تمام اسکین کلیئر ہیں، امام الحق جلد ٹیم کو جوائن کر لیں گے۔

پی سی بی حکام کا کہنا ہے کہ امام الحق کی دیکھ بھال کے لیے فزیو تھراپسٹ ان کے ساتھ ہوں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان سرفراز احمد نے بھی اس بات کی تصدیق کی ہے کہ امام الحق اب بلکل ٹھیک ہیں اور انہیں اسپتال سے ڈسچارج کر دیا گیا ہے۔

[pullquote]پاکستان نے نیوزی لینڈ کو دوسرے ون ڈے میں شکست دیکر سیریز 1-1 سے برابر کردی[/pullquote]

ابوظہبی: تین ایک روزہ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کو شکست دے کر سیریز 1-1 سے برابر کردی۔

ابوظہبی کے شیخ زید اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں نیوزی لینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے جب کہ گرین شرٹس نے 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرلیا۔

نیوزی لینڈ کی جانب سے دیئے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی اننگز کا آغاز فخر زمان اور امام الحق نے کیا لیکن 54 کے مجموعی اسکور پر امام الحق کیوی بولر فرگوسن کا خطرناک باؤنسر سر پر لگنے سے زخمی ہو کر گراؤنڈ سے باہر چلے گئے۔

امام الحق کے ریٹائرڈ ہرٹ ہونے کے بعد فخر زمان کا ساتھ دینے کے لیے بابر اعظم آئے۔

دونوں بلے بازوں کے درمیان 101 رنز کی پارٹنر شپ ہوئی تاہم فخر زمان 88 رنز بناکر فیروگسن کا شکار بنے۔

مجموعی اسکور میں ایک رنز کے اضافے کے بعد بابر اعظم بھی 46 رنز بناکر فیروگسن کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی تیسری وکٹ شعیب ملک کی گری جو 14 رنز بناکر فیروگسن کی گیند پر سودھی کو کیچ دے بیٹھے جب کہ کپتان سرفراز احمد 13 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

قومی ٹیم نے 41 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر ہدف پورا کرکے 3 میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی، گرین شرٹس کی نیوزی لینڈ کیخلاف ون ڈے میچز میں مسلسل 12 شکستوں کے بعد پہلی کامیابی ہے۔

قومی ٹیم کی جانب سے فخر زمان 88 اور بابر اعظم 46 رنز بناکر نمایاں رہے، کیویز کی جانب سے فیروگسن نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کے کپتان کین ولیمسن نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تو کولن منرو اور جارج وارکر نے اننگز کا آغاز کیا۔

پاکستانی بولرز کی نپی تلی بولنگ کے باعث 4 کیویز بلے باز 16 ویں اوور میں 73 رنز پر پویلین لوٹ گئے لیکن اس کے بعد راس ٹیلر اور ہنری نکولس کے درمیان 45 رنز کی اچھی شراکت قائم ہوئی۔

نیوزی لینڈ کے پانچویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نکولس تھے جو 33 رنز بنا کر حسن علی کی گیند پر بولڈ ہوئے۔

ایک طرف کیوی بلے بازوں کی وکٹیں گرنے کا سلسلہ جاری رہا لیکن دوسری جانب ان فارم راس ٹیلر نے ذمہ دارانہ بیٹنگ کا سلسہ جاری رکھا اور ٹیم کا اسکور آگے بڑھاتے رہے۔

نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنا سکی، راس ٹیلر 86 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے شاندار بولنگ کراتے ہوئے 38 رنز دیکر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جب کہ حسن علی کے حصے میں دو وکٹیں آئیں۔ محمد حفیظ اور شاداب خان نے بھی ایک ایک کھلاڑی کا شکار کیا۔

یاد رہے کہ تین میچز پر مشتمل سیریز کے پہلے میچ میں کیویز نے پاکستان کو 47 رنز سے شکست دی تھی۔

Facebook
Twitter
LinkedIn
Print
Email
WhatsApp

Never miss any important news. Subscribe to our newsletter.

مزید تحاریر

آئی بی سی فیس بک پرفالو کریں

تجزیے و تبصرے